
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات 2020ء کا انعقاد روکنے سے متعلق
ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو خارج کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ درخواست گزاروں نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے خلاف ہائیکورٹ کے دورکنی بینچ کے روبرو اپیل دائر کر رکھی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات 2020ء کی منسوخی کے لئے سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی گئی، دو رکنی بنچ نے اپیل نمٹاتے ہوہے سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن کو بھجوا دی۔ مسٹر شاہد وحید اور مسٹر جسٹس چوہدری محمد اقبال پر مشتمل بنچ نے میاں آصف ایڈووکیٹ کی وساطت سے اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حکومتی ایس او پی پر عمل درآمد کرتے ہوئے امتحانات لیے جائیں۔
درخواست گزار نے اپیل کی کہ کورنا کی وجہ سے تمام تعلیمی ادارے بند ہیں، تمام کوچنگ سنٹرز، لائبریریز اور اکیڈمیز سب بند ہیں،اس بنا پر سٹوڈنٹس کا تیاری کرنا ناممکن ہے،دوسرے شہروں سے امتحان دینے والے طلباء کو رہائش کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہر سال پی پی ایس سی یہ امتحانات دسمبر میں لیتا ہے، اس بار یہ امتحانات مقررہ وقت سے پہلے لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے،درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
عدالت مقررہ وقت سے پہلے ہونے والے انتخابات کو کینسل کرنے کا حکم دے۔عدالت ان امتحانات کو شیڈول کے مطابق دسمبر میں لینے کا حکم دے، جس پر لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے عدالت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کردی اور حکم دیا کہ مقابلے کا امتحان ہر صورت لیا جائے گا۔





































