
کراچی(تعلیم ڈیسک):جامعہ کراچی نے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جاری کردئیے، حتمی داخلہ فہرست26 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
شعبہ ویژول اسٹڈیز کی حتمی داخلہ فہرست بھی 26 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اخترکے مطابق تعلیمی سال 2022 کے ڈاکٹر آف فارمیسی،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی،بی ای،بی ایس اور بی ایڈ(آنرز) پروگرام کے لئے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔
طلبہ نتائج اپنے پورٹل پر دیکھ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ایسے طلباوطالبات جن کو تاحال انٹرمیڈیٹ کی مارکس شیٹ موصول نہیں ہوئی ان طلبہ کی سہولت کے پیش نظر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ہدایت پر داخلہ کمیٹی کی جانب سے طلبہ کے نتائج کی تصدیق کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کو خط ارسال کردیا گیا ہے تاکہ ان کے نتائج کو بھی حتمی داخلہ فہرست میں شامل کیا جاسکے اور اس کے ساتھ ساتھ حتمی داخلہ فہرست جاری کرنے کی تاریخ 19 دسمبر کے بجائے 26 دسمبر2021 کردی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سے مستفید ہوسکیں اورمیرٹ کی بنیاد پر جاری ہونے والی حتمی فہرست کا حصہ بن سکیں۔
علاوہ ازیں شعبہ ویژول اسٹڈیز کی داخلہ فہرست بھی اب 19 کے بجائے 26 دسمبر 2021 کو جاری کی جائے گی۔دریں اثنا اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں بھی 28 دسمبر 2021 تک توسیع کردی گئی ہے تاکہ داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں سے محروم رہ جانے والے طلبہ بروقت اوپن میرٹ کی بنیاد پر اپنا داخلہ فارم جمع کراسکیں۔




































