
مصباح رفیق
"امید پر دنیا قائم ہے" یہ جملہ اکثرو بیشتر ہماری روزمرہ زندگی میں استعمال ہوتاہے پر یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ جس امید کی مثالیں پورے جہان کے لوگ ایک دوسرے کو
دیتے ہیں اصل میں امید ہے کیا؟
دراصل امید، "توقعات کے پورا ہو جانے کا نام ہے" اور ہم انسان یہ سمجھ بیٹھےہیں کہ اگر ہم دنیا والوں سے امید لگائیں گے تو ہماری وہ ساری توقعات جو ہم ارادی یا غیر ارادی طورپر ان سے جوڑ بیٹھے ہیں وہ تمام کی تمام پوری ہو جائیں گی اور یہی وہ مرکزی نقطہ ہے جہاں ہم مار کھا جاتے ہیں اور ایسے لوگوں کی وجہ سے پھر ہم کبھی کسی پر بھروسہ نہیں کرتے اور وہ تکلیف الگ جس سے دوچار ہونا پڑتا ہے لیکن اگر ہم زندگی کے چکر کو دوبارہ سوچنا شروع کر دیں تو جب انسان کو پیدا کیا جاتا ہے تب اسے اس بات سے بھی آگاہ کردیا جاتا ہے کہ یہ دنیا اور اس کی زندگی عارضی ہے۔ فنا ہوجانے والی تو یہاں موجود انسانوں سے کیا اور کیوں مانگنا؟بلکہ اس مقدس ذات کے سامنے سر خم کرنا جس نے تمہیں پیدا کیا ہے۔
اگر لفظ امید کا باریکی سے مطالعہ کیا جائےتو ہمیں یہ معلوم ہو جائے گا بلکہ معلوم ہونا چاہیے کہ امید درحقیقت "دعا "ہے ہر وہ دعا جو ہم اللہ رب العزت سےمانگتے ہیں اور اللہ کہتا ہے " تم مجھ سے مانگو میں رحمان ہوں رحیم ہوں۔ تمہیں تمہاری سوچ سے بڑھ کر دوں گا۔ اتنا نوازوں گا کہ تمہارے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا صرف اس شرط کے ساتھ کہ تم مانگو گے لیکن صرف مجھ سے میں یکتا ہو اور میرا کوئی شریک نہیں اور میری ہی ذات سے تم سکون پاؤ گے۔"
تو اس سب کے بعد کسی اور وضاحت کی تو گنجائش ہی نہیں رہتی۔ جب وہ رب ہم سے خود کہہ رہا ہے مانگو کیا مانگتے ہو تو مانگنا ہے نا !!کیوں لوگوں سے امیدیں وابستہ کئے بیٹھے ہیں ہم اس انتظار میں ہیں کہ کب لوگ ہماری ساری امیدوں کو کرچیوں میں تبدیل کر دیں گے اور پھران کرچیوں کو اٹھاتے اٹھاتے جو زخم ہماری روح پر لگتے ہیں اور ہم دلبرداشتہ ہوتے ہیں پھر اللہ سے ان کی شکایت کرنے پہنچ جاتے ہیں اور جاتے بھی کس منہ سے ہیں کہ جب اللہ نے ہمیں بتا دیا کہ دینے والی ذات صرف اس کی ہے تو اب ہمارے پاس اس سب کی کیا دلیل ہے؟؟ ہمارے لئے تو مجھے شرم کا مقام ہونا چاہیے کہ اس حال میں بھی وہ رب ہمیں لوگوں کی طرح طعنے نہیں دیتا ۔ طنز نہیں کرتا ۔ ہماری غلطیاں نہیں گنواتا۔ ہماری ناشکری نہیں بتاتا نہیں ہے بلکہ اس وقت بھی وہ ہماری اس دعا کو سنتا ہے ۔اس فریاد کو سنتا ہے جو ہم اسے سنا رہے ہوتے ہیں۔
ایک ماں اپنی اولاد سے کتنی محبت کرتی ہے۔ اس کی ہر خواہش کو پورا کرنے کے لئے جو ممکن کوشش کرتی ہے ۔ پھر اللہ تو ستر ماؤں سے زیادہ اپنے بندوں کو چاہتا ہے۔ ان سے محبت کرتا ہے، یہ تو ہم ناشکرے بندے ہی ہیں ہمیں سوچنا چاہیے کہ اتنی بے بہا محبت کے عوض ہم نے اللہ کے سامنے کیا پیش کیا؟ کیا ہم اس معیار پر اتر پائے جس کا حکم اس ذات نے ہمیں دیا تھا؟
آج دو چار اچھے کام کر کے ہم کیا سمجھتے ہیں کہ ہم نے خدا نخواستہ اللہ پر کوئی احسان کیا ہے؟ ہرگز نہیں!!!اللہ کوضرورت نہیں ہم جیسے ناشکرے لوگوں کی لیکن کیا،بات صرف ایک ہے کہ وہ رحمن اور رحیم ہیں اسی لیے اپنے بندے کی ہر غلطی کے باوجود اسے ہر بار ایک نیا موقع دیتا ہے۔ اگر امید لگانی ہے تو صرف اس ذات سے لگاو¿ جو وحدہ ہو لا شریک ہے جس کا کوئی شریک نہیں اور جو تمام جہانوں کا پالنے والا ہے۔
یہ وہ وقت ہے جب ہمیں اشد ضرورت ہے کہ ہم اپنی زندگی کا تجزیہ کریں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں؟ کیا ہماری سمت درست ہے ؟صرف مسلمان گھر میں پیدا ہونے اور مسلمانوں والا نام رکھنے سے کوئی مسلمان نہیں ہو جاتا ایک باعمل مسلمان ہی اصل مسلمان ہے۔



































