
یاسمین شوکت
ایک وقت تھا جب "طلاق" کا لفظ سن کر دل دہل جایا کرتا تھا۔معاشرتی شرمندگی، بچوں کامستقبل اورخاندانی وقارسب کچھ داؤپرلگ جاتا تھامگرافسوس،
آج یہی طلاق ایک عام اورروزمرہ کامسئلہ بن چکی ہے۔پاکستان کی عدالتوں میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں طلاق اور خلع کے کیسز دائر ہو رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ہم ایک خوشحال ازدواجی زندگی کے تصورسے اتنے دور کیوں ہو گئے ہیں؟
آج کی نوجوان نسل شادی کو صرف ایک سماجی رسم یا وقتی خواہش سمجھتی ہے،نہ کہ ایک مقدس بندھن۔میڈیااورسوشل میڈیا نےمحبت اورازدواجی زندگی کی ایسی خیالی دنیا دکھا دی ہے جہاں برداشت، قربانی اورسمجھوتے کی کوئی گنجائش نہیں۔ جب حقیقت سامنے آتی ہے تو سب کچھ بکھر جاتا ہےاور خواب ریزہ ریزہ ہو جاتے ہیں ۔
معاشی مسائل، خاندانی مداخلت، بےروزگاری،عدم برداشت، اور مذہبی واخلاقی تعلیمات سےدوری اس المیے کو مزید گہراکررہی ہیں۔افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اب طلاق صرف بڑے شہروں کا مسئلہ نہیں رہا، چھوٹے قصبوں اور دیہات میں بھی وبا کی صورت پھیل چکی ہے۔اس المیے کا سب سے بڑا نقصان ہمارے بچوں کو ہو رہا ہے جو ٹوٹے ہوئے گھروں میں پلتے ہیں، محرومی اور نفسیاتی دباؤ کے ساتھ پروان چڑھتے ہیں اور کئی بار خود یہی دائرہ دہراتے ہیں۔
اب وقت آ گیا ہے کہ ہم صرف الزام تراشی کے بجائے خود احتسابی کریں۔ہمیں نوجوانوں کوشادی سےپہلےزندگی کی اصل حقیقتوں سےآگاہ کرنا ہوگا۔ان میں برداشت کا رویہ پروان چڑھانا ہوگا ، سوشل میڈیا پر دکھائے جانے والے خوابوں سے نکل کر، رشتوں کو سنبھالنے کی حقیقی تربیت دینی ہوگی۔
عدم برداشت، سوشل میڈیا، خاندانی مداخلت، اور جذباتی ناپختگی میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،خوشحال گھرانوں میں اپنوں کی مداخلت روکنی ہوگی اور اس مداخلت کو سمجھنا ہوگا ۔وہ رشتے جومیاں بیوی کے رشتے توڑنےکا سبب بنتے ہیں انہیں اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ اللہ ان کے ہرعمل کو دیکھ رہا ہے اور وہ اللہ کی پکڑ سے نہیں بچ سکیں گے ۔
آج کے معاشرے میں ایک عجیب وغریب مسئلہ بھی درپیش ہے کہ پچیس ،پچیس سال بعد طلاقیں ہو رہی ہیں ،بچے جوان ہو جاتے ہیں ،بعض عورتیں سسرالیوں اور شوہر کی خدمت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھتیں ،پھر بھی ان کے گلے میں طلاق کا طوق ڈال دیا جاتا ہے ،پھر یہ عورتیں بے کسی اور مجبوری کی تصویر بن جاتی ہیں ،بعض خواتین اس ظلم کو برداشت کرنے کے باوجود عزم وہمت کا پیکر بن جاتی ہیں ۔اللہ نے ایسی عورتوں کیلئے انصاف مقرر کیا ہوا ہے ،جن پر ناحق ظلم کیا جائے ،یقننا ً ہر چیز کا حساب روز آخر ہوگا ۔
یاد رکھیں، مضبوط خاندان ہی ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہوتے ہیں۔ اگر ہم نے اپنی خاندانی اقدار کونہ سنبھالا تویہ طلاق کاطوفان ہماری نسلوں کو بہا لے جائے گا۔



































