
نگہت فرمان
اپنا سب کچھ قربان کردینے والے اپنی جان و مال اپنی اولاد ،وقت ،ہرچیز اللہ کے سپرد کردینے والے کتنےعظیم ہوتے ہیں ۔کیا
ہیرا صفت ہوتے ہیں ،ہر فرد کے دل میں رب تعالیٰ خود ہی ان کی محبتیں دے دیتے ہیں۔ ان کے جانے سے لگتا ہے کہ جیسے امت یتیم ہوگئی لیکن اللہ کا نظام ہے ۔وہ ان کا بہترین نعم البدل امت کو عطا کردیتا ہے جو ہر ٹوٹے دل کا سہارا گرتے عزم کا حوصلہ بنتا ہے ۔
ایک فرد اپنی مکمل زندگی رب کے سپرد جب کرتا ہے تو یقیناً وہ راہ خدا میں خود کو ایسا ہلکان رکھتا ہے، ایسا تھکا دیتا ہے کہ ہم جیسے لوگ سوچ سکتے ہیں لیکن جو کچھ اس پر گزر رہی ہوتی ہے جو اس کے دل و دماغ کی کیفیت ہوتی ہے وہ صرف رب کریم ہی جان سکتے ہیں ۔
امت کے دلوں کی دھڑکن حماس کی توانا آواز دنیا سے رخصت ہوئی۔اپنا خاندان اللہ کے حوالے کرنے والے خود بھی اللہ سے جا ملے ،اللہ کی ذات پر یقین ہے ۔اس کے وعدے پر بھروسہ کہ یقیناً ان کا استقبال وہاں بہت شاندار ہوا ہوگا ۔ان کے بیٹے،پوتے و پوتیاں اب ہمیشہ جنت میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ وہ تو سب اپنی مراد پاگئے اورپارہے ہیں ۔ہمیں اپنی فکر کرنی چاہیے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں؟ ہمارا انجام کیا ہوگا ؟ ان کی زندگی بھی ہمارے لیے پیغام تھی اور ان کی شہادت بھی ہمارے لیے پیغام فکر ہے ۔
"دنیا کی زندگی محض چند روزہ ہے اور دھوکے کہ سوا کچھ نہیں۔ "۔



































