
نزہت ریاض
اسی ہفتے کے شروع میں ایک نوجوان لڑکی جو بنگلے میں ماسی کا کام کرتی تھی ،اس کی مالکن کے بیٹے کی حیوانیت کے نتیجے میں موت واقع ہو ئی،تین
روزقبل کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر پر ہسپتال کے ہی لفٹ آپریٹر نے تیزاب سے حملہ کر دیا ۔پاکستان ایک اسلامی فلاحی مملکت ہے ،یہاں مغربی ممالک کے مقابلے میں تو خواتین کو زیادہ محفوظ ہونا چاہیے ،نہ کہ آئے دن ایسے روح فرسا واقعات سننے میں آئیں۔
اسلام نے تو خواتین کے بے انتہا حقوق رکھے ہیں، یہ تو ہمارا بے حس معاشرہ ہے جو ان خواتین کا احترام نہیں کرتا جو گھر سے نکل کر کچھ کرنا چاہتی ہیں ۔جہاں ہم ایک غریب گھرانے کی بچی کو غیر محفوظ دیکھ رہے ہیں، وہیں ایک پڑھی لکھی لیڈی ڈاکٹر وہ بھی کوئٹہ جیسے علاقے میں جہاں بہت مشکل سے عورت کو پڑھائی کی اجازت دی جاتی ہے، کتنی مشکلوں اور رکاوٹوں کو پار کر کے یہ بچی ڈاکٹر یٹ کی ڈگری حاصل کر سکی ہوگی ۔کیا اس لیےکہ ایک درندہ اس کے خوابوں کو تیزاب سے جھلسا ڈالے ، اب اس طرح کے پسماندہ علاقے کے والدین کس حوصلے سے اپنی بچیوں کو پڑھائی کی اجازت دیں گے؟
آخر ہم پستی میں کیوں گرے جا رہے ہیں ؟کیوں ہم خواتین کا احترام کرنا بھولتے جا رہے ہیں ؟گھر سے باہر جانے والی خواتین پر بھی کچھ حدود عائد ہوتی ہیں انہیں بھی لازمی ان حدود کی پاسداری کرنی چاہیے ۔گھر سے باہر کے مرد آپ کے لیے نامحرم ہیں ،ان سے مخصوص فاصلہ رکھنا ضروری ہے ،نہ ان سے ہنسی مذاق کریں، نہ فالتو بات تاکہ وہ کبھی آپ سے بے تکلف ہونے کی کوشش نہ کریں ۔
اگر آپ کے گھر والوں نے آپ کو باہر نکلنے کی اجازت دی ہے تو اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ آپ شتر بے مہار ہوکر اس آزادی کا فائدہ اٹھائیں بلکہ یہ آپ کا فرض ہے کہ اپنے حلیے اپنے طرز عمل سے ان کے دیے ہوئے اعتماد کو برقرار رکھیں۔کچھ خرابی یہاں کے کمزور سسٹم کی ہے، جہاں بڑے سے بڑا جرم کر کے بھی مجرم کھلے عام دندناتے پھرتاہے ، اسے اطمینان ہوتا ہے کہ قانون ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔
اگر اسلامی معاشرے میں شرعی سزاؤں کا نفاذ کیا جائے تو کوئی بھی خواتین کے ساتھ برا کرنے سے پہلے دس بار سوچے گا۔ہمارا ملک ایک گلے سڑے نظام کے تحت چل رہا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے ہاتھ مضبوط کریں جو سچائی کے ساتھ عوامی مفاد کا کام کر رہے ہیں اور ہم یہ جانتے ہیں کہ نظام کی تبدیلی منظم جدوجہد ہی سے ممکن ہے۔



































