
یاسمین شوکت
دنیاایک ایسےنازک موڑپرکھڑی ہےجہاں مظلوم کی فریادکودبانےکےلیےطاقت کے تمام ہتھکنڈے استعمال ہو رہے ہیں، اور ظالم کو کھلی
چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ غزہ کے مظلوم عوام کے لیے امداد لے جانے والا ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ قافلہ بھی اسی سفاکی کی تازہ مثال بن گیا، جب اسے اسرائیلی بحریہ نے کھلے سمندر میں نشانہ بنایا اور درجنوں انسانی حقوق کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
یہ قافلہ 45 کشتیوں پر مشتمل تھاجس میں دنیا بھرکے 500 سےزائد انسانی حقوق کے کارکن،ارکان پارلیمنٹ،وکلا،صحافی،ماحولیاتی رضاکار اور فلاحی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔ ان میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت 6 پاکستانی بھی شامل تھے، جو فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی عملی مدد کے لیے نکلے تھے۔
قافلےکےساتھ فلسطینی بچوں،خواتین، اوربزرگوں کے لیےکھانےپینےکی اشیاء،ادویات اورروزمرہ استعمال کی چیزیں موجود تھیں۔ یہ ایک مکمل پرامن انسانی مشن تھا، جس کاواحد مقصد جنگ اور محاصرےکی چکی میں پسےہوئےعوام تک بنیادی امدادپہنچانا تھا۔
قافلہ جب غزہ کے ساحل سے 90 میل دوربین الاقوامی پانیوں میں داخل ہوا، تو اسرائیلی بحریہ نے بلا کسی پیشگی وارننگ کے اس کا محاصرہ کر لیا۔ مسلح فوجی کشتیوں پر سوار ہو گئے،کیمرے بند کر دیے،مواصلاتی نظام مفلوج کر دیا اور کارکنان کو زبردستی حراست میں لے لیا۔
یہ سب کچھ ایک ایسی ریاست کی جانب سے ہواجوخود کو ’’واحد جمہوریت‘‘ کہلاتی ہےلیکن جس کے ہاتھ فلسطینی خون سےرنگے ہیں۔ فلوٹیلا پر حملہ کوئی نئی بات نہیں، لیکن یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل اب صرف زمین پر ہی نہیں، سمندر اور انسانی ضمیر پر بھی قبضہ چاہتا ہے۔
اسرائیلی فورسزنےقافلےکےمتعدد کارکنوں کوگرفتار کرکےاشدود کی بندرگاہ پر منتقل کردیا،جن میں گریٹا تھنبرگ جیسی عالمی شخصیات بھی شامل ہیں۔ پاکستانی رہنما مشتاق احمد خان اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری نےپاکستان میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی۔ ان کارکنوں کا ’’جرم‘‘ صرف اتنا تھا کہ وہ بھوکوں کو روٹی، زخمیوں کو دوا اور بے گھر لوگوں کو سہارادینا چاہتےتھے۔
اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج شروع ہو چکا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیمیں، سول سوسائٹی، فلاحی ادارے اور عام عوام سڑکوں پر ہیں۔ اٹلی کی سب سے بڑی مزدور یونین نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جبکہ کئی ممالک کی پارلیمانوں میں اس واقعے پر بحث ہو رہی ہے۔
لیکن سوال یہ ہے؟کیا صرف احتجاج کافی ہے؟کیا اقوامِ متحدہ، یورپی یونین،اسلامی ممالک اوردیگربااثرادارے صرف مذمتی بیانات تک محدود رہیں گے؟ اگر عالمی ادارے واقعی انصاف کےدعوے دار ہیں تو اب وقت ہےکہ اسرائیل کو اس کے مظالم پر جواب دہ بنایا جائے۔
فلوٹیلا پرحملہ ایک قافلے کو روکنےکی کوشش ہے لیکن یہ قافلہ صرف کشتیوں کا نام نہیں۔ یہ ایک نظریہ ہے،ایک تحریک ہے — مظلوموں کے لیے انصاف، انسانی ہمدردی کی جیت، اور طاقت کے خلاف ضمیر کی بیداری کی تحریک۔
صمود فلوٹیلا کے کارکن اس وقت اسرائیلی حراست میں ہیں،مگر ان کا پیغام پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔وہ پیغام جو ظلم کے اندھیروں میں امید کی شمع بن کر ابھرا ہے: کہ "ظلم کو جتنا بھی طاقتور بنا دو، ایک دن سچ ضرور غالب آئے گا۔"



































