
کرن وسیم
رمضان کا آٹھواں #روزہ بھی مکمل ہوا،لیکن اس باررمضان المبارک کا تقدس قلب و وجود میں اترنے ہی نہ دیا گیا۔ اہل عقل و
دانش حیران و پریشاں ہیں کہ اس ماہِ مبارک کی دائمی سکینت و عافیت کہاں ہے ؟؟
کیا اب ہم سے عبادات کی لذت اور مناجات کی مصروفیات بھی چھین لی جائیں گی ؟؟
یا رب کائنات !! ہم پر اس وعید کو چسپاں نہ ہونے دے جو گمراہ قوموں اور امتوں کیلئے ثابت شدہ ہیں ۔۔ پہلے روزے سے ہی جو سیاسی اکھاڑا لگا کر پوری پاکستانی قوم بالخصوص نوجوان طبقہ کو عشرہ ء رحمت سے غافل رکھا ۔۔ عین تراویح کے اوقات میں جلسوں اور ریلیوں کا اہتمام ۔۔ کیونکہ لیڈران اہم ٹھہرے تو۔ انکا بلاوا بھی اہمیت اختیار کر گیا ۔۔بارگاہ الٰہی کے بلاوے ثانوی حیثیت اختیار کر گئے ۔۔ افسوس!!
مفاد اور انا کی لڑائی کو حق و باطل کا رنگ دے کر اپنے ہی جیسے مسلمان پاکستانیوں کیلئے اس پارٹی تعصب کو ایک معیار بنادیا گیا ۔۔
نوجوان نسل کے ذہنوں سے مدینہ ، صادق وامین، امربالمعروف اور حق و باطل کے تصورات کا تقدس کھرچنے کے بعد اب رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے محرومی اور غفلت کو پروان چڑھانے والے اپنی زندگیوں میں دین حق کی بندشوں سے آزاد ، اللہ کے دین کو فقط عوامی جذبات ابھارنے کا ایک ہتھیار سمجھتے ہیں ۔ مگر مسلمانوں کی نوجوان نسل کو بد تہذیبی اور بدزبانی کی تربیت اور عدم برداشت کا ایسا گہرا اثر دے چکے ہیں کہ پسنداور ناپسند کا معیار انتخاب اب شخصیت پرستی کو بنادیا گیا ہے۔۔
اب ایک ہی گھرانے کے دو افراد میں سے ایک حق بنا بیٹھا ہے تو دوسرا بیچارہ لا محالہ باطل ہی ٹھہرایا جاتا ہے ۔۔
کیوں یہ خطرناک ذہنی رجحان قوم کے ذہنوں میں انڈیل دیا گیا ؟؟ کبھی ہم نے سوچنے کی زحمت نہیں کی ۔۔ اخوت ، محبت اور شائستگی سے عاری کردار قوموں کے لیے جتنا تباہ کن ہے اسکے بعد امریکی ، یورپی سازشوں کی ضرورت ہی کہاں رہتی ہے ۔۔
دراڑیں صرف گھروں میں نہیں بلکہ دلوں میں پڑ چکی ہیں ۔۔ اس مبارک مہینے کی ایک ایک ساعت دنیا و مافیہا سے بہتر ہے ۔۔ مگر دلوں میں بڑھتی ہوئ کدورتیں اور لیڈروں کا بھرا ہوا بغض ان قیمتی لمحات میں کانٹے بھر رہا ہے ۔ دعاؤں کیلئے اٹھنے والے ہاتھ کہیں کھو گئے اور طویل سجدوں سے نا آشنا پیشانیوں پر ناگواریوں کے بل دیکھنے کے بعد فرشتوں اور رحمتوں کے نزول کی کوئ امید ۔۔
ہمارےنوجوانوں کی ذہنی حالت تباہ کردی گئی ہےجن نوجوانوں کےاذہان سازش،غداری،تعصب، غصہ،عدم برداشت سےبھردیئےگئے ہیں وہ نسل کوئ تعمیری کام کرسکے یا اپنی حقیقی ذمہ داریاں اور مقاصد سمجھنےکےقابل ہوسکےگی ۔ ذہنی طور پر ہر دوسرے ہموطن کو دشمن اور باطل سمجھنے والی نسل جسمیں دو فیصد بھی رواداری، برداشت اور اخلاقیات نہیں۔۔۔ وہ اسلام اور پاکستان کیلئے کس طور مفید ثابت ہوسکےگی ۔۔۔ نفرتوں کی آبیاری کرنیوالوں نےازلی دشمنوں کا کام آسان کیا ۔۔
ہم اس دین کےعلمبردار جس میں عفوودرگزر اور زبان کی حفاظت کو اخلاق کی کسوٹی سمجھا گیا ۔۔ اب سب کچھ پس پشت ڈال کر زندہ باد،مردہ باد میں مگن ہیں ۔۔
آج آٹھواں روزہ مکمل ہوااورنویں تراویح کا اختتام۔
جو وقت گزر گیاوہ اب ہمارا نہیں ۔۔
مگر آنے والی ساعتوں کو ہاتھوں سے پھسلنے نہ دیں ۔۔ امید کےدیئےروشن کریں ۔۔ یہ قرآن کریم کے نزول کا مہینہ ہے ۔۔ غمخواری اور احساس کو دلوں میں جگہ دیں ۔۔ قرآن کے پیغام اور اسکے نظام کی بات پر زور دیں۔۔۔ حکمران طبقے کی نااہلیت کا غصہ اپنے ہی جیسے ہموطنوں پر کیا اتارنا ۔۔ جو ہم بھگت رہے ہیں وہی حالات سامنے والا بھی جھیل رہا ہے ۔۔ مزے ہیں تو صرف نفرت پھیلانے والوں کے ۔۔
تلک الایام نداولھا بین الناس
یہ زمانے تو ہم پلٹتے رہتے ہیں لوگوں کےدرمیان۔۔۔
حکومتیں اور اقتدار میرے اور آپکے اختیار میں نہیں ۔۔ لیکن باہمی احترام اور محبت کی فضا قائم رکھنا مجھ پر اور تمام مسلمانوں پر عائد کردیا گیا ہے ۔
پاکستان اور پاکستانیوں کو نفرتوں اور تعصب کی سوداگری نہیں کرنی ۔۔
اللہ رب العزت پاکستان کی حفاظت فرمائے ، اہل قیادتیں منتخب کرنے کی توفیق دے آمین ۔۔۔



































