
نگہت فرمان
یہ مشکل کام تھا اور میں اکیلا کبھی نہیں کرسکتا تھا،میرا ایمان ہےکہ یہ خدا کا معجزہ ہےکہ پاکستان وجود میں آیا، قائد اعطم
کسی دانشور کا قول ہے’’اچھے حکم راں بری قوم کو اچھا بناتے ہیں،اگر بھیڑوں کےریوڑ کو شیر کی قیادت مل جائے تو وہ ریوڑ کو لشکر بنا دیتا ہے۔‘‘
قائد اعظم محمد علی جناح بھی برصغیرکےمسلمانوں کے لیے ایسےلیڈر گزرے ہیں، جنہوں نے ریوڑ کو لشکر بنادیا تھا۔ قائداعظم مسلمانان برصغیر کےجدوجہد آزادی کےقائد 25 دسمبر 1876کو کراچی کے ایک خوش حال تاجرجناح پونجا کےہاں پیدا ہوئے۔ انہیں چھےبرس کی عمرمیں مدرسے میں داخل کرادیا گیااوردس سال کی عمرمیں بمبئی کے اسکول گوگل داس تیج پرائمری اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کےلیے بھیج دیا گیا،لیکن ایک سال بعد ہی کراچی لوٹ آئے اور سند ھ مدرسےسے 15 سال کی عمر میں میٹرک کاامتحان پاس کیا۔ 1892 میں بیرسٹری کا امتحان پاس کرنے کے بعد مزید تعلیم کے لیے لندن چلےگئے۔جہاں کے حالات و واقعات سے متاثر ہوکرسیاست میں دل چسپی لینا شروع کی۔
بیرسٹربن کر جب کراچی لوٹے تو معلوم ہوا کہ والد کا کاروبارختم ہوچکا ہے۔ پریشان ہونے کے بجائے نوجوان محمد علی جناح نے حصول معاش کے لیے مشہور وکیل ہرچند رائےروشن داس کےماتحت کام کرنا چاہا لیکن وہ راضی نہ ہوئے، جس کے بعد قسمت آزمائی کے لیے انہوں نے بمبئی جانےکا فیصلہ کیا۔وہا ں پہنچتے ہی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تین سال کے کٹھن دور کے بعد آ پ کے والد کے دوست بمبئی کے ایڈووکیٹ جنرل مسٹر میکفرسن سے ملوانے لے گئے جنہوں نے نہ صرف خوشی سےاستقبال کیا بلکہ ان ہی کی سفارش کی بدولت آپ کو پریزیڈینسی مجسٹریٹ کی ملازمت مل گئی۔
قائد اعظم نےبرطانیہ میں قیام کےدوران حالات وواقعات کا بغورجائزہ لیا اوروہاں کی سیاسی زندگی سےمتاثر ہوئےبغیرنہ رہ سکے۔ اسی لیے ان میں اپنے ملک کو بھی آزاد، خودمختار اور سیاسی طور پر مستحکم دیکھنے کی آرزو پیدا ہوئی۔
اٹھارہ سو چھیانوےمیں جناح نے انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی جوکہ اس وقت ہندوستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی۔ تاہم مہاتما گاندھی کی ہندو پرستانہ پالیسیوں کے باعث کانگریس چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ جناح برطانوی ہند کی امپیریل کونسل کے رکن منتخب ہوئے ۔مسلم لیگ سے ہم دردی رکھنے کے باوجود آپ نے اس میں شمولیت سے گریز کیا،مگر انیس سو تیرہ میں مولانا محمدعلی جوہر اور سید وزیر حسین کی مشترکہ کوششیں رنگ لائیں اور آپ مسلم لیگ میں شامل ہونے پر راضی ہوگئے۔ قائداعظم کی مخلصانہ کوششوں کی بدولت آل انڈیا مسلم لیگ اور انڈین نیشنل کانگریس کے درمیان میثاق لکھنٔو طے پایا۔ سن انیس سو سولہ میں طے پانے والا یہ معاہد ہ خودمختاری، برطانیہ سے آزادی اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ معاہدہ تھا۔
قائداعظم سن انیس سو چوبیس سےانیس سو چھبیس تک خاموشی سےسیاسی حالات کا جائزہ لیتے رہےاورشدید مایوس ہوئے۔ وہ سن انیس سو تیس میں لندن کی دوسری گول میز کانفرنس میں شریک ہوئے، جہاں علامہ اقبال بھی موجود تھے، جنہوں نے الہٰ آباد کے جلسے صدارت میں ہندوستان میں متحدہ اسلامی ریاست کے قیام پر زور دیا تھا۔ علامہ اقبال نے قائد اعظم سےکئی ملاقاتیں کیں اور اپنا نقطۂ نظر سمجھانے کی کوشش کی، لیکن قائداعظم برصغیر کی سیاست سے اتنے بیزار ہوگئے تھے کہ واپس جانے کے بجائےلندن میں رہ کر پریوی کونسل میں پریکٹس کرنے کو ترجیح دی۔
سن انیس سو تیتیس میں لیاقت علی خان اپنی بیگم کے ہمراہ لندن گئے اور قائد اعظم کو واپس لانے کے لیے قائل کیا۔ انہیں بتایا کہ ہمیں ایسے قائد کی ضرورت ہے جو نہ کسی کے آگے جھکنا جانتا ہو نہ بِکنا۔ مسلمانان ہند ایسے مسیحا کے منتظر ہیں جو ان کے زخموں پر مرہم رکھے۔ یہ سُن کر انہوں نے کہا کہ آپ جائیں اور حالات کا جائزہ لیں اگر ایسا ہو تو مجھے بلا لیں۔ لیاقت علی خان نےواپس آتے ہی قائد اعظم کو خط لکھ دیا۔ 1934ء میں قائداعظم ہندوستان واپس آئے اورمسلم لیگ کے مردہ وجود میں جان ڈالنے کی مہم شروع کی۔
سن انیس سو پینتیس میں بمبئی میں مسلم لیگ کے اجلاس میں انہیں یہ ذمے داری سونپی گئی کہ مسلمانوں کہ بحیثیت قوم ایک پلیٹ فارم پر مُنظّم کریں تاکہ جماعتی سطح پر صوبائی انتخابات لڑے جاسکیں۔ جناح اس ذمے داری کو احسن طریقے سے نبھانے کے لیے کوشاں ہوگئے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ آپ نے آسام سے صوبہ سرحد ہر جگہ کا دورہ کیا اور مسلمانوں کو آنے والے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں بیدارکیا۔ ان انتخابات میں مسلم لیگ کو مسلم اقلیت والے صوبوں میں ساٹھ سے ستر فیصد تک کام یابی حاصل ہوئی جب کہ مسلم اکثریت والے صوبوں میں کام یابی نہ ملنے کی وجہ یہ تھی کہ بنگالی مسلمان کرشک پرجا پارٹی کے ماتحت تھے، پنجابیوں پر یونینسٹ پارٹی حاوی تھی، جب کہ پٹھانوں کو کانگریس نے محصور کر رکھا تھا۔
اس صورت حال سے فائدہ اٹھا کر پنڈت جواہر لعل نہرو نے نعرہ بلند کیا کہ اس ملک میں دو ہی پارٹیاں ہیں کانگریس اورحکومتِ برطانیہ قائداعظم نے جواباََ کہا تیسری قوت بھی ہے اور وہ ہے ’’مسلم لیگ۔‘‘ دو سال کے اندر ہی معلوم ہوگیا کہ مسلم لیگ ایسی طاقت ہے، جس سے انکار ممکن نہیں۔ سن انیس سو سینتیس کے انتخابات میں مسلم لیگ کے مقابل شکست کے خوف سے کانگریس اپنا امیدوار کھڑا نہ کر سکی۔
دسمبر سن انیس سو سینتیس میں پٹنہ کے صدارتی اجلاس میں قائداعظم نےہندوستان کے ہرمسلمان کومسلم لیگ میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا،’’یہ مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم ہے۔ کسی کی ملکیت نہیں، اسے جس راہ پر چلانا چاہیں چلاسکتے ہیں۔ مسلمانوں میں کافی بیداری ہوچکی ہے۔ اب اگر ہمت سے کام لیں اور خود کو فوج کی طرح منظم کرلیں تو فتح ہماری ہوگی۔‘‘ مسلمانوں نے قائد اعظم کی اس آواز پر صدق دل سے ان کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔
سن انیس سو چھیالیس انتخابات میں مسلم لیگ نےمسلمانوں کی بیشتر نشستوں پر کام یابی حاصل کی اور قائداعظم براہ راست اس کوشش میں مصروف ہوگئے کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن حاصل کیا جائے، جس کے رد عمل کے طور پر کانگریس کے حامیوں نے گروہی فسادات کرادیے۔لارڈ ویول کے بعد ماؤنٹ بیٹن ہندوستان کا وائسرائے بن کر آیا۔ اس نے مسلم لیگ اور کانگریس کے اتحاد کرانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن جب ناکامی ہوئی تو اس نے حکومت برطانیہ کو تمام صورت حال سے آگاہ کردیا۔
پندرہ مئی انیس سو سنتالیس کو لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے تمام لیڈروں کوبلا کربرطانوی حکومت کے اس فیصلے سے آگاہ کیا کہ برصغیر کو دو حصوں میں تقسیم کردیا جائے گا ہندوستان اور پاکستان اور پندرہ اگست انیس سو سنتالیس کو حکومت برطانیہ دست بردار ہوجائے گی۔ لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے اس بات کا برملا اعتراف کیا،’’مجھے اس بات کا زعم تھا کہ مجھ میں لوگوں کو اپنی بات منوانے کی بڑی صلاحیت ہے لیکن جناح کے مقابلے میں مجھے شکست ہوئی۔‘‘سات اگست سن انیس سو سنتالیس کو بذریعہ جہاز قائد اعظم دہلی سے کراچی پہنچ گئے اور چودہ اگست انیس سو سنتالیس کو پہلے گورنر جنرل کا عہدہ سنبھالتے ہی ایک مرتبہ پھر کاموں میں جُت گئے۔ وہ نئی مملکت کو استحکام دینے کے لیے ہمہ وقت کوششوں میں لگے رہتے۔ انہیں تقسیم کےوقت ہونے والی خوں ریزی سےشدید صدمہ پہنچا، جس کی وجہ سے ان کی طبیعت خراب رہنے لگی۔ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا جن کےمشورے پروہ انیس سو اڑتالیس میں زیارت چلے گئے۔
قائداعظم نے اپنی وفات سے دو تین روز قبل اپنے معالج پروفیسرڈاکٹرریاض علی شاہ کےذریعہ قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا تھا،’’تم جانتے ہوئے کہ جب مجھے یہ احساس ہوتا ہے کہ پاکستان بن چکا ہے تو میری روح کو کس قدر اطمینان ہوتا ہے۔ یہ مشکل کام تھا اور میں اکیلا کبھی نہیں کرسکتا تھا ، میرا ایمان ہے کہ یہ خدا کا معجزہ ہے کہ پاکستان وجود میں آیا۔ اب یہ پاکستانیوں کا فرض ہےکہ وہ اسے خلافت راشدہ کا نمونہ بنائیں تاکہ خدا اپنا وعدہ پورا کرے اور مسلمانوں کو زمین کی بادشاہت دے۔‘‘ قائدِاعظم کو گیارہ ستمبر انیس سو اڑتالیس کو کراچی لایا گیا، جہاں وہ قوم کو روتا چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوگئے۔



































