
یاسمین شوکت
ادب کی دنیا میں بعض کتابیں صرف الفاظ کا مجموعہ نہیں ہوتیں بلکہ احساس، جذبے اور محنت کا استعارہ بن جاتی ہیں۔ سینئر
صحافی، ادیب اور بانیِ رنگ نو زین صدیقی کی تازہ ترین کاوش ’’بولتی تحریریں آگئی‘‘ یہ ایسی ایک منفرد کتاب ہے جسے ادبی دنیا میں ایک خوبصورت اضافہ قرار دیا جا رہی ہے۔
یہ کتاب دراصل ادارہ رنگ نو کی دوسری ادبی پیشکش ہے، جسےرنگ نوپبلیکیشنز پاکستان کے زیرِ اہتمام شائع کیا گیا ہے۔ زین صدیقی نے اسے نہایت محنت، محبت اور عرق ریزی سے مرتب کیا ہے۔ اس میں رنگ نو کے پلیٹ فارم سے وابستہ ممتاز قلم کاروں کی 85 منتخب اور معیاری تحریریں شامل ہیں جو ادب کے مختلف رنگ اور انسانی احساسات کے مختلف زاویے پیش کرتی ہیں۔
کتاب کے پیش لفظ میں زین صدیقی نے اپنی تحریر کے ذریعے اس سفر کی کہانی بیان کی ہے کہ کس طرح ’’رنگ نو‘‘ نے قلم کاروں کو ایک ادبی گھرانے کی شکل دی، جہاں ہر لکھنے والا اپنی سوچ، احساس اور جذبے کے رنگ بکھیرتا ہے۔ زین صدیقی نے اس کتاب کو حضرت محمد عربی ﷺ کے نام معنون کیا ہے، جو اُن کے عشقِ رسولؐ اور روحانی وابستگی کا مظہر ہے۔
کتاب میں شامل قلم کاروں میں افروز عنایت، نگہت سلطانہ، نگہت پروین، اسما معظم ،ثروت اقبال ، نگہت فرمان، عظمیٰ پروین، روزینہ خورشید، عالیہ رؤف، سعدیہ عمیر، عامر صدیقی، ضیاء الرحمن غیور، ام حسن، عائشہ بی سمیت ملک بھر کے دیگر ادیب شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اپنے موضوعات پر نہایت خوبصورتی سے قلم اٹھایا ہے۔ ان تحریروں میں زندگی کے تلخ و شیریں تجربات، معاشرتی مشاہدات، احساسات کی نزاکت اور انسانی رشتوں کی گرمی محسوس کی جا سکتی ہے۔
کتاب میں پروفیسر خیال آفاقی (ممتاز ادیب و شاعر)، سعید حسن قادری (سرپرستِ اعلیٰ رنگ نو) اور ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر (شاعر، محقق و نقاد) کے خوبصورت تاثرات بھی شامل ہیں۔ ان اہلِ قلم نے ’’بولتی تحریریں ‘‘ کو ادب میں ایک اہم اور سنجیدہ اضافہ قرار دیتے ہوئے زین صدیقی کی کاوش کو سراہا ہے۔یہ کتاب صرف رنگ نو کے پلیٹ فارم کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے ادبی منظرنامے میں ایک قیمتی اثاثہ ہے، اس کا بنیادی مقصد نئے اور تجربہ کار قلم کاروں کی تحریروں کو کتابی صورت میں محفوظ کر کے اُن کے کام کو ہمیشہ کے لیے یادگار بنانا ہے۔
زین صدیقی کی یہ کوشش دراصل اُن کی اس دیرینہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے کہ ادب زندہ رہتا ہے تو صرف قلم کاروں کے خلوص، جذبے اور مسلسل محنت سے۔ ’’بولتی تحریریں ‘‘ اسی عزم کی عملی تصویر ہے — ایک ایسی کتاب جو آنے والے وقتوں میں بھی رنگ نو اور اس کے قلم کاروں کے لیے ایک روشن حوالہ بن کر یاد رکھی جائے گی۔یہی نہیں رنگ نو نے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کے عمل کو برقرار رکھتے ہوئے ماہ دسمبر میں بچوں کی کہانیوں کی کتان لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو تیاری کے مراحل میں ہے ۔



































