
عائشہ بی
"آیا ہے رمضان آیا ہے رمضان
پیار بھرا ایمان پیار بھرا ایمان"
رمضان المبارک کا مہینہ اللہ تبارک تعالیٰ کی عظیم نعمتوں میں سے ایک ہے جواللہ رب العالمین نے امت مسلمہ کو عطا کا ہیں ۔ رمضان المبارک امت مسلمہ کے لیے نیکیوں کا موسم بہار ہے ۔ اس مہینے میں نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھا چڑھا کر ستر گنا تک دیا جاتا ہے۔اس ماہ مبارک میں اجر کمانے کا بہترین موقع ملتاہے ۔
رمضان المبارک کے بابرکت مہینےسےفائدہ اٹھانےکے لیے شعبان سےہی استقبال رمضان کی تیاری شروع کر دینی چاہیےکیونکہ حضرت سلمان فارسی ( رضی) حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے شعبان کی آخری تاریخ کو خطبہ دیا اورفرمایا :اے لوگوں تمہارے اوپر ایک بڑا بزرگ مہینہ سایہ فگن ہوا ہے ۔ یہ بہت بڑی برکت والا مہینہ ہے ۔ یہ وہ مہینہ ہے جس کی ایک رات ہزار مہینوں سے افضل ہے ۔ رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں کے لیے تربیت کا مہینہ ہےاور ہمدردی کا صبروشکر کا مہینہ ہے ،جنت کے حصول کا مہینہ ہے ۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جب رمضان کا مہینہ آتا ہے توجنت کےدروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں شیاطین باندھ دئیے جاتے ہیں۔ ( متفق علیہ)
رمضان المبارک وہ مقدس مہینہ ہے جس میں قرآن مجید نازل کیا گیا ہے جو رہتی دنیا تک انسانوں کے لیے ہدایت کا بہترین سر چشمہ ہے ۔ قران پاک نور ہدایت رحمت اور دلوں کی بیماریوں کے لیے شفا ہے ۔ رمضان سے پہلے استقبال رمضان کااہتمام کرنا اوررمضان کےروزوں کے بارے میں لوگوں کو آگہی دینا چاہیے ۔
رمضان کے بابرکت مہینے میں زیادہ سےزیادہ نیکیاں کمانےاوردور قران یعنی قرآن کو سمجھ کر پڑھنےاور اس پرعمل کا اہتمام کرنے کی ضرورت ہے ،لوگوں کو اللہ کا پیغام پہنچانے کا بہترین موقع ہے ۔ اللہ تعالی کےراہ میں صدقہ،زکوٰۃ وغیرہ دل کھول کر نکالنا اورغریب عوام کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے ۔
روزے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:ہے کہ"قیامت کےدن روزہ شفارش کرے گااورکہے گا پروردگار میں نے اس شخص کو دن میں کھانے پینے اور ہر طرح کی دوسری لذتوں سے روکے رکھا ۔ خدایا تو اس شخص کے حق میں میری سفارش قبول فرما اور اللہ تعالی اس کی سفارش کو قبول فرمائے گا۔ ( مشکوٰۃ)اللہ رب العالمین سےدعا ہے کہ اس رمضان المبارک کی برکات سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین۔


































