
کرن وسیم
دسیوں گز کپڑے کی شلوار اورکلف سےاکڑا ہوا کرتا پہنے،سیاہ شیشوں والی گاڑیوں میں درجنوں سیکیورٹی گن مین ساتھ لگائے،بل کھاتی مونچھوں والے
یہ وڈیرے ، چودھری ، میر،سردار، نواب اس ملک پر ایک لعنت کی صورت مسلط ہیں۔۔
فرعون ، نمرود، ابو جہل ، قارون ، ابو لہب ۔۔ یہ شخصیات نہیں بلکہ یہ کردار تھے جنہیں نظام نےجنم دیا تھا ۔
ظلم و جبر کا نظام اور اس نظام کو قبول کرنے والے ، اسے برداشت کرنے والے،اس نظام کو مجبوری بنا لینے والے ،ظلم پر خاموش رہنے والے ، سب اس ظالم جابر نظام کے معاون اور مددگار ہیں ۔
وہی ان ظالموں کےہاتھ مضبوط کرتے ہیں جو اس نظام کے تحت زندگی گزارنے پرراضی ہیں ۔وہ جو قرآن کریم ہاتھ میں اٹھا کر فریاد کررہی تھی۔وہ شاید اس کتاب کی آفاقیت اور اسکے عالمگیر نظام کی اہمیت سے واقف نہ ہوگی مگر اسے نجات اور آزادی کیلئے اس کتاب کو تھامنا تو یادرہا ۔ اسے اپنے دکھوں کا مداوا اس کلام الٰہی کے حروف اور آیات میں ضرور نظر آیا ہوگا۔
تجوید و قرات کی باریکیوں سے ناواقف وہ مظلوم ماں اس کتاب کی اثر انگیزیکی معترف تو ضرورہوگی ۔اس مجبور قیدی عورت نے اپنی کم علمی کے باوجود یہ تو جانچ لیا تھا کہ سسکتی انسانیت کیلئے راہ نجات اور راہِ عمل تو یہیں سے ملے گی ۔
وہ بخوبی جانتی ہوگی کہ دنیا کے خود ساختہ خداؤں کا اقتداراورفراعین وقت کا تکبر یہی تعلیمات زمین بوس کرسکتی ہیں ۔جبھی اس نے قرآن پاک اٹھا کر صدا لگائی ، آہ و فغاں کی ، دنیا کے مردہ ضمیر کو جھنجھوڑا ۔
اقتدار کے ایوانوں میں سینیٹر مشتاق احمد کے ذریعے فریاد پہنچی بھی توکسی بےضمیر کومتوجہ نہ کرسکی ۔
شنوائی ہوئی تو آسمانوں میں ۔ اذیت ناک زندگی سےنجات بخشی گئی۔ ظالم مزید ذلیل و رسواء ہوا ۔
اب ہر مظلوم اللہ کی عدالت اور روز محشر کے انصاف کی ہی آس لگائے بیٹھا ہے ۔ اب دنیا میں مجرم کی سزا اس کی معاشی اور معاشرتی حیثیت کی مرہون منت ہے ۔بےلاگ انصاف تو بس اللہ کی بارگاہ میں ہی ہوگا یقیناً ۔ یہ نظام فرعونوں کا بنایا ہوا ہے ۔ یہ رعونت کو تحفظ دیتا ہے ۔ فراعین محفوظ رہیں گے ۔ہم اور آپ نہیں۔



































