
حریم شفیق
گھنٹی کی آواز سن کرمسز مراد نے دروازے کھولا تو سامنےایک ملگجے سےحلیےوالےمزدور کو کھڑا پایا۔انھوں نے سوالیہ نظروں سے اسے دیکھا ۔
وہ کچھ تذبذب کا شکار تھا ۔مسز مراد نے جھنجھلائےانداز میں کہا کہ تپتی دوپہر میں دروازے بجایا ہے تو کچھ بولو بھی؟مزدور نے خشک ہوتے لبوں پہ زبان پھیری اور ہچکچاتے ہوئے پانی کی بوتل مانگی۔مسز مراد نے غصے سے اسے گھورا اور رکنے کا کہہ کر اندر چلی گئیں پانی کی بوتل دیتے ہوئے جتایا کہ شرم کرو کچھ رمضان کا ہی خیال کر لو روزہ نہیں رکھتے تو سر عام کھانے پینے سے تو رکو(حالانکہ کھانے کی تو بات ہی نہ کی تھی بیچارے نے)سر جھکا کر چل دیا ۔۔۔
افطار میں ابھی کچھ وقت باقی تھا اورآج جلد افطاری تیا کرلی تھی مسز مراد نے سوچا باہر کیاری میں لگےپودوں کا جائزہ ہی لے لوں اور ساتھ ساتھ ازکار بھی کر لیں گی۔۔۔سامنے گھربن رہا تھا وہی مزدور پانی کی وہی بوتل سامنے رکھے روزہ افطار کرنے بیٹھا تھا۔۔۔تو کیا اس نے پانی کی بوتل افطاری کے لیے مانگی تھی؟وہ پشیمان ہوئیں جھٹ اندر گئیں اور ٹرے نکال کر پلیٹ میں پکوڑے ،سموسے ،چاٹ ڈالی اور چھوٹے جگ میں شربت بھی اور ملازم کو ٹرے پکڑایا کہ سامنے مزدور بیٹھا ہے اسے افطاری دے آؤ ۔۔۔مزدور نے شکریہ کہا اور دو آنسو اس کی آنکھ سے نکل کر اس کے چہرے کو تر کر گئے ۔۔۔
مسز مراد کو شرمندگی ہوئی کہ اسے کیا کچھ نہ سنا ڈالا تھا انھوں نے۔۔۔انھوں نے کچھ سوچا اورمطمئن ہو کر مسکرا دیں۔۔۔۔
افطاری کے بعد ان کے گھرسوسائٹی کی سب خواتین مرد حضرات کو مسجد کی طرف روانہ کر کے جمع ہوتیں اور تراویح ادا کرتیں ذکر اذکار کیے جاتے تھے۔۔۔آج انھیں ان سے کچھ خاص بات کرنی تھی سو انھوں نے ان سب کو حدیث سنائی
زيد بن ثابت رضي اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہيں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا
( جس نے کسی روزہ دار کوافطاری کروائي اسے بھی اتنا ہی اجر وثواب حاصل ہوگا اورروزہ دار کے اجر وثواب میں سے کچھ بھی کمی نہيں ہوتی ) یہ حدیث سن کر سب خواتین نے سوالیہ نظروں سے مسز مراد کو دیکھا تو انھوں نے کہا۔"پیاری بہنو ہم ہر رمضان افطار پارٹیز رکھتے ہیں یہ کوئ بری بات نہیں خاندان کو جوڑ کر رکھنے کے لیے اچھا ہے مگر ہمیں ان لوگوں کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے جو افطار کے وقت بھی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے بھوکے رہتے ہیں ہماری سوسائٹی میں نۓ گھر بن رہے ہیں جن میں بہت سے مزدور کام کرتے ہیں تو کیوں نہ ہم ان کی افطاری کا بندوبست کریں اس کے لیے میرے ذہن میں ایک آئیڈیا ہے کہ ہم سوسائٹی کے مین پارک میں دسترخوان بچھا دیں گے جس جس کے گھر میں سہولت کے ساتھ جو پکا ہو لاکر رکھ دے گا شربت بھی رکھ سکتے ہیں کیا خیال ہے آپ سب کا؟" واہ مسز مراد آپ ہر بار انوکھی بات کرتی ہیں ہم سب آپ کا ساتھ دیں گے ان شاءاللہ ۔۔۔سب خواتین پرجوش تھیں اور اللّٰہ کی رحمتیں نازل ہو رہی تھیں۔۔



































