
نگہت فرمان
کیسے ضبطِ تحریر میں لائے جاسکتے ہیں جذبات، محسوسات،عقیدت ومحبت، نہیں ایساممکن نہیں۔ یہ تو صرف محسوس ہی کیے جاسکتے ہیں اور وہ بھی
اس شرط کے ساتھ کہ دل ہو۔ صرف دل نہیں، کیا دھڑکتا ہوا دل،نہیں نہیں دلِ زندہ۔ اسی لیےتو ڈاکٹر اقبال کو کہنا پڑا:دلِ مُردہ دل نہیں ہے،اسے زندہ کر دوبارہ۔
کیا صرف مجرد سچائی ہی راہِ نجات ہے،نہیں ایسابھی نہیں کہ بتایا گیاہےکہ سچائی کے لیےشرط ہے،زبانِ صادق کی۔ تو بس طے ہواکہ یہ دعویٰ وہ کرے جو دلِ زندہ رکھنےکےساتھ زبانِ صادق بھی رکھتا ہو۔ اوہ یہ سعادت تو ہر کس و ناکس کا نصیبا کہاں کہ بس یہ تونعمتِ خداوندی ہے اور ایسی نعمت، نعمتِ عظمی کہیں جسے۔
دعویٰ تو وہ کرے جسے خدانے اپنے حبیبؐ کی محبت میں مبتلا کیا ہے،جسے محبت رسول اکرمؐ سے نوازا گیا ہو، جسے یہ نعمتِ دارین عطا کی ہوکہ جس کےسامنے ہرنعمت کچھ حیثیت ہی نہیں رکھتی۔ یہ بھی توایک دعوی ہی ہے کہ میرے نبی سے میرا تعلق خاص ہے !بس یہی ہے مقام فکر، انسان کو اپنی حیثیت معلوم ہے، روز ازل سے معلوم، انسان کو رب تعالٰی نے کم زور پیدا کیا ہے،اسے مکمل بااختیار نہیں بنایا۔ انسانِ کامل تو بس ایک ہی ہیں، واحد جناب سرکار مآب ﷺ۔
انسان کو زندہ رہنے کے لیے سہاروں کی ضرورت ہوتی ہے،ایسےسہارے جو اسے کبھی بے سہارانہ ہونےدیں۔ ایسے سہارے ہیں کہاں، اب تو ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے۔ وہ واحد انسانِ کاملؐ جن کی ذات گرامی انسانوں کے لیے ہمیشہ ہی روشن رہی اورجس کا ہر پل انسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف رہا۔ وہ جو اترکر حرا سے سوئے قوم آیا، اور اک نسخۂ کیمیا ساتھ لایا۔ ایسا نسخۂ کیمیا جو انسانوں کے ہر دکھ کو سکھ میں بدلنے والا، ہر مرض کی شافی دوا، ہر الجھن کی بہترین سلجھن، ہر مسئلے کا پائیدار حل اور ہر زخم کو مندمل کرنے والا ہے۔ ایسا نسخۂ کیمیا جو انسان کاملؐ لائے تھےاوراس پر صحرائےعرب کے بدؤں نےآپؐ کی قیادت میں عمل پیراہوکر سارے عالم کی زندگی کو بدل ڈالا تھا۔ وہ جس نے راہ زنوں کوراہ بربنا ڈالا۔
اس انسان کاملؐ کے لائےہوئےنسخۂ کیمیا پرعمل کرتے ہوئے انسانیت کے لیےرحمت بن گئےکہ وہ جس کےپیروکار تھے،آپ خود رحمت العالمینؐ تھے اور رہیں گے لیکن ہمارا ان سے کیا رشتہ ہے جو ہم بیان کریں! کیا یہی کہ ہم نے آپؐ کی بتائی ہوئی تعلیمات کو یک سربھلا دیا اوراپنے مسائل کے حل کے لیے اغیار کی طرف دیکھنے لگے۔ کیا یہی کہ آپؐ نے بتایا تھا کہ تم سب آپس میں بھائی بھائی ہو ایک دوسرے کے حقوق اور اپنے فرائض کا خیال رکھنا۔ لیکن ہم نے کیا یہی کہ بس اپنے حقوق طلب کیے اور دوسروں کے حقوق کو غصب کیا۔ کیا یہی کہ آپؐ نے بتایا تھا کہ ہرگز ہرگز منتشرمت ہونا اوراللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنا اورہم میں سے ہرایک نے اپنے الگ الگ مسالک بنالیےاوراپنی الگ الگ مسجدیں بنالیں۔
کیا یہی ہمارا آپؐ سے تعلق رہ گیا کہ آپؐ نے فرمایا تھا کہ تم سب آدم کی اولاد ہو، تم میں کوئی تفریق نہیں سوائے تقوی کے،تو پھر کیا ہم نے اس کلیے کو بھلا کر دولت کو معیار نہیں بنالیا۔ کیا یہی ہےمحبت آپؐ کے ہر فرمان کو ہم نے بھلا دیا اور ان کی تعلیمات پر عمل ہی نہیں کرتے۔ لیکن آفرین ہے کہ ہم پھر بھی یہ دعوی کرتے نہیں تھکتے کہ ہمیں اپنے رسول اکرمؐ سے محبت ہے۔ کیا ہم اپنے دعوے کے ثبوت میں کوئی دلیل اور عمل لا سکتے ہیں، یقیناً ہمارا جواب نفی میں ہوگا۔ بس یہی ہےمقام سوچ و فکر، ہمیں تنہائی میں سوچنا چاہیے کہ ہمیں اپنے نبیؐ سے محبت ہے یا ۔۔۔۔۔۔۔۔ بس ۔۔۔۔۔۔۔ سوچیے کہ یہی مقام سوچ و فکر ہے۔
افسوس صد افسوس ہم میں دل ہی نہیں،اسی لیے تو رب کائنات نے فرمایا کہ ان کی آنکھیں ہیں، لیکن یہ دیکھتے نہیں، ان کے کان ہیں لیکن یہ سنتے نہیں ہیں۔ کیا ہم ایسے ہی نہیں ہیں۔ بات نکلے گی تو پھر دُور تلک جائے گی۔ بس سوچیے کہ یہی مقام فکر ہے، کیا یہ سچ نہیں ہے کہ میرے نبیؐ سے میری محبت سوالیہ نشان ہے۔ وہ دیکھیے علامہ اقبالؒ کیا کہہ رہے ہیں
دل مُردہ دل نہیں ہے، اسے زندہ کر دوبارہ
اور یہ بھی کہ
کی محمدؐ سے وفا تُونے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا لوح و قلم تیرے ہیں



































