
نادیہ احمد
محکمہ تعلیم کی باربار بدلی جانے وا لی پالیسیوں اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانےکے چکروں میں اک بار پھرعوام گھن
چکر بن چکےہیں۔ جیسا کہ سب کہ علم میں ہےکہ محکمہ تعلیم نےسالانہ امتحانات مئی میں لینےاور نیا سیشن اگست میں شروع کرنےکی پالیسی بنائی۔کتنے سرکاری اسکول اس پرعمل پیرا ہو ئےاورکتنے نجی اسکولوں نےاس کی خلاف ورزی کی ، اس سے قطعہ نظر آج میں اس موضوع پر آپ کی توجہ دلانا چاہتی ہوں کہ جس نےوالدین کے راتوں کی نیند ،دن کا چین اڑا رکھاہے،وہ ہے اسکول کی ”ٹرانسپورٹ مافیا“ جی ہاں یہ بھی مافیا کی ہی ایک قسم ہےاور ہم بھی والدین کی اس قسم سےتعلق رکھتے ہیں جو اس مافیا کی وجہ سے شدید متاثر ہیں ۔
ہم والدین جون جولائی کی پوری فیس ادا کرتے ہیں(جب کہ ان ماہ میں کوئی فیول کا خرچہ نہیں ہوتا) کہ چلیں جناب ان ڈرائیورصاحبان کی بھی فیملی ہے،اگر ہم فیس نہیں دیں گے تو وہ اپنا گھرکیسے چلائیں گے؟(جب کہ ہمیں علم ہے کہ ان دو ماہ میں ان کی گاڑیاں پکنک پارٹیزمیں چلتی ہیں اور وہ بہرحال ان کی آمدنی کا ذریعہ ہوتا ہے)ہم دسمبر کی پوری فیس ادا کرتے ہیں جب کہ اس ماہ میں بھی موسم سرما کی چھٹیاں آتی ہیں۔
ہم ہرماہ پورے ماہ کی فیس دیتےہیں جب کہ مہینے میں چار ہفتہ اورچار اتوار ہوتے ہیں اس کےعلاوہ کوئی ایکسٹراچھٹی بھی آجاتی ہے۔ہم والدین اس ماہ کی پوری فیس بھرتے ہیں ،جب کہ ہمارے بچے صرف کچھ دن امتحان دینےاسکول جاتے ہیں۔
مگر۔۔۔۔۔۔۔۔ بہت دکھ سے یہ کہنا پڑرہا ہے کہ اب جب جماعت نہم اوردہم کی باقاعدہ کلاسزختم ہوچکی ہیں اورکچھ بچوں کےری پریلیم امتحان چل رہےہیں تواب ڈرائیور صاحبان نےیہ نیا کام شروع کردیا ہےکہ وہ صبح تو بچوں کولینےآجاتےہیں مگر واپسی پہ ان کا پرچہ 11 بجے ختم ہونےکے بعد انہیں گھر نہیں چھوڑنےجاتےکہ جب پورے اسکول کی چھٹی ہوگی۔ وین تب ہی چلے گی، اب یا تووہ بچے 3 گھنٹے اسکول میں انتظار کریں یا پھر فیس اداکرنےکے باوجود خود کرایہ لگا کرواپس گھر آئیں۔ اسکول انتظامیہ سے بات کرو تووہ کہتے ہیں کہ وین کی ذمہ داری ہماری نہیں۔
آخری بات افسوس تواس بات کاہےکہ حلال رزق کی اہمیت سمجھنے کےباوجود( اسکول وین مالکان حضرات )آپ اپنے بچوں کو کیا کھلا رہےہیں یہ فیصلہ آپ خود کر لیں؟
اس کےعلاوہ ایک اور مسئلہ قابل توجہ ہےکہ کئی اسکولوں میں اب نیا تعلیمی سال شروع ہوچکا ہے۔ عید کے بعد پہلا دن تھا اوربچوں کو پریشرائزکیا جا رہا ہے کہ مکمل کورس لے کر آئیں جبکہ سب بھی جانتے ہیں کہ رمضان کہ آخری دنوں میں اے ٹی ایم سے پیسے نکل ہی نہیں رہےتھے اورعید کی چھٹیوں کےبعد معمولات زندگی ہی اب شروع ہوئےہیں۔۔ کورس دلانا توہے ہی مگر کیا ہی اچھا ہو کہ کچھ دن کاوقت والدین کو دے دیاجائےکہ وہ ضروری اشیاء کا بندوبست کرسکیں۔اس دوران اسکول کی جانب سے ورک شیٹ فراہم کی جانی چاہیے (جن کے پیسے ہم اسٹیشنری چارجزکی مد میں سال کے شروع میں ادا کرتے ہیں ) تا کہ تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھا جا سکے۔



































