
نگہت فرمان
آج کی کامیاب ہڑتال اس بات کا واضح ثبوت ہےکہ پوری قوم میں عدم اطمینان کے شعلے بھڑک رہے ہیں۔ سڑکوں پر بند چھوٹی
چھوٹی دکانیں اور ٹھیلےعلامت ہیں کہ چاہے چھوٹا دکاندار ہو یا بڑا تاجر سب حکومت سے نالاں ہیں ۔عوام کی اکثریت جو اب مہنگائی اور ناانصافی کی دہری لعنتوں کے خلاف متحد ہے، پریشان وہ پہلے بھی تھے، خاموش تھے، اب بول پڑے ہیں اور تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔
حکمران جو طاقت کے نشے میں چور ہیں ،انہیں اندازہ ہوناچاہیے کہ وہ عوام کےغیظ وغضب کے سمندر میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ تاریخ نے ہمیں دکھایا ہے کہ جب کوئی قوم جبر کی قوتوں کے خلاف ایک ہو کر اٹھتی ہے تو انقلابات جنم لیتے ہیں۔حال ہی میں پڑوسی ملک بنگلادیش کا انقلاب ہمارے لیے باعث حوصلہ اور حکمرانوں کے لیے سبق ہے۔
آج ہم ایک نئے دوراہے پرکھڑے ہیں۔ عوام، خالی وعدوں اور مصائب سےتنگ آکر اپنے حق کے لیے یکجا ہیں۔ اب وہ پروپیگنڈے کے ڈھول سے خاموش نہیں ہوں گے اور نہ ہی ان لوگوں کے جھوٹے وعدوں سے متاثر ہوں گے جو جمود کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ مہنگائی اور بے جا ٹیکسوں نے بہت سے لوگوں کا ذریعہ معاش چھین لیا ہے۔ خاندانوں کو غربت کے سائے میں جینے پر مجبورکر دیا ہے۔
عوام کو بنیادی سہولیات کے لیے بھی ترسا دیا گیا ہے لیکن اب لوگ اس قدر تنگ آگئے ہیں کہ ان کی برداشت جواب دے گئی ہے۔۔ ایک بہتر کل کی تلاش میں متحد ہو کر وہ اپنے راستے کی رکاوٹوں سے بے خوف ہو کر آگے بڑھنے کی جدو جہد کررہے ہیں۔ وہ حکمران جو اپنے مضبوط محلات اور دنیاوی سہاروں میں خود کو محفوظ سمجھ رہے ہیں، قوم کے بیدار ہونے کے خیال سے انہیں کانپنا چاہیے ۔ یہ کامیاب ہڑتال انقلاب کی چنگاری ہے۔ عوام کی یہ طاقت اب ان شاء اللہ وطن میں چھائی تاریکی کو سحر میں تبدیل کرے گی ،جب قوم ناانصافی کے خلاف متحد ہو جائے تو ایسی آگ بھڑکتی ہے جو جبر کے سب سے مضبوط نظام کو بھی جلا دیتی ہے۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































