
یاسمین شوکت
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیادہوتی ہے،وہ قومیں جو تعلیم کو اہمیت دیتی ہیں، ترقی کی راہوں پر گامزن ہو جاتی ہیں جب کہ تعلیم سے غفلت برتنے والی
اقوام پسماندگی کا شکار ہو جاتی ہیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہےکہ پاکستان کا موجودہ تعلیمی نظام تباہ حالی کا شکار ہے، اگرچہ ملک میں جگہ جگہ اسکول قائم ہیں لیکن ان میں نہ معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہےاورنہ ہی اساتذہ میں وہ صلاحیت ہے جو بچوں کو ایک کامیاب، باکردار اور باصلاحیت شہری بنا سکیں۔
پاکستان میں تعلیمی اداروں کی کمی نہیں مگران اداروں کامعیاردن بہ دن گرتاجارہا ہے۔دیہی علاقوں میں اکثر اسکول صرف کاغذوں میں موجود ہیں جب کہ شہری علاقوں کے بیشتر سرکاری اسکول بنیادی سہولتوں سےبھی محروم ہیں۔ کلاس رومزخستہ حال، فرنیچر ناکافی، اور پینے کے صاف پانی جیسی سہولیات کا فقدان ہے۔
اساتذہ کسی بھی تعلیمی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، مگر بدقسمتی سےپاکستان میں اکثراساتذہ کونہ تومناسب تربیت دی جاتی ہےاورنہ ہی ان کی کارکردگی سے متعلق کوئی نگرانی کی جاتی ہے۔ بہت سے اساتذہ محض نوکری حاصل کرنے کے بعد تدریسی ذمہ داریوں سے غافل ہو جاتے ہیں۔ ایسے میں طلبہ کی تعلیمی ترقی ایک خواب بن کر رہ جاتی ہے۔ تعلیمی اداروں میں انتہائی قلیل تنخواہوں پر میٹرک ،انٹر پاس ٹیچرز کو رکھ لیا جاتا ہے ،جن کا نہ تو مطالعہ ہوتا ہے نہ ہی ان کی ٹیچرٹریننگ ۔
ہمارے ملک کا نصاب تعلیم بھی فرسودہ اور یکساں نہیں،پرائیویٹ وسرکاری اسکولوں اور مدرسوں میں بالکل مختلف نصاب پڑھایا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں معاشرے میں طبقاتی تفریق پیدا ہو رہی ہے۔ ایک ہی ملک کے بچے مختلف نظریات، سوچ اورصلاحیتوں کے ساتھ پروان چڑھتے ہیں، جو قومی اتحاد کے لیے نامناسب ہے۔
موجودہ دور میں دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے،نئی ٹیکنالوجی، سائنسی ایجادات، اور ڈیجیٹل تعلیم کےمیدان میں انقلاب آچکاہےمگرپاکستان کا تعلیمی نظام ابھی تک پرانے روایتی طریقوں پر قائم ہے۔ طلبہ کو صرف رٹہ لگانے کی ترغیب دی جاتی ہے، جب کہ تخلیقی سوچ، تنقیدی جائزہ لینے کی صلاحیت اور عملی مہارتوں پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔
اگر ہم واقعی اپنے ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں فوری طور پر اپنے تعلیمی نظام میں بنیادی اصلاحات کرنا ہوں گی۔ اسکولوں میں معیاری تعلیم، جدید سہولیات، تربیت یافتہ اساتذہ، اور یکساں نصاب تعلیم کو یقینی بنانا ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی بجٹ میں اضافہ، کرپشن کا خاتمہ اور تعلیم کو ہر بچے کا بنیادی حق سمجھتے ہوئے سنجیدگی سے اقدامات کرنے ہوں گے۔
ملک میں تعلیم بہت مہنگی ہے ،کتابیں والدین کی قوت خرید سے باہر ہیں ،حکومت کو چاہیے کہ میٹرک تک کی تعلیم چاہے ووسرکاری اسکولوں میں ہویا غیرسرکاری فری کی جائے ،یونیورسٹیز کی فیسیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ،تعلیم کو ہر سطح پر سستا کیا جائے ،اس ضمن میں نجی اسکولوں کی بھی مشروط حوصلہ افزائی کی جائے ۔
پاکستان کا موجودہ تعلیمی نظام ایک سنجیدہ بحران کا شکار ہے۔ اگر اس کی اصلاح کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو ہمارا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے، ہمیں بطور قوم یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ تعلیم کو اولین ترجیح دینی ہے تاکہ ہم ایک ترقی یافتہ، مہذب اور باوقار قوم بن سکیں۔



































