
عائشہ بی
" پاک ہے تواورتیری ہی تعریف ہے ۔میں تجھ سےبخشش مانگتا ہوں اورتیری طرف توبہ کرتا ہوں۔ "(صحیح مسلم : 1086 ) تمام امت مسلمہ کو
رمضان المبارک کابا برکت مہینہ مبارک ہو ۔ یہ مہینہ اللہ رب العالمین سے توبہ کرنے کا مہینہ ہے ۔ گڑگڑا کر معافی مانگنے کا بہترین مہینہ ہے ۔ اللہ رب العالمین ہمیں تمام آزمائشوں سے دور رکھے۔۔۔! ناگہانی آفت سے بچائے ۔ اس بابرکت مہینے میں ہم سب اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہوئے اللہ رب العالمین کی طرف پلٹ جائیں اور رجوع الا للہ کی طرف پلٹ جائیں۔
رمضان المبارک کا یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے بابرکت مہینہ ہے۔ہمیں اس مہینے میں خوب نیکیاں حاصل کرنےکی ضرورت ہے۔ہو سکتا ہے یہ ہماراآخری رمضان ہو۔۔۔۔! کیونکہ کئی لوگ پچھلے رمضان میں موجود تھے، یہ سال انہیں نصیب نہیں ہوا ۔ ہمیں چاہیے کہ اسے آخری رمضان سمجھ کر خوب نیکیاں سمٹ لیں ۔ غفلت سے دور رہ کر قرآن اور سنت کی پیروی اختیار کرنے کی کوشش کریں۔
رمضان المبارک میں قرآن نازل کیا گیا ہے ۔اس لیےیہ مہینہ قرآن کا مہینہ ہے ۔ اللہ تعالی نے انسانوں کے لیےزندگی گزارنے کا نسخہ بھیجا ہے ۔ اس لیے قرآن کو ترجمے کے ساتھ پڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ انسان کو معلوم ہو جائے کہ زندگی گزارنے کا طریقہ کیا ہے ؟ اس رمضان المبارک میں کچھ وقت نکال کر دورہ قرآن میں شریک ہو جائیے اور دورہ قرآن میں اپنے گھر والوں اور پڑوسیوں کو بھی شامل کیجئے تاکہ قرآن قیامت کے دن ہمارے حق میں گواہی دے سکے۔
ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم چلتے پھرتے قرآن تھے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نےامت مسلمہ کو سب کچھ کر کے دکھا دیا ۔ ہم پر آپ کی پیروی کر کے زندگی گزارنا لازم ہو گیا ہے ۔ رمضان المبارک کی اہمیت قرآن پاک میں واضح ہے کہ " اے لوگو جو ایمان لائے ہو تم پر روزہ فرض کر دیا گیا ہے جس طرح ان لوگوں پر فرض کر دیا گیا تھا جو تم سے پہلے گزر چکے ہیں تاکہ تم متقی بن جاؤ ( سورہ بقرہ 183 )
اللہ رب العالمین نے اس ماہ مبارک میں ایک ماہ کے روزے ہر بالغ مسلمان مرداور عورتوں پر فرض کر دیے تاکہ مسلمانوں میں تقوی ٰاور پرہیزگاری پیدا ہو ۔ رمضان مبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں وہ قیمتی رات بھی مخفی ہے جس میں صرف ایک رات کی عبادت کا ثواب ہزار مہینوں عبادت سے افضل ہے ۔ مسلمان اس عطیہ سے فیضیاب ہو سکتے ہیں ۔ اللہ رب العالمین نے ہر نیکی کرنے والوں کے لیے اجر رکھا ہے ۔ اللہ تعالی فرماتے ہیں " بندہ روزہ میرے لیے رکھتا ہے، اس لیے اس کا اجر بھی میں دوں گا ۔" ہر بندہ مومن اللہ تعالی ٰکو سمعی و بصیر سمجھتے ہوئے صبح صادق سے مغرب تک اپنے آپ کو ہر حلال چیز سے روکے رکھتا ہے کیونکہ " بس رب کا حکم ہے۔"
رمضان المبارک میں رب کی اطاعت میں مرد و خواتین بہت مصروف نظرآتےہیں ۔ ہمیں چاہیےکہ اپنےفرائض و ذمہ داریوں کو سامنے رکھتے ہوئے ماہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے کے لیے کوئی جامع اور قابل عمل منصوبہ بندی کرکے ایک شیڈول ضرور بنائیں ۔ اس ماہ مبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں شب قدر تلاش کیجیے کیونکہ " شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے"اس کو بالکل ضائع نہ کیجئے۔
رمضان کا پہلا عشرہ رحمت ، دوسراعشرہ مغفرت ، تیسراعشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے ۔ اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ زکوٰۃ صدقات وغیرہ نکال کر کسی سفید پوش کا بھرم رکھ لیجئے۔غزہ کو بھی مت بھولیں ۔ الخدمت کو بھی پہچائیں تاکہ مستحق لوگوں تک امداد پہنچ سکے ۔ سورہ احزاب میں مرد اور عورت کو نیک عمل کے لیے برابر کی جزا ء کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ مبارک مہینے میں بڑھ چڑھ کر عبادت کرنے اور صدقہ خیرات میں اپنا حصہ ڈالنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین ثم امین یا رب العالمین


































