
(شمسی سوسائٹی سانحہ کے تناظر میں )
ثروت اقبال
اقبال کی عادت ہے کہ بچوں کی اخلاقی تربیت کے لئے انہیں روزانہ رات کوسونے سے پہلے کوئی قصہ سناتے ہیں اور آج وہ اپنے بچپن کا ایک قصہ سنا
رہے تھے کچھ اس طرح سے ۔
ہمارے محلے میں پرچون کی ایک دکان تھی دکاندارجگ کےخالو تھے۔ آج تو دکان کےآگے تماشا لگا ہواتھا۔ دکان کے باہر چبوترے پر خالو نے ایک مزدور آدمی کے ہاتھ پیر باندھ کر بیٹھایا ہوا تھا جس کا حلیہ اس کی غربت کی کہانی سنا رہا تھا پرانا لباس ٹوٹی چپل بکھرے بال اور سب سے بڑھ کر چہرے پر جو کرب دکھائی دے رہا تھا وہ میں آج بھی نہیں بھولا ہوں ۔آتے جاتے لوگ حیرت سے اس آدمی کو دیکھ رہے تھے دیکھتے ہی دیکھتے وہاں پر بچوں اور بڑوں کا مجمع لگ گیا جیسے کوئی تماشا ہونےجا رہا ہے۔
ہم تھے تو بچے مگر تشویش بہت زیادہ ہو رہی تھی ہم اس آدمی کے قریب گئےاوراس سے پوچھ لیا! کیا تم نے خالو کی دکان سےچوری کی ہے؟ اس نے جواب نہ دیا اور سر جھکا دیا شاید اس کی آنکھوں میں آنسو تھے ۔ایک بزرگ نے خالو کو آواز دے کر اس آدمی کے بارے میں پوچھا خالو دکان سے باہر نکل کر آئے اور کہا اس آدمی نے مجھ سے ایک مہینہ پہلے ادھار سودا لیا تھا اور ابھی تک میرا ادھار واپس نہیں کیا ہے پھر تو سب ہی اس آدمی کو لعن طعن کرنے لگے کہ اس نے خالو کے پیسے کیوں واپس نہیں کئے۔ اسی وقت میں نے ایک عہد کیا اللہ ہر برے وقت سے بچائے لیکن اگر کبھی فاقے بھی کرنے پڑے تو کر لوں گا مگر کسی سے قرض یا ادھار نہیں لوں گا۔ گھر آکر ساری بات امی کو بتائی۔ امی نے میرا ماتھا چوما اور کہا بیٹا اپنے اس عہد پر ہمیشہ قائم رہنا ۔


































