نزہت ریاض
بقرعید ہواور کلیجی نہ پکے ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا، بلکہ ہمارے گھروں کے مرد حضرات تو بقرعید کی صبح کچھ کھاتے ہی نہیں تاکہ کلیجی سےصحیح
طریقے سے انصاف کرسکیں ۔
میری ساری لکھاری بہنیں بقرعید کےحوالے سے اپنی تحاریر شئیرکر رہی ہیں تو میں نے سوچا کہ میں پکوان کی جانب توجہ مبذول کرا دوں تو آپ سب کی خدمت میں کلیجی پکانے کی ایک سادہ سی ترکیب پیش کررہی ہوں امید ہے أپ لوگوں کو پسندآئےگی۔
کلیجی بنانے کیلئے ہم درج ذیل اجزا لیں گے ۔
پیاز درمیانے سائز کی چار عدد
لہسن ادرک کا پیسٹ دو ٹیبل اسپون
پسی لال مرچ دو اسپون
پسا دھنیا دو اسپون
ہلدی ایک ٹی اسپون
نمک حسب ذائقہ
دہی ایک پاؤ
قصوری میتھی دو اسپون
کوکنگ آئل آدھا پاؤ
سب سے پہلے کلیجی کی بوٹیاں بالکل چھوٹی کرکے کاٹیں کیونکہ بڑی بوٹی سےاسمیل نکالنا مشکل ہوتا ہے۔
کلیجی پر تھوڑا سا لہسن پیسٹ مل دیں اور تھوڑا سا سرکہ بھی لگا کرچھوڑ دیں۔
پندرہ سے بیس منٹ بعد کلیجی کو اچھی طرح دھوکرچھلنی میں رکھ دیں تاکہ پانی اچھی طرح نکل جائے۔
لیموں ہرادھنیا ہری مرچ ادرک گارنشنگ کےلیے
کوکنگ آئل گرم کر کے اس میں پیاز گولڈن برأؤن کر لیں۔ یاد رہے پیاز ڈارک براؤن نہیں ہونی چاہیے ورنہ سالن کا کلرسیاہی مائل ہوجاتا ہے۔ پیاز براؤن ہوجائے تو اس میں کلیجی ڈال کر بھونیں ۔کلیجی کا رنگ چینج ہوجائے تو اس میں لہسن ادرک اور ہلدی ڈال کر مزید بھونیں کلیجی کی رنگت سفیدی مائل ہو جائے تو اس میں پسی مرچ ،پسا دھنیا شامل کریں اور تھوڑا سا مزید بھون لیں اب آپ کی کلیجی میں اسمیل رہ جانے کا کوئی خدشہ نہیں رہ جاتا اب تھوڑا سا پانی تقریباً أدھا گلاس ڈال کردرمیانی أنچ پر کلیجی گلنے کے لیےرکھ دیں ۔
پندرہ سے بیس منٹ میں کلیجی اچھی سی گل چکی ہوگی۔ اب اس وقت کلیجی میں نمک شامل کریں ۔یاد رہے کلیجی میں نمک ہمیشہ کلیجی گل جانے کے بعد شامل کریں ورنہ کلیجی ہارڈ ہو جائےگی اب دہی شامل کرکےبھونیں اور سب سے آخر میں قصوری میتھی شامل کریں۔ اگر شوربہ کرنا چاہیں تو أدھا گلاس پانی شامل کرکے دم پر رکھ دیں، تقریباً دس منٹ بعد مزیدار کلیجی تیار ہے لیموں ہرا دھنیا ہری مرچ اور ادرک سے گارنش کر کے پیش کریں اور اہل خانہ کی داد سمیٹیں۔