
عائشہ بی
پھر ماہ رمضان آیا
رحمت کی چھائی ہے گھٹا
عاجز ہے تو سرکو جھکاؤ
مومن کی بس ایک صدا
لاالہ الااللہ لاالہ الااللہ
الحمدللہ پھرہم سب رمضان المبارک سے فیض یاب ہونے جارہے ہیں۔ شکرالحمدللہ یہ مہینہ ایمان والوں کے لئے رحمتیں ، برکتیں اور بےشمار سعادتیں اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ وہ بابرکت مہینہ ہے جس کی شان میں نزول قرآن کی وجہ سے مزید اضافہ ہو جاتا ہے جو انسانوں کے لئے سراسر ہدایت اورواضح تعلیمات پر مشتمل ہے۔ قرآن وہ بہترین کتاب ہے جو انسانوں کے لئے راہ راست دکھانے اور حق و باطل کا فرق کھول کر رکھ دینے والی ہے ۔
پچھلے سال بھی ہم سب نے اس بابرکت مہینہ کو پایا تھا اور پوری کوشش کی تھی کہ اس ماہ کی تمام سعادتیں سمیٹ لیں۔۔۔۔۔کچھ وعدے کئے تھے اپنے آپ سے۔۔۔ اپنی رب کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے قرآن سے جڑے اور ہمیشہ جڑے رہنے کے وعدے بھی کئے تھے۔
اب ہم رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریاں کر رہے ہیں۔۔۔۔۔ذرا ٹھہرئیے ۔۔۔۔۔ اس موقع پرہم دیکھتے ہیں کہ کیا ہم نے وہ ساری باتیں یاد رکھی ہیں جو ہم نے پچھلے سال کرنے کے وعدے کئے تھے، کیا ہم نے وہ تمام باتیں اور اہداف حاصل کرلئے ہیں جو ہم نے سوچے تھے ۔۔۔۔۔اگر جواب ہاں ہے تو پھر ٹھیک ہے ورنہ ہمیں احتساب کے مرحلے میں داخل ہونا ہوگا اور ان تمام اہداف کو اس رمضان المبارک میں حاصل کرنا ہوگا۔ اور اپنی کوششوں کو بڑھانا ہوگا ۔ جب ہی ہم رمضان المبارک کے بہترین پیغام کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے انشاءاللہ۔ اس رمضان المبارک کو آخری رمضان سمجھتے ہوئے تمام برائیوں کو چھوڑ کرقرآن و سنت کے مطابق بہترین طریقے سے زندگی گزارنےکی کوششوں میں مصروف رہے۔۔۔۔۔
اس نیکیوں کے موسم بہار میں خوب نیکیوں کو حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔ اللہ تعالٰی سے خوب رو رو کر معافی مانگیں ۔چھوٹی بڑی تمام برائیوں سے بچنےکی کوشش کریں۔
اللہ تعالٰی کی رضا حاصل کرنے کے لئے اس کے بندوں کے ساتھ حسن سلوک کریں۔۔۔۔۔۔ اپنی جان و مال اللہ تعالٰی کے راہ میں خرچ کریں۔ زکوت و صدقات زیادہ سے زیادہ نکالیں۔۔۔۔۔۔ روزہ کھلوانے کے لئے اہتمام کریں۔۔۔۔۔
اس مہینہ میں قرآن ترجمہ اور تفسیر سے پڑھیں۔۔۔۔۔فضول گفتگو اور کاموں سےبچیں ۔۔۔۔۔وقت بچائیں۔۔۔۔۔۔دورہ قرآن میں ضرورشامل ہوں۔۔۔" اپنے آپ کو اپنے اہل و عیال کو اس آگ کا ایندھن بننے سے بچائیں ۔۔۔۔"
انسانوں کے لئے زندگی گزارنے کا طریقہ قرآن ہمیں سکھاتا ہے۔۔۔۔۔۔ اللہ تعالٰی کےقوانین پر خود بھی عمل کرنا ہے اور دوسروں تک بھی پہنچانا ہے۔۔۔۔ " قرآن لے کر اٹھو اور دنیا میں چھا جاو " ( مولانا مودودی رح )
نبی کریم صلہ نے فرمایا : روزہ گناہوں سے بچنےکے لئے ڈھال ہے ۔ روزہ دار کے لئے دو خوشیاں ہیں۔ ایک روزہ کھولتے وقت دوسرا جب وہ اپنے پروردگار سے ملے گا ۔۔ ( بخاری ) ۔۔۔۔۔۔۔۔۔


































