
نگہت فرمان
ہم جس فضا میں سانس لے رہےہیں جس ملک کے باشندے ہیں، یہاں ہر روز نیا حادثہ وسانحہ جنم لیتا ہے،ہم روتے ہیں کڑھتے
ہیں جس کے خلاف ہم مہم چلاتے ہیں ظالموں کو کیف کردار پہنچانےکی تگ ودو میں لگ جاتے ہیں اورمظلوموں کو انصاف دلانے کی ہر ممکن سعی کرتے ہیں لیکن کیا کریں المیہ ہی المیہ ہے۔ ہمارے ہاں انصاف کا پلڑا چند مراعات یافتہ طبقے کے حق میں ہی رہتا ہے اور باقیوں کو ناانصافی کا ناقابل برداشت بوجھ اٹھانے پرمجبورکر دیا جاتا ہے۔
ایک ایسا معاشرہ جہاں اخلاقیات اور احتساب سے زیادہ دولت اور طاقت کا راج ہے، جہاں سکے انصاف خرید لیتے ہیں اور جہاں قانون کا ڈنڈا صرف کمزوروں کے لیے ہے، ایک ارب پتی فرد کی معصوم جانیں لینے کا واقعہ نیا نہیں، کبھی معصوم افراد ایسے دولت کے نشے میں دھت افراد کی گولیوں کا شکار بنتے ہیں تو کبھی ان کی بڑی بڑی گاڑیوں کی زد میں آکر کچلے جاتے ہیں ۔کبھی ان کی ہوس و درندگی کا نشانہ بنتے ہیں ۔حد تو یہ ہے کہ کچھ لوگ ان کی انا کی بھینٹ بھی چڑھ جاتے ہیں لیکن آج تک کوئی ان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچا سکا بلکہ وہ ہمیشہ ہی رہا ہو جاتے ہیں ۔حیرت ہوتی ہے اتنے گھناؤنے فعل کے بعد مجرموں کو رہا کردیا جاتا اور ، متاثرین کو ان کے ناقابل تلافی نقصان پر ماتم کرنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔
کبھی باپ بیٹی کو خاک میں ملا دیتے ہیں۔ کبھی بھائیوں اور بیٹوں کی زندگیوں کےچراغ بجھا کروالدین کی آنکھیں چھین لیتے ہیں۔ کبھی معصوم کلیوں کو روند دیتے ہیں اور کوئی انہیں سزا دینے والا نہیں ہوتا ۔۔
وہ ہمیشہ فتح کا نشان بنا کر ملک سے فرار کرادیے جاتے ہیں ۔آخر کب تک کب تک ہمارے ملک میں یہ ظالمانہ نظام رہے گا اور ہم تماش بین بنے رہیں گے ؟۔ انصاف کی فراہمی عدالتوں کی ذمہ داری ہے ۔
ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ ہماری عدالتیں آزاد نہیں ۔ ہم اس تلخ سچائی سےبہ خوبی واقف ہیں کہ پیسہ آزادی بھی خریدتا ہے اور انصاف بھی۔ ہمیں ایسے نظام پرسوال اٹھانا چاہیے جو سب کے لیے انصاف اور مساوات کے اصولوں کو برقرار رکھنے میں ناکام ہو۔ ہم ہر روز نوحہ یا تو پڑھ رہے ہوتے ہیں یا لکھ رہے ہوتے ہیں۔ اس نوحہ کی بازگشت اب کہ ایسی ہونی چاہیے کہ دور دور تک سنائی دے اور ہماری عدالتیں اب مجرم کو کسی طور نہ چھوڑ سکیں ۔ہمیں متحد ہوکر اس ظالمانہ نظام۔کے خلاف لڑنا ہوگا، یہاں تک کہ سب جان جائیں کہ ہم جیتے جاگتے انسان ہیں کوئی چیونٹی یا کیڑا نہیں جسے جب چاہا مسل دیا جائے اور کوئی پکڑنے والا بھی نہ ہو۔
کاش ہم میں اتنی ہمت و طاقت آجائے کہ ہم ظالموں کے خلاف متحد ہو جائیں ۔اتنا شعورآجائےکہ ہم یہ سمجھ سکیں کہ جو لوگ اس ظلم کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں ،کھڑے ہیں ،ان کا ساتھ دینا اب تو ہم پر فرض ہوچکا ہے اپنے پڑوسیوں سے ہی سیکھ لیں کہ جب متحد ہوئے قوم بنے ،اپنے اپنے خول سے باہر آئے تو ہی ظالمانہ نظام کو شکست دے سکے ۔ہمیں بھی اگر اپنے حالات بدلنے ہیں تو خود کو بدلنا ہوگا اپنے مفادات ،اپنی پسند سے باہر نکلنا ہوگا ،نظام کو بدلنے کے لیے متحد ہونا ہوگا چاہے ۔لاکھ سیاسی اختلافات ہوں انہیں پس پشت ڈال کر نظام کا باغی بننا ہوگا تب ہی ہماری تقدیر بدلے گی ۔ورنہ اسی گلے سڑے نظام میں اپنی باری آنے کا انتظار کریں کہ جانے کب ہم کس ظلم کی بھینٹ چڑھتے ہیں۔
نہیں اٹھنا بغاوت کو تو مر جاؤکہیں جا کر
یہ سہنا روز کی ذلت، یہ جینا روز گھبرا کر
جو بزدل رہ کے زندہ ہوں، مقدر ان کا سوتا ہے
ہم اس کے مستحق ہیں جو ہمارے ساتھ ہوتا ہے
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































