
کرن وسیم
ہم پاکستانی عوام اپنےدین اور ایمان کےمعاملات میں بہت حد تک جذبات کےدھارے میں بہہ کرسوچتے ہیں ۔شاید اسی لیے
منصوبہ ساز اسی پہلو سےہمیں اپنے مطلوبہ ہدف تک ہانک لے جاتے ہیں ۔ عمل سےدور مگر دین کو فقط جذبات ابھارنے کا ذریعہ بنانےوالےہی اس دین کے نفاذ کی اصل رکاوٹ ہیں ۔۔۔
سیاست میں 'امر بالمعروف'۔ " نہی عن المنکر " اور 'مدینہ کی ریاست' جیسےمذہبی کارڈاستعمال کرنے والے اپنی سیاست اور اپنی ذاتی زندگی کو مذہب کے تابع رکھنے پرکبھی تیار نہیں ہوئے۔ساڑھے تین سالہ دورِ حکومت میں سود کے خاتمے پر ذرہ برابر رضامندی تک ظاہر نہیں کی گئی۔
کچھ عرصہ پہلےاقلیتی ممبر ڈاکٹررمیش کمار نے شراب پرمکمل پابندی کابل پیش کیا تھا۔امرباالمعروف والے خان صاحب اور نہی عن المنکروالی پی ڈی ایم دونوں نے مل کر اسے مسترد کیا تھا۔
شراب پرمکمل پابندی بھی اقلیتی مذاہب کی وجہ سےنہیں کی، ڈاکٹر رمیش نے کہا تھاکہ ہم ہندو تو شراب پر پابندی چاہتےہیں ،اسی طرح عیسائی پارلیمنٹیرین نے بھی کہا کہ ہمارے مذہب میں بھی اس کی ممانعت ہے لیکن ہمارے مسلمانوں پر مشتمل اسٹینڈنگ کمیٹی نے یہ بات مسترد کردی۔یہ کیسی نیکی کی حکومت ہے ،جس میں پاکستان کرپشن میں عالمی رینکنگ میں مزید تنزلی پر چلا گیا؟
یہ کیسی نیکی ہےکہ سود پر مزید قرضےلےلیے۔۔
یہ کیسی نیکی ہےکہ آئی ایم ایف کواسٹیٹ بینک گفٹ کردیا؟
سکھوں کوکرتارپور،ہندووں کو کشمیرعیسائیوں کو آسیہ ، یہودیوں کواسٹیٹ بینک اورمسلمانوں کو دھوکہ ۔۔؟؟؟؟
شہزادے سے تحفے میں ملی گھڑی بیچ کھانا اور تین سو تولے سونا پچیس فیصد قیمت دیکررکھ لینا کونسے"امر بالمعروف" ہیں؟
پتا نہیں ہم لوگ کیسے مسلمان ہیں؟ دیکھنے والی آنکھیں اورغوروفکر کرنے والا دماغ ہی نہیں ہیں کہ اب تک جتنی بھی حکومتیں بنی ہیں عمران خان ، زرداری اور نواز شریف کی حکومت سمیت سب کو بنانے اور لانے والوں کی ترجیحات اور طرزِ عمل میں کہیں بھی دین اسلام اور قرآن کے نفاذ کی جدو جہد کا کوئی رنگ نہیں، تو ایک اچھا اور دوسرا برا کیسے ہوسکتا ہے؟؟
یہ معرکہ حق و باطل کس طور کہلایا جاسکتا ہے؟؟؟
ہوش مندوں کو تو دونوں طرف باطل ہی نظر آرہا ہے۔ خدارا !!!! اللہ کےدین اور اس سےجڑی اصطلاحات کو اتنا متنازع نہ بنایا جائے کہ اس دھند میں خود اپنےچہرے بھی نہ دکھائی دیں ۔۔
"امیر المؤمنین عمربن الخطاب کا فرمان ہے کہ اس شخص کے دھوکہ میں مت آؤجو محض قرآن کو دکھاوے کے لیے استعمال کرتا ہے، بلکہ اس جماعت کی پیروی کرو جو قرآن پرعمل کرتی ہے۔(مستدرک الحاکم)۔۔
اور ہم عمل اور کارکردگی سے قطع نظر کرتے ہوئےصرف جذباتی تقاریراور اس کے بعد اپنے ہی الفاظ اور وعدوں سےمنحرف ہونیوالے کو نجات دہندہ کی نظر سے دیکھنے لگتے ہیں ۔
چوہترسال سےیہی کررہےہیں ۔ کھرے،کھوٹےکی پہچان کرنےکےقابل نہیں جواقتدارکی ڈورہاتھ میں ہونے کے باوجود پوری قوت سے " امر بالمعروف " اور " نہی عن المنکر " نہ کرسکیں بلکہ اسکے مخالف ہی عمل کر دکھاتے ہوں ، آج اقتدار کی کھینچا تانی میں انکی طرف سے اس اہم دینی فریضے کا ذاتی مفاد کے لیے استعمال افسوسناک ہے ۔۔ حقیقتاً افسوسناک ۔۔۔
نوٹ: بلاگرکےخیالات سےادارہ رنگ نوکا متفق ہونا ضروری نہیں۔



































