
نگہت فرمان
کیا شان ہےکیا وجاہت۔۔۔۔ جب بھی ان لوگوں کو دیکھا ایک رشک کی عزت و احترام کی کیفیت طاری ہوتی تھی ۔ آج یہ کیفیت دوچند ہوگئی ۔ان کی قربانیوں کا رنگ ان کے چہرے
کی ہرلکیرمیں نقش تھا،انہیں اپنے جذبات پر قابو پانے کا ہنربہ خوبی آتا ہے، دل میں چاہے دکھوں کا الاؤ ہو لیکن آنکھوں میں وہی سدا کی چمک۔ انہوں نے اپنے بیٹوں اور خاندان کے بے شمارافراد کی شہادت کوخوش دلی و استقامت سے قبول کیا اور اپنے اس موقف و مقصد سے پیچھے نہ ہٹے جسے وہ درست اورمنصفانہ سمجھتے ہیں ۔
اس درد اورغم کے باوجود جوان کےاندرہےان کی ہمت غیرمتزلزل،ان کی روح اٹوٹ رہی، وہ کوہ گراں کی طرح کھڑے ہیں، ڈٹے ہیں۔ یہ آزمائشیں وآلام ان کے حوصلے مزید مضبوط کررہے ہیں۔وقت کےفرعونوں کوخبر دو کہ ابھی اس سرزمین پرارض مقدس میں قرون اولیٰ کی سنت تازہ کرنےوالے ایسے مسلمان موجود ہیں جنہیں دیکھ کر دشمن کانپ جاتےہیں ،خوف زدہ ہوجاتے ہیں اور ہم جیسے مسلمان انہیں دیکھ کر رشک کرسکتے ہیں ۔ ان جیسا بننےکی خواہش کرسکتے ان کی تعریف کرسکتےدعا کرسکتے ہیں لیکن ان کے جیسے ایمان کی ایک رمق پیدا کرنے کے لیے حوصلہ چاہیے۔ ہمت چاہیےزمانہ سے ہٹ کرچلنے کا ظالموں سے ٹکرا جانے کا۔
اسماعیل ہنیہ کےبچوں کو نشانہ بنانے والےسمجھےتھے کہ اس سےحوصلہ پست ہوجائیں گےلیکن دشمن ششدرہوگیا ہوگا یہ کیسا باپ ہے،کیسا دادا ہےجو خبر سن کہ کہہ رہا میرے بچوں کو نشانہ بنانے سےمجھ پر دباؤ نہیں ڈالاجاسکتا۔ یہ تو ایک سادہ اور مختصر سا تحفہ ہے جو میں نے اپنی عوام کی خدمت میں پیش کیا۔میرے بچوں کا خون میری عوام کےبچوں سےزیادہ قیمتی نہیں۔انہی قربانیوں کی بہ دولت ان شاء الله ہم آزادی حاصل کریں گی۔ کیسی ماں ہےجو بسترعلالت پرہے اورشہادت کی خبر سن کرافسوس کے بجائے بسترسے اٹھ کر نفل ادا کرکے اپنے رب کا شکر ادا کرتی ہے۔
ان کے دل زخمی بھی ہوں گےاورچھلنی بھی لیکن یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی جانوں کا سودااپنےرب سےکرچکےان کا ہرعمل گواہی دے رہا ہےکہ وہ رب کے چنیدہ ہیں ، جتنے شہداء کی تعداد بڑھ رہی ہےاس سے دگنی تعداد میں ان عشاق کےقافلے بڑھ رہے ہیں ۔ان کےعزم اور طاقت کی روشنی سےدشمن کی آنکھیں خیرہ ہیں ۔ ان شاء اللہ جلد یا بدیر عشاق کے یہ قافلے دشمنوں کو گھٹنے ٹیکنے پرمجبور کردیں گے ۔
قتل گاہوں سے چن کرہمارے علم
اور نکلیں گےعشاق کے قافلے
جن کی راہ طلب سے ہمارے قدم
مختصر کر چلے درد کے فاصلے



































