
کرن وسیم
میں نےاورمیرے شوہرنےسعودی عرب سے واپس اپنے ملک جانےکا فیصلہ کرتولیا تھا،مگر میرا تو دل ہی بیٹھ جاتا تھا،مکہ اورمدینہ سے دوری کا سوچ
سوچ کر..بچے بھی اپنے بابا سے دور پاکستان جا کرمستقل رہنےکا سوچ کر انتہائی مضطرب تھے...ظاہر سی بات تھی کہ وسیم تو اپنی اچھی خاصی نوکری چھوڑ کرہمارےساتھ واپس آنےسےگریزاں تھےکہ روزگارتواولین ضرورت ہے ۔خاندانی زندگی کی..بعض فیصلے دل پرجبر کےساتھ اختیار کرنے ہی پڑتے ہیں..
اللہ کےگھراورنبی ص کے درسے کوسوں دورہوجانا ہم سب کےلیے سوہان روح بنا ہواتھا...سونے پرسہاگہ رشتے داروں کی باتیں کہ کیوں آرہے ہوواپس پاکستان؟ یہاں پر کیا رکھا ہے؟؟؟ سکون کی زندگی اور آسائشات چھوڑ کر یہاں آنا بیوقوفی ہے..لیکن فیملی اقامہ ٹیکس کی بھاری رقم جمع کرواکروہاں کے دیگراخراجات پورے کرنا میرے شوہر کیلئےمشکل تھا... یہ بات عزیزواقارب کو کیسے بتائی جائے.. ہم اوربچے پاکستان واپسی کیلئے بالکل بھی تیارنہ تھے.. بہرالحال پاکستان میں ایک مشکل اورمصروفیات سے بھرپور طرز زندگی ہمارا منتظر تھا...
وسیم سے میری ایک ہی فرمائش تھی کہ جب تک میں یہاں ہوں مجھے لگاتارمکہ لےکرچلیں.. جدہ سے مکہ کا سفر پون گھنٹے میں طے ہوتا تھا .. انہوں نے میری اس فرمائش کو بہرطورپورا کیا...
مسجد الحرام میں دعا مانگتے،طواف کرتے ہوئےدل اتنا اداس ہوتا کہ مسلسل آنسو بہتےرہتے اورجدہ واپسی کا پوراسفرآنسوؤں کے ساتھ ہی کٹ جاتا...
ایسے ہی ایک دن صحن حرم میں کچھ شام اور فلسطین کی خواتین سے اشارتاَ اور ٹوٹی پھوٹی عربی زبان میں بات چیت ہورہی تھی کیونکہ عربی مجھے نہیں آتی تھی اور انگریزی اور اردو سے وہ بیچاریاں نابلد.. فیملی ٹیکس کی وجہ سے اپنے ملک واپسی کا ذکر نکلا تو ان خواتین کی ایک بات میرا دل چیر گئی..
کہنے لگیں کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ اس دیارغیرکی سختیوں سے بچ کر واپس جانے کیلئے آپ کا ملک سلامت تو ہے... ہم شامی و فلسطینی مسلمان تو اتنے مجبور کردیے گئے ہیں کہ چاہیں بھی تو اپنے ملک نہیں جاسکتے...
ایسے ہی اور بھی کئی خطوں کے مظلوم مسلمان ہیں،جن کے پاس وطن واپسی کیلئےکوئی در کھلا ہوا نہیں.. میرے اردگرد سناٹا چھاگیا ان کی اس بات سے.. دل شکر اورشرمندگی کے ملے جلے جذبات سےبھرگیا... یارب العالمین تیراکروڑوں بارشکرہے...
میرے پاس ایک وطن تو ہے.. ایک سائبان موجود ہے... میری پہچان ،میرا حوالہ ، میرا گھر، میرا ٹھکانہ .... میرا ملک ... اللہ سلامت رکھے اس پاک سرزمین کو... میرے ملک ،میرے گھر کو اللہ رب العزت اپنے حفظ وامان میں رکھے..
آج سے پہلے تو اپنے آذاد ملک کی ایسی شکر گزاری میرے دل میں نہ تھی... سارے شکوے ،شبہات دور بھاگ چکے تھے... صرف آنکھوں میں آنسو تھے شکر گزاری کے...
ہم نے پاکستان کی قدرجانی ہی نہیں.. اس آزاد مملکت کی قدر مظلوم و مغلوب لوگوں سے پوچھو تو دل کٹ کے رہ جاتا ہے..
آج اپنے وطن میں زندگی کی ان گنت مشکلات کے ساتھ بھی دل شکر گزار ہے...دعاگوہے کہ اس پاک مٹی کیلئے... پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں کی قدرہی اب پتا چلی ہے.. ایک ہی آواز نکلتی ہے دل سے...
میرا وطن سلامت رہے...



































