
کرن وسیم
"جب ہم کسی بستی کو ہلاک کرنےکا ارادہ کرتےہیں تواس کے خوشحال (مقتدر طبقات) لوگوں کوانکے امورمیں آزاد کردیا کرتے ہیں کہ
وہ نافرمانی کی روش اختیارکریں ،تب عذاب کا فیصلہ اس بستی پر چسپاں ہوجاتا ہےاورہم اسے برباد کرکے رکھ دیتے ہیں۔ "
سورہ الاسراء ۔ آیت 16
کیا ہماری بستیوں میں عذاب کا فیصلہ چسپاں ہونے کی تیاری عروج پر ہے ؟؟؟؟
ہمارے ملک کے اونچے طبقے کہلانے والوں کا طرز زندگی آج کسی سے بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے۔۔ وہ افراد چاہے اقتدار کی کرسیوں پر براجمان ہوں یا کسی دوسرے بڑے منصب پر۔۔ ملک کی نمائندگی اور قوم کی رہنمائی جیسی اہم ذمہ داریوں پر موجود ہوں یا نظریاتی و دفاعی امور کے کرتا دھرتا ۔۔
اللہ و رسول کی نافرمانیوں سےعبارت انکا لائف اسٹائل اورقوانین کو برتنے بلکہ ان حدود و قوانین سےکھیلنے کی روش ان کا خاصہ بن چکا ہے ۔۔ اس پر ستم ظریفی یہ ہے کہ عوام الناس انکی غلط کاریوں کوجائز سمجھ کر ہضم کرلیتے ہیں ۔۔ اپنے سروں پر اللہ کے باغیوں کو مسلط کرنے اور انکے گمراہ کن رویوں کی ترویج میں ہماری قوم کا مزاج ایک اہم فیکٹر ہے ۔۔ ہم وہ لوگ ہیں جو بدکاریوں کو اپنے حکمران طبقات میں بخوشی برداشت کررہے ہیں ۔۔ یہ خطرناک وارننگ نظر انداز کرتے ہوئے کہ جس گھر کی چھت کوڑے کرکٹ سے اَٹی ہوتی ہے اس گھر کا فرش کبھی صاف اور بے داغ نہیں رہ سکتا ۔۔
وہ ساری خرمستیاں اور اخلاقی جرائم جو ہمارے معاشرے کے خوشحال ، مال اور مناصب رکھنے والوں کے کردار میں گھل مل چکے ہیں ان کی سڑاند معاشرے کے دیگر طبقات کے افراد اور نسلوں کو تعفن زدہ نہ کرےگا یہ انتہائی احمقانہ تصور ہے ۔۔
اللہ تعالیٰ ان اپر مقتدر طبقوں کے کرتوتوں سے ہی قوم کی آزمائش کرتے ہیں کہ ان میں شر اور غلاظت کو رد کرنے کی کوئ حس باقی بھی رہی ہے کہ نہیں ۔۔ خیر کی طرف کوئی رجحان اور چاہت رکھتے بھی ہیں کہ نہیں ۔۔۔
بس میں اور آپ آج کے دور میں اسی جانچ سے گزر رہے ہیں ۔۔ دو ایلائیٹ فیملیز کے بچوں کے درمیان تعلقات کی نوعیت سے لیکر جرائم کی وجوہات تک ۔۔نور مقدم قتل کیس کے حالات و واقعات ہر کسی کے سامنےوضاحت کے ساتھ عیاں ہوچکے ہیں ۔۔ یہ اور اس جیسی بہت سی داستانیں جو روزمرہ کاحصہ بنتی جارہی ہیں ۔۔ ملک کے قانون ساز اداروں اور فیصلہ سازی کی ذمہ داریوں پر اس ہی سوچ و فکر کے افراد کی موجودگی میرے اور آپ سب کیلیے لمحہء فکریہ ہے ۔۔ اس ذہنیت کے لوگ ہمارے ملک میں ایسے ہی قوانین لانے پر بضد ہیں جن سے بے راہ روی کو فروغ ملے اور انکی غلط کاریوں پر کوئ روک تھام نہ ہوسکے ۔۔ والدین سے تربیت اور بچوں کے معاملات میں مداخلت کا حق بھی چھین لیا جائے تو گمراہی کو بڑھنے سے کوئ نہ روک سکے ۔۔
آج اپنی ہی کلاس کی ایک لڑکی کے بہیمانہ قتل پر دم سادھے بیٹھے ہیں ۔ اسلامی حدود کے نفاذ پر انکو سانپ سونگھ جاتا ہے ۔۔ یقیناً ظاہر جعفر کی سزائے موت پر بھی انسانی حقوق کا ڈھنڈورا پیٹا جاسکتا ہے ، حقیقت یہ ہے کہ جنکی زندگیاں ان ہی غلط کاریوں اور جرائم سے عبارت ہوں وہ سزا و جزا کے الہی قوانین سے یوں ہی فرار اختیار کرتے ہیں ۔۔ جنکے لاڈلے اور لاڈلیوں کی بداعمالیاں انکے لیئے قابل فخر ہوں ، ہمیں ایسے اپر کلاس طبقے سے براءت ہی بھلی.. ورنہ عذابِ الٰہی کا راستہ ان ہی کے ذریعے کھل جاتا ہے .. معاذاللہ



































