
کراچی(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد رعایت کا پرانا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ سندھ
ہائی کورٹ میں ا سکول فیسوں میں 20 فیصد رعایت کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
سندھ حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قانون میں ترمیم کر دی، نیا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ سکول فیس سے متعلق نئے رولز بنائے ہیں آرڈیننس آچکا ہے اور آرڈیننس منظوری کے لیے گورنر سندھ کو بھیجوا دیا۔
انہوں نے کہا کہ درخواست اب غیر موثر ہو چکی ہے ،جس کی وزیر اعلی سندھ کو سمری ارسال کی گئی تھی۔عدالت نے استفسار کیا کہ ڈی جی پرائیوٹ اسکولز بتائیں کس قانون کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا؟۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ ایک سینئر آفیسر ہیں کسی کو تنگ کرنے نہیں بیٹھے۔
ڈی جی پرائیوٹ اسکولز نے موقف دیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے کہنے پر فیس میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔عدالت نے استفسار کیا کہ حالات جیسے بھی ہوں وزیر اعلیٰ سندھ کنویں میں کودنے کا کہیں گے تو کود جاؤ گے؟ عدالت نے ڈی جی اسکولز کو تنبیہ کی کہ پہلے آپ کو اختیار نہیں تھا اب ملا ہے لہٰذا آئندہ خیال رکھیں۔
عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے بیان کے بعد درخواستیں نمٹا دیں۔ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے اسکولوں کو فیسوں میں 20 فیصد رعایت کرنے کا حکم دیا تھا۔پنجاب حکومت کی جانب سے بھی اسکولوں کو فیسوں میں 20 فیصد رعایت کا پابند کیا گیا ہے۔





































