
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی): ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کورونا کیسز مثبت آنے پر نمل یونیورسٹی کے ایک
ڈیپارٹمنٹ اور ہاسٹل، اسلام آباد کالج برائے خواتین ایف سکس ٹو اور دو نجی سکولوں کو سیل کرنے کے لئے مراسلہ جاری کر دیا۔ مراسلہ کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں کورونا کے چار مثبت کیسز آئے ہیں جس پر یونیورسٹی کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ اور ہاسٹل کو سیل کیا جائے اور فوری طور پر متعلقہ ڈیپارٹمنٹ اور ہاسٹل کے احاطہ کو بند کرکے ڈس انفیکشن کیا جائے۔
اسلام آباد کالج برائے خواتین ایف سکس ٹو میں کورونا کے تین مثبت کیسز آئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے سکول اور کالج کو بھی سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی ایٹ فور میں قائم نجی سکول میں کورونا کے تین مثبت کیسز جبکہ آئی نائن تھری میں واقع نجی سکول میں کورونا کے دو کیسز مثبت آئے ہیں۔ دونوں نجی سکولوں کو بھی سیل کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد ضعیم ضیا نے کہا کہ رینڈم ٹیسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، اسی دوران یہ کیسز سامنے آئے ہیں۔





































