
نگہت فرمان
برستے بم اور میزائلوں کی بارش میں بھی ماں کویہ گمان تھا کہ اس کی گود سائبان کا کام کرے گی ۔ وہ ماں تھی ہر ممکن کوشش کررہی تھی
اپنے بچوں کو بچانے کی جب سب کچھ تھما اور چہار سو بس سناٹا دھواں و بارود کی بو تھی دشمنوں کے بوٹوں کی آواز بھی ایک جامد وجود کو ہلا نہیں سکی۔
بوٹوں کی آواز رکی اور دشمن کی نظریں ساکت و جامد وجود کی طرف اٹھیں تو وہ بھی حیران ہوئے بغیر نہ رہ سکا ۔ماں کی گود کہ ایک طرف ایک بچہ کھلی و بے جان آنکھوں سے ماں ہی کی طرف دیکھ کر دنیا کی بے حسی کا ماتم کررہا تھا اور دوسری جانب ایک سال کی بچی نیم وا آنکھوں کے ساتھ اپنا ہاتھ ماں کے چہرے پر رکھے بے جان پڑی تھی اور ماں اس کے چہرے پر دکھ کرب و اذیت کی نہ ختم ہونے والی داستان تھی ۔
چہرے پر آنسو کے نشان اورخشک و پیاس سے ترسے لب ،ایسا لگ رہا تھا دعاکے لیے کھلے تھے ،وہ تینوں وجود دنیا میں نہیں رہے تھے اس کربناک منظر کو دیکھنے کے بعد دشمن کا وہ سپاہی ایک شب ہی نہیں کئی شب نہ سو سکا اور پھر یوں ہوا چشم فلک نے دیکھا ایک صبح اس کی لاش ملی اور لاش کے پاس رکھا خط کہ میں انسانوں پر مزید ظلم کے بوجھ کے ساتھ زندہ نہیں رہ سکتا ۔۔۔
میرے وجود کے چیتھڑے بھی ہو جائیں تو جو ظلم میں نے اپنی فوج کے ساتھ مل کر ان ننھے بچوں خواتین و بوڑھوں پر روا رکھا ہے ،تب بھی وہ کفارہ نہیں ہوسکتا ۔۔ہم جیسوں کا اس دھرتی سے نام و نشان مٹ جانے ہی سے دھرتی پر امن قائم ہوسکتا ہے ۔



































