
حریم شفیق
دبی دبی سسکیوں کی آواز۔۔۔بابا بابا مجھے کہاں چھوڑے جاتے ہیں ؟اور پھر آواز منوں مٹی کے نیچے دب گئی ۔۔ہوس کا بازارلگا تھا اور بے بس و
لاچارعورت بکنے کو تیار تھی۔۔۔ باپ کے مرنے کے بعد اس کی خوبصورت بیوہ کس کے حصے میں آئے گی ۔۔۔جھگڑا ہو رہا تھا اور وہ جو جیتی جاگتی سانس لیتی انسان تھی ۔۔۔حیران پریشان تھی۔۔۔بے چاری بے زبان تھی۔۔۔
لونڈی تھی غلام تھی ۔۔۔بے حیثیت تھی۔۔۔جانوروں سے بھی بدتر سلوک کی روادار تھی۔۔۔۔تپتے سلگتے سورج تلے صحرا میں بھٹکتی بے یارو مددگار تھی۔۔ پھر وہ ابر بن کے آیا۔۔۔جس نے عورت کو وقار بخشا ۔۔۔بیٹیوں کو رحمت بنا دیا انہیں زندہ دفنانے کی بجاۓ آنکھوں کی ٹھنڈک بنا کررکھنے کا حکم دیا ۔۔۔جس نے لاچارغریب عورت کو امیر بنا دیا۔ وراثت کا حق دار ٹھہرا کربیوہ کو عزت بخشی۔ اسے جائیداد میں حصہ دیا اسے قابل احترام بنایا نہ کہ ترکے میں بانٹی جانے والی شے۔۔۔ماں باپ کو اس کا سائبان بنایا۔۔۔بھائیوں کو محافظ اور شوہر کو قوام بنایا۔۔۔بتا دیا کہ عورت مستور رکھنے کے قابل ہے ۔۔۔اسے گھر کی ملکہ بنا کر رکھیں ۔۔۔اسے تحفظ دیں تاکہ وہ نسل نو کی بہترین پرورش کر سکے ۔۔۔جنت اس کے قدموں میں رکھ دی گئی۔۔۔اسے " ماں " کا نام دے کر اس کا درجہ بلند کر دیا۔۔۔کون ہے وہ جو اندھیروں میں بن کے سحر آیا۔۔۔جس نے عورت کو اس کا اصل حق دلایا؟جاننا چاہیں گے؟؟
وہ ہے میرا پیارا" اسلام"۔۔جی ہاں اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے عورت کو اس کا اصل تحفظ وحق دیا تومغرب کی اندھی تقلید کرنے والی مسلمان عورت کے لیے پیغام ہے کہ آئیے قرآن کا مطالعہ کیجیےاورجان لیجیے کہ قرآن مجید میں اللّٰہ رب العزت نے آپ کو کیا کیا تحفظات دیے،کیا کیا تحائف رکھے مگر بھٹکنا منع ہے۔



































