
عالیہ زاہد بھٹی
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام ایک انچ زمین کا ٹکڑا بھی اہل کفار کو فروخت نہ کرنے کا عزم کیے جانیں نچھاور کرتے رہے اور یہاں لاکھوں عصمتیں گنوا کر لاکھوں گردنیں کٹا کر 14 اگست 1947کو جو ملک لیا اسے 16 دسمبر 1971 میں آدھا گنوا دیا یہ کہہ کر کہ
یہ زمین مقدس، رب کی دین نہیں!!!!؟
یہ میرا فرقہ نہیں،عقیدہ نہیں
میری جاگیر ہے ؟
جسے جب چاہوں لٹا دوں
جب کہوں گرا دوں
جو کہے باطل تو خوں بھی اس پر بہادوں ؟؟
نام اللہ کا چلے نا چلے
سکہ میرا اس پر چلتا رہے
ادھر کو ہو جاؤ تم
ادھر کو ہو جائیں ہم
آؤ اس نعرے پہ دروبام ہلادیں!!!
جو کہے طاغوت، تو فصیل شہر گرا دیں
(عالیہ زاہد بھٹی)
اورجب دروبام ہلا کر،فصیل شہرگرا کر ادھر تم ادھر ہم کے نعرے لگا کر رگ جاں کو قلب سے ہٹا کرجگر کے ٹکڑے کر دئیے چین پھر بھی نہ آیا ادھر مشرق کی انتہا پر نظریہِ پاکستان پر جان لٹانے والوں کو دار پر لٹکا کر خونچکاں داستان رقم کی گئ تو ادھر مغرب کی انتہا پر نظریہِ پاکستان کو سمندر برد کرنے کی ہرزہ سرائیاں گونجتی رہیں کبھی کراچی لہو رنگ ہوا تو کبھی وزیرستان کی زمیں نے لہو پیا اور اس لہو کے خراج کے لئے باطل کے خلاف صف آراء ہوئے تو 16 دسمبر 2014 میں ہمارے گلشن کے پھولوں کو مسل کر ہمیں دھمکایا گیا اب بھی بلوچستان میں خونیں جھکڑ روکنے کی پاداش میں جامعہ کراچی میں چینی اساتذہ پر خودکش حملہ کر کےڈرانے کی کوشش کی گئی ہے
مگر آج کے دن تاریخ کے جھروکوں سے سلطان عبد الحمید کےاس کردار نے جذبوں کو مہمیز دے کر یہ سوچنے پرمجبور کر دیا کہ حق پر ڈٹنے والے مختصر ہی کیوں نہ ہوں ہمیشہ مضبوط رہتے ہیں
شاعر کے اس بیان کے مطابق کہ
امیدوں کے سمندر میں
تلاطم آتے رہتے ہیں
سفینے ڈوبتے بھی ہیں
سفر لیکن نہیں رکتا
مسافر ٹوٹ جاتے ہیں
مگر ملاح نہیں تھکتا
سفر طے ہو کے رہتا ہے
کبھی مایوس مت ہونا
( ماخوذ)
آج کی صبح امید بھی یہی نوید لائی ہے کہ یہ سفر حق گوئی و حق شناسی کا سفر ہے رب العالمین حق کے تمام تر چاہنے والوں کے ساتھ ہے یہ مصائب یہ مشکلات یہ معاملات سب کچھ اس لیے درپیش ہوتے ہیں کہ ہمیں سکھائیں،سمجھائیں تاریخ سے سبق حاصل کر کے حق کے راستے کا انتخاب کرنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے آج 16 دسمبر کو اپنے عزم نو کے دئیے جلائیں اور باطل کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں یقین جانیے ایک روشن اور سنہری صبح آپ کی منتظر ہے۔


































