
نادیہ احمد
" معلوم ہے کچھ تم کو محمد کا مقام
وہ امت اسلام میں محدود نہیں ہے"
حضور صلی اللہ علیہ وسلم سرور کائنات ،فخر موجودات سرکار دو عالم محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے بارے میں کچھ
لکھنا گویا چھوٹا منہ اوربڑی بات ، کہ جن کےبارے میں خودرب کائنات نے فرمایا،"ان اللہ و ملائکتہ یصلون علی النبی،یاایھاالذین امنو صلو علیہ وسلم تسلیما"
لہذا اس ضمن میں جو کچھ بھی لکھا جائے وہ محض ایک بساط بھرکوشش ہے. مسلم سیرت نگاروں نے سیرت النبی کےبارے میں جو کچھ لکھا اس کی تو بات ہی کیا ہے. وہ تو اسے اپنے لیے باعث فخر و نجات سمجھتے ہیں مگر مستشرقین بھی اس سے پیچھے نہیں (انگریز جرمنی ٫فرانسیسی ٫ عیسائی سیرت نگاروں کو عام طور سے مستشرق کہا جاتا ہے کہ) انہوں نے مذہب و ملت کے تعصب سے بالاتر ہو کر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں لکھا ہے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ یورپ جہاں عام طور پر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں خاص عقیدت کا رجحان نہیں پایا جاتا وہاں بھی اس موضوع پر ڈیڑھ ہزار سے زائد کتب لکھی جا چکی ہیں۔۔1911ء میں مسیحی اخبار "الوطن" میں سوال کیا گیا تھا
" دنیا کا سب سےبڑا انسان کون"؟
ایک عیسائی "داور مجائص" لکھتا ہے ...
"دنیا کا سب سے بڑا انسان٫ وہ جس نےمحض دس سال کےعرصےمیں نئےمذہب، نئے تمدن کی بنیادرکھی ان کےان کارناموں کےباوجود وہ "امی" اور "ناخواندہ" تھے...
وہ کون؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔"وہ محمد بن عبداللہ بن قریشی عرب اسلام کے پیغمبر ""لین پول "ایک مستشرق لکھتا ہے ۔۔۔
"روئے زمین پر "محمد" جیسا دور اندیش اور صاحب بصیرت انسان کوئی دوسرا دکھائی نہیں دیتا"
"اے گیلوم" رقمطراز ہیں :
"تاریخ انسانی میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام سب سےبلند اورمنفرد ہے"
" مسٹر ای ڈر منگھم "لکھتے ہیں...
" محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی قرآنی تعلیمات اورمسلمہ آفاقی سچائیوں کا جیتا جاگتا نمونہ تھی. آپ نے اپنےگفتار و کردارسے ان حدود سے تجاوز نہیں کیا"
" جارج برنارڈ شاہ" نےحقیقت کو یوں آ شکارکیا ہے:
" عیسائی راہبوں نے جہالت اور تعصب کی بنا پرآپ صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے مذہب کے خلاف مہم چلائی. وہ سب غلط تھے کیونکہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم ایک عظیم ہستی اور انسانیت کے نجات دہندہ تھے".
"بی اسمتھ" کے خیال میں:
"کسی مذہبی رہنما کی حقیقت کا اندازہ اس کے پیروکاروں سےلگایا جا سکتا ہے۔عیسائیوں نےیروشلم فتح کیا اور وہاں اینٹ سے اینٹ بجا دی ستر ہزار مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی شہر تباہ کر دیا گیا لیکن مسلمانوں کی فتح نے ثابت کیا کہ محمد فضل و رحمت بن کر آئے تھے"
تھامس کارلائل نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں لکھا ہے
" ہمارا موجودہ قیاس بالکل غلط اوربےبنیاد ہے کہ آپ دغا باز اورکذب مجسم تھے یہ تو وہ انبارہےجو ہم نے اپنے مذہب کی حمایت میں اس عظیم ہستی کے خلاف کھڑا کیا جو خود ہمارے لئےشرمناک ہے" ۔
یہاں تک کہ ہندو شاعروں نے بھی رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں اشعار کہے
شیش چندر لکھتے ہیں
یہ ذات مقدس تو ہر انسان کو ہے محبوب
مسلم ہی نہیں وابستہ دامان محمد
پنڈت گوپی ناتھ نے لکھا ہے:
شفیع امم رحمت اللعالمین ہیں فقط وہ متاع مسلمان نہیں ہیں
غرض یہ کہ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ہر مذہب اور طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے مورخین نے مذہب اور تعصب سے بالاتر ہوکر کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں کچھ نہ کچھ لکھا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم صرف امت محمدی کے لیے ایک پیغمبر کی حیثیت سے قابل احترام ہی نہیں بلکہ کہ وہ ایک عظیم انسان ،فقیدالمثال مذہبی رہنما اور ایسے دین کے بانی تھے جو انصاف اور مساوات کی بنیادوں پر کھڑا ہے یہی وجہ ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح جب اعلی تعلیم کے لئے برطانیہ گئے گئے تو انھوں نے دیکھا کہ" لنکنز ان" یونیورسٹی کے صدر دروازے پر عظیم ہستیوں کے نام درج تھے اور ان ناموں میں سب سے اوپر "ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم" کا نام لکھا تھا.آج بھی جو لوگ انسانیت اور اخلاقیات کی تمیز و تہذیب رکھتے ہیں ان کے دلوں میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات ایک عظیم الشان ہستی اور عظیم رہنما کی حیثیت رکھتی ہے۔۔



































