
کٹہرا /ایم آر ملک
ایک جنونی طالبعلم کے ہاتھوں روحانی باپ کا قتل ہوئے کئی روز گزر چکے مگر ذہن میں کئی سوالات کا ریشم ابھی تک الجھا ہوا ہے ۔کیایہ تنگ نظری ،عدم رواداری کی
ہمارے معاشرتی کینوس پر پھیلی ایک ایسی تصویر ہے جس کے چہرے پر پڑی خراشوں کو ریز کرنا ناممکن ہے ؟اس قتل کا محرک عدم برداشت کی وہ دیوار ہے جو ہمارے رویوں کی اینٹوں سے تسلسل کے ساتھ روز بروز اونچی ہوتی جارہی ہے
کیا مسلکی تفریق نے ایک طالب علم کی برین واشنگ میں اہم کردار ادا کیا جو جنونیت کی اس انتہا پر جاکھڑا ہوا جہاں سے اس کی واپسی ناممکن ہوئی وہ اپنے کلاس فیلوز تک سے برملا کہا کرتا کہ فلاں مولانا کے فتویٰ پر ہنسنا حرام ہے۔رواداری انسان کی عظمت کے اعتراف کو مساویانہ طرز پر پیش کرنے کا نام ہے یہ وہ جذبہ ہے جو تعصب سے پھوٹتی نفرت سے سماج میں پھیلنے والے تشدد کے ابھار کا قلع قمع کرتا ہے ایک سوال یہ اٹھتا ہے کہ وسعت قلبی جس کا وجود معاشرے کی دیواریں کھڑی کرتا ہے تعلیم کے بغیر ناممکن ہے ؟
خطیب حسین تو ایس ای کالج بہاولپور میں پانچویں سمسٹر کا طالب علم تھا علم کی ان بلند سیڑھیوں پر کھڑے ہو کر بھی وہ وسعت قلبی کا نمونہ کیوں نہ بن سکا ؟ایک روحانی باپ کے قتل سے ایک روز قبل ایس ای کالج بہاولپور کی دیواروں پر لگے اشتہارات کی مشتعل تحریریں کہ ”انگلش ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی پارٹی کنجر خانہ ہے “
”یہاں فحاشی ہوتی ہے“
”یہاں یورپین کلچر لایا جارہا ہے یہ اسلام کے منافی ہے “
خطیب حسین کے ذہن کی عکاسی کر رہی تھیں یہ تو واضح ہے کہ اس کے ذہن کو ریموٹ کے ذریعے چلایا جارہا تھا جس کی بعد میں تحقیق اور تصدیق ہوئی کہ یہ ریموٹجنوبی پنجاب کی ایک معروف خانقاہ کے سجادہ نشین کے ہاتھ میں تھا جو اس سارے سکرپٹ کا ہدایت کار تھا یہ برین واشنگ کا ہی اثر تھا کہ خطیب حسین کی دوسرے کلاس فیلوز پر اپنے رائے مسلط کرنے کی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کی ناکامی نے اسے انتہائی سفاک قدم پر اکسایا ۔
ایک ایسا نظریہ شدت پسند اور نان ا سٹیٹ ایکٹرز نے اس کے ذہن میں اس طرح بٹھایا جس پر عمل پیرا ہوکر وہ احساس تفاخر میں مبتلا ہوگیا اپنے اوپر مسلط شدہ مسلکی عقیدے کو زک لگتی دیکھ کر وہ ایک ایسے روحانی باپ کا قتل کرنے کے درپے ہو گیا جس کا ماضی کسی طرح بھی اس کے خیالات کی نفی نہیں کرتا تھا ۔
13اپریل 2017کو عبدالولی خان یونیورسٹی کا طالب علم مشال بھی ایک پرتشدد نظریے اور ذہنی خلفشار کی رو میں بہہ گیا قتل کے ان دونوں واقعات میں مقتولین میں ایک قدر مشترک ہے وہ اس سے لاعلم رہے کہ انہیں کس جرم میں سانسوں سے محروم کرنے کی سزا دی جارہی ہے ۔
ہم عدم رواداری کے اس سماج میں سانس لینے کے مجرم ہیں جہاںکسی بھی مسلک کے شدت پسندانہ عقائد کو نہ ماننے پر تضادات کا جنم ہوتا ہے ایک پیروکار اپنے شدت پسندانہ عقائد کو جو کسی مخصوص مذہبی مسلک سے جڑے ہوتے ہیں جب مسترد ہوتے دیکھتا ہے تو اس کے ذہن میں چڑھنے والا پرتشدد رویہ اسے اپنی گرفت میں لیکر انتہائی اقدام پر مجبور کردیتا ہے ۔
استاد اور شاگرد کا رشتہ ایک سماجی بندھن ہے استاد کی حیثیت ہمارے معاشرے میں ہمیشہ گھر کے ایک بزرگ اور قابل احترام فرد کے طور پر رہی ہے لیکن بہاولپور کے واقعہ میں ایسی سنگینی نے کیوں جنم لیا کہ ایک شاگرد نے سماجی بندھن تک کو توڑ ڈالا؟
یہ ایک الگ سوال ہے کہ اس نہج کا خمیر کہاں سے اُٹھا ؟عدم رواداری کو اس قدر فروغ کیوں ملا ؟80کی دہائی کی خرافات کے ذکر کے بغیر ہماری یہ بحث ادھوری ہے موخرالذکر دو سوالات کا جواب تلاشنا اس ذکر کے بغیر ناممکن ہے یہ وہ دہائی تھی جب مسلک آمنے سامنے آکھڑے ہوئے لسانیت ،فرقہ واریت ،مذہبی منافرت نے ہماری اخلاقی اقدار تک کو پاش پاش کیا ایک مسلک نے دوسرے مسلک کے خلاف خوب ہرزہ سرائی کی جس کا شکار محروم طبقات ہوئے فرقہ واریت کا یہی معاشرتی بگاڑ ہے جس کاریشم تین دہائیوں بعد بھی سلجھنے میں نہیں آرہا ۔
یہ ایک جنونی کیفیت ہے جس کی بھینٹ معصوم اور بے گناہ افراد چڑھ رہے ہیں کیونکہ اس انتہائی کیفیت میں مبتلا فرد اپنے عقیدے اور مسلک کو اس حد تک درست سمجھتا ہے کہ وہ دیگر مسالک کو باطل تصور کرتا ہے یہی فکری اور نظریاتی پسماندگی ہے جو ہماری اس بحث کا ماحصل ہے
بہاولپور جیسے واقعات کا تدارک بھلا کیسے ممکن ہے ؟اس سوال کا کھوج لگانا تب ہی ممکن ہے جب ہم مکالمے کی افادیت پر کھڑے ہوں گے ۔کثیر مسلکی نظریات کے مابین تفاوت اور نفرت کے احساسات کے قلع قمع کیلئے مکالمہ ایک بنیادی عنصر کے طور پر عصر حاضر کا تقاضاہے ہمارے مکالمے کی روایت دم توڑ چکی ہے تنگ نظری ،مذہبی حریفوں سے نفرت کے خول کو توڑنے کیلئے ضروری ہے ہم کالجوں ،یونیورسٹیوں و دیگر فورمز پر مکالمے کی روایت کو زندہ کریں جس خطہ کے ہم باسی ہیں وہ رواداری کی طویل تاریخ رکھتا ہے



































