
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبرایجنسی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے صدر
پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی ترقی یافتہ اقوام نے اپنی قومی زبان کو فوقیت دی، زبان قوموں کی شناخت ہوتی ہے، پاکستان میں اردو کے فروغ کےلئے مزید بہتر انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ”
خبر رساں ادارے سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے، ہمیں اس پر فخر کرنا چاہئے کیونکہ یہ ہماری شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین، جاپان، ترکی، روس سمیت دنیا بھر کے ممالک کی اقوام اپنی زبان پر فخر کرتے ہوئے کسی بھی فورم پر اپنی زبان میں بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اردو زبان کے فروغ کےلئے کافی کام ہوا لیکن جتنا ہونا چاہئے تھا اتنا نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو احساس کمتری سے باہر نکل کر اپنی قومی زبان اردو پر فخر کرنا چاہئے اور اس کے فروغ کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان و ادب کے فروغ کےلئے ہمیں علاقائی زبانوں پر کام کرنے والوں کی خدمات بھی لینی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی قومی زبان کے ساتھ انصاف نہیں کرتیں وہ اپنی شناخت کو متاثر کرتی ہیں۔




































