
حریم شفیق
وہ روز آفس جانے کے لیے اس سڑک سےگزرتی جہاں فٹ پاتھ پہ ایک ضعیف بڑھیا سرجھکائے بیٹھی دکھائی دیتی اور پھرکچھ اورفاصلے پر
ایک بزرگ بھی بالکل اسی طرح سر جھکائے بیٹھے ہوتے تھے ۔۔۔ وہ روزانہ دس روپے بوڑھی عورت کو اور دس روپے ان بزرگ کے آگے رکھ کر گاڑی آگے بڑھاتی اب یہ اس کا معمول بن چکا تھا۔۔۔چاہے جھلسا دینے والی گرمی ہو یا برف کی طرح جما دینے والی سردی وہ دونوں وہیں پائے جاتے۔۔۔وہ دونوں نہ جانے کون تھے؟ ۔۔۔رات کہاں بسر کرتے تھے؟کیا وہیں؟نہیں۔۔۔ایک جھرجھری سی محسوس ہوئی۔۔۔۔۔۔۔
آج اس کی آفس سے چھٹی تھی اس نے سوچاکہ تھوڑی واک ہی کر لی جائے سو نکل پڑی ۔چلتے چلتےاسی روڈ تک آ گئی ابھی بہت سویر تھی سڑک پر دور دور تک کوئی دکھائی نہ دے رہا تھا اکا دکا گاڑیاں گزررہی تھیں کہ اچانک ایک بلیک کرولا فٹ پاتھ کے پاس رکی پہلے بڑھیا اور پھر وہ بزرگ گاڑی سے اترے اور گاڑی فراٹے بھرتی رفو چکر ہو گئی۔۔۔ دونوں اپنی اپنی جگہ جا کر بیٹھ گئے یعنی گدی سنبھال لی۔۔۔وہ حیران رہ گئی کہ الہیٰ کیا ماجرا ہے یہ ؟کچھ دیر سوچ کر اس نے ان دونوں کی جانب تیز تیز قدم بڑھائے۔۔۔اور اس بوڑھی عورت کے پاس جا کر کھڑی ہو گئی بغور اسے دیکھنے لگی مگر وہ بدستور سرجھکائے بیٹھی رہی ۔۔۔اس نے اسے مخاطب کرتے ہوئے کہا کتنے عرصے سے یہ دھندا کر رہے تم دونوں اور لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہو۔اس بوڑھی عورت نے اس کی بات سننےکے بعد نظر اٹھائی تو وہ حیران رہ گئی اس کی آنکھیں آنسوؤں سے تر تھیں۔
ایک لمحے کو اس کا دل پسیجااوروہ اس کےقریب بیٹھ گئی اس نےپوچھا کون تھا جوآپ دونوں کویہاں چھوڑ گیا؟ ہمارا بیٹا۔۔۔وہ ایک دم سناٹے میں آ گئی ۔۔۔مگر کیوں؟۔۔۔۔
اس کے آگے کی کہانی سننے کی ضرورت نہ رہی اس نے ان دونوں کوگاڑی میں بٹھایا اوراولڈ ہوم چھوڑ آئی ۔۔۔کم از کم عزت کے ساتھ روٹی تو کہا ہی سکیں گے یوں بھکاریوں کی طرح سڑک پر تو نہ پڑے رہیں۔۔۔
کاش اولاد ماں جیسی جنت اور باپ جیسی ٹھنڈی چھاؤں کی قدر کرے جنہوں نےمشقت سےاسے پالا۔۔۔راتیں اس کے لیے جاگ کر گزاریں۔۔۔اسے انگلی پکڑ کر چلنا سکھایا۔۔۔اور جب وہ چلنے کے قابل ہو گئی تو انہی ماں باپ کودھکادے کر گرا دیا؟کاش اولاد کو سمجھ آ س کے کہ وہ ماں باپ کےایک پل کا حساب بھی نہیں چکا سکتے ۔روز محشر انہیں اس سلوک کا حساب اس خالق کائنات کے سامنے دینا ہو گا،جس نے اپنی اور نبی کریم حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی اطاعت کے بعد ماں باپ کی اطاعت کا حکم دیا ہے ۔۔آج ہمارے معاشرے میں بھی مغرب کی طرح اولڈ ہومز بن چکے ہیں جہاں لاچارماں باپ اپنی اولادوں کی راہ تکتے تکتے دار فانی سے کوچ کر جاتے ہیں۔۔۔
جو والدین اپنی جوانی اولاد کے بہتر مستقبل کے لیےواردیتے ہیں،وہ انہی اولادوں کے لیے بوجھ بن جاتے ہیں مگریاد رکھیں دنیا مکافات عمل ہے۔ آج جو سلوک اپنے والدین سے کریں گے وہ سود سمیت آپ کی اولاد آپ کو لوٹائے گی اس لئے ماں باپ کی قدر کیجئے یہ وہ نعمت ہے جو چھن جائے تو زندگی بھر چین نصیب نہیں ہوتا۔۔۔ اپنے والدین سے محبت کریں ۔۔۔انھیں بہترین وقت دیں۔۔۔۔انھیں پیار سے اسی طرح گلے لگائیں جیسے بچپن میں وہ آپ کو لپٹائے پھرتے تھے۔۔۔انھیں تنہا مت چھوڑیں۔



































