
یاسمین صدیقی
پاکستان آج ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہےجہاں گھروں کی بنیادیں لرز رہی ہیں، رشتوں کے ستون کمزور پڑ رہے ہیں اور ازدواجی
زندگی کا وہ سکون جسے کبھی “اللہ کی نعمت” کہا جاتا تھا، اب پُرامید نہیں بلکہ پرخطر محسوس ہونے لگا ہے ،ماضی میں خُلا جو کبھی بہت کم استعمال ہونے والا حق تھا ،آج ہمارے معاشرے میں ایک تیزی سے پھیلتا ہوا رجحان بن چکا ہے۔2021 سے لے کر اب تک خُلا کے کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور یہ اضافہ محض اعداد وشمار کی صورت میں نہیں بلکہ پوری قوم کے بدلتے مزاج، بدلتی سوچ اور بگڑتی معاشرتی قدروں کی حقیقی تصویر ہے۔
گزشتہ چند سال میں خُلا کے رجحان میں ناقابلِ یقین اضافہ ہوا ہے۔
صرف لاہور میں اس کا رجحان دیکھا جائے تو2021 میں لاہور میں تقریباً 11 ہزار خُلا کے سرٹیفکیٹس جاری ہوئے۔2024 آتے آتے یہی تعداد 16 ہزار سے آگے بڑھ گئی۔کراچی میں سن 2020 تقریباً 5,845 خُلا و طلاق کے کیسز تھے۔2024 تک یہ تعداد 11 ہزار سے زیادہ ہو گئی ,یعنی صرف چار سال میں دوگنا اضافہ ہوا ہے ۔
سندھ بھر میں 2021 میں سندھ میں تقریباً 15,950 خواتین نے خُلا کے لیے کیسز دائر کیے۔یہ سب نمبرزصرف ایک بات ثابت کرتے ہیں:
خُلا اب استثنائی نہیں رہا،معمول بنتا جا رہا ہے۔
خُلا کے کیسز کیوں بڑھ رہے ہیں ؟ درد بھری اصل وجوہات کیا ہیں :
گھریلو تشدد — خلا کی سب سے بڑی وجہ
اکثر کیسز میں عورتیں جسمانی و ذہنی تشدد سے تنگ آ کر خُلا لیتی ہیں۔بہت سی رپورٹس کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ اکثر خُلا کیسز میں تشدد بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
مہنگائی اور معاشی مشکلات
بڑھتی ہوئی مہنگائی گھروں کا سکون چھین رہی ہے۔بے روزگاری، تنخواہوں میں کمی، اور مالی عدم استحکام میاں بیوی میں تنازعات پیدا کر رہے ہیں۔
خاندانی مداخلت
ساس بہو کے جھگڑے، خاندان کا دباؤ، بہن بھائیوں کی انا،یہ سب چھوٹے گھروں کو بڑی جنگوں میں بدل دیتے ہیں اور نتائج نہایت ہی تلخ نکلتے ہیں ۔
مزاج اور سوچ کا ٹکراؤ
عدم برداشت، ضد، انا پرستی، بات چیت کا فقدان بھی اس کی بڑی وجہ ہے جس سے میاں بیوی کے رستے میں نہ صرف تناؤ پیدا ہوتا ہے اوربات طلاق یا خلا تک پہنچ جاتی ہے ۔یہ تناؤ دلوں کو دور اور عدالتوں کو قریب کر دیتا ہے ۔
نشہ اور غیر ذمہ داری
شوہر کی بے راہ روی، نشہ، جوا، والدین و بچوں کی ذمہ داری نہ نبھانا،یہ بھی خُلا کی بڑھتی ہوئی وجوہات میں شامل ہے۔
ٹیکنالوجی اور بے وفائی
سوشل میڈیا، غیر اخلاقی تعلقات، موبائل کے ذریعے بے وفائی،یہ سب رشتوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔
خواتین میں قانونی آگاہی کا اضافہ
آج کی عورت ظلم برداشت کرنا فرض نہیں سمجھتی،وہ اپنے حقوق جانتی ہے، عدالت سے رجوع کرتی ہے اور خُلا کو آخری راستہ سمجھ کر اختیار کرتی ہے۔
مرد اور عورت کی کتنی غلطی؟ — ایک حقیقت پسندانہ جائزہ
قومی سطح کا اس حوالے سے کوئی شرح دستیاب نہیں، مگر دستیاب رپورٹس اور عدالتوں کے کیسز کا تجزیہ ایک واضح تصویر دکھاتا ہے،مجموعی طور پر اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ تقریباًباً 70فیصدکیسز میں مرد کی غلطی زیادہ پائی جاتی ہے،(تشدد، نشہ، غیرذمہ داری، بے وفائی، مالی بدانتظامی)تقریباً 30فیصد کیسز میں عورت کی غلطی یا باہمی غلط فہمیاں شامل ہوتی ہیں۔
یہ سب کیا ثابت کرتا ہے؟کہ پاکستان کا خاندانی نظام خطرے میں ہےاور اس خطرے کی جڑ صرف ایک صنف نہیں ہماراا پورا معاشرہ ہے۔ہم نے محبت کی جگہ انا رکھ دی،برداشت کی جگہ غصہ،گفتگو کی جگہ خاموشیاور ذمہ داری کی جگہ خواہشات۔اسی لیے خُلا کی شرح بڑھ رہی ہے،اسی لیے گھر ٹوٹ رہے ہیںاور اسی لیے بچے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
خُلا بذاتِ خود بُری چیز نہیں۔ یہ ایک ضرورت ہے،لیکن اس کا بڑھ جانا خطرے کی گھنٹی ہے۔یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں گھروں میں برداشت بڑھانی ہوگی۔رشتوں کو بچانے کی کوشش کرنا ہوگی۔مرد و عورت دونوں کو ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی اور معاشرے کو عورت کے فیصلے کو بدنامی نہیں، انسانیت کی نظر سے دیکھنا ہوگا،اگر ہم آج نہیں سنبھلےتو کل گھر، خاندان، اور معاشرسب کچھ ہاتھ سے نکل جائے گا۔



































