
شہلا خضر
پنڈال حاضرین سے کھچا کھچ بھراہوا تھا، لوگ بےچینی سے پروگرام کےآغاز کے منتظر تھے۔اتنے میں مائیک پراعلان ہوا ۔۔۔۔۔
" أپ سب کے بے حد اصرار پر آج پہلی بار ہر دل عزیز شخصیت "مس جالی دار " عوامی فورم پر تشریف لارہی ہیں" _
ہال میں کھلبلی مچ گئی ۔تالیوں کی گونج میں وہ اٹھلاتی ہوئ داخل ہوئی اور خراماں خرا ماں چلتی ہوئی اسٹیج پر اپنی مخصوص نشست پر براجمان ہوگئی۔۔۔۔۔
یوم حجاب کے سلسلے کی خصوصی مزاکرہ "جدید۔اور قدیم آنچل" کے مابین منعقد کیا گیا تھا _ پینل کی سینیئر شرکاء " آپا جارجیٹ " اور آنٹی لان "بھی تشریف لا چکی تھیں _
میزبان نے مزاکرے کا باقاعدہ آغاز " مہمان خصوصی سے سوال پوچھ کر کیا '
" مس جالی دار "اتنے قلیل عرصے میں آپ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں آپ کی اس مقبولیت کا راز کیا ہے ؟
مس جالی دار نے نخوت سے ناک سکیڑ کر جواب دیا ۔
"دیکھیں جی آج کے ماڈرن زمانےمیں صرف سب سے" بیسٹ" کو ہی پسند کیا جاتا ہے ' الحمدللۀ میں پرانے دور کے کسی بھی دوپٹے سے بہترین ہوں اور یہی میری کامیابی کا راز ہے "
حاضرین محفل نے تالیاں بجا کر داد دی _
آپا جارجیٹ کو مس جالی دار کی اس بات پر بہت غصہ آیا ' اور قدرے خفگی سے بولیں
" ارے واہ بھئ۔۔أپ تو اپنے ہی گن گائے جارہی ہیں ۔.۔۔۔۔۔ اپنے منہ میاں مٹھو بننا اسی کو تو کہتے ہیں ۔مشہور ہونا اور بہترین ہونا دونوں بلکل مختلف باتیں ہیں_"
مس جالی دار تنک کر بولیں۔
" آپا اس میں غلط کیا کہا ہے میں نے ۔۔۔أپ شہر کے کسی بھی رنگ ریز کو بلا کر پوچھ لیں ۔۔۔۔۔۔ مارکیٹ چلی جائیں ۔۔ مال چلی جائیں میرے دوپٹے کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہے "
میزبان نے مسکرا کہا
" أپ کی اس بات کا جواب میں سب سے سینئیر مہمان" آنٹی لان "سے لینا چاہوں گا
آنٹی لان "کب سے خاموش بیٹھیں سب باتیں بغور سن رہیں تھیں ،آہستگی سے بولیں'
" اے بیٹا رنگ ریز سے کیا پوچھتے ہو یہ تو کوئ ڈھکی چھپی بات نہی کل عالم جانتا ہے ۔۔۔اب تو دوپٹہ برائے نام ہی رہ گیا ہے " اور بیٹی میری رائے میں تمہاری مقبولیت کا تعلق تمہاری خوبیوں سے نہی بلکہ ان بھاری رقوم سے ہے جو تمہاری تشہیر پر لگائ جاتی ہیں"
أنٹی لان کا کرارہ جواب سن کر حاضرین نے ایک بار پھر خوب تالیاں بجائیں
مس جالی دار کو ان کے اس جواب سے اپنی ہتک محسوس ہوئ اپنی صفائی میں کہنے لگی
أنٹی ایسی بات نہی ہے ۔۔۔ بزات خود مجھ میں بھی کئی گن ہیں جبھی تو میں ہر دل عزیز ہوں ' میں ہلکی پھلکی اور آرام دہ بھی تو ہوں ۔۔۔تمام میڈیا انڈسٹری کی بڑی بڑی اداکارائیں مجھے اوڑھ کر اطمینان سے اپنی پرفارمینس اور سج دھج دکھاتی ہیں اور بے انتہاء شہرت حاصل کرتی ہیں _ "
آنٹی لان بولیں
" بیٹی تم جو کچھ بھی کہو میں نہی مانتی تمہاری منطق ۔۔ ایسے آرام دہ اور ہلکے دوپٹے کو اوڑھنے کی کیا ضرورت ہے جو اوڑھ کر بھی عورت بے حجاب ہی رہے _ اور میڈیا کا کام تو عورت کی نمائش سے پیسہ کمانا ہے اس کے لیۓ تمہیں آلۀ کار بنایا گیا ہے ۔۔یہ سب چار دن کی چاندنی ہیں ۔۔۔۔اصل میں تو دوپٹہ وہی اچھا ہے جو عورت کو ڈھانپنے کی خوبی رکھتا ہو "
مس جالی دار لاجواب ہو گئیں _پھر کچھ سوچ کر بولی
" أنٹی مجھے میری ممی نے بتایا تھا کہ لباس کواللۀ نے انسان کی زینت کے لیۓ اتارا ہے' میرا وجود زینت کو نمایاں کرتا ہے اس میں کیا برائ ہے ؟؟
آنٹی لان : بیٹی اللۀ تعالیٰ نے سورۀ اعراف میں لباس کے تین خصائص بتاۓ ہیں جن میں اول نمبر پر جسم کو ڈھانپنا ہے' جو لباس جسم اور چہرے کی تشہیر کرے ایسے لباس کی ہمارے دین میں کوئ گنجائش نہی "
مس جالی دار ان کی نصیحت آموز باتیں سن کر گہری سوچ میں ڈوب گئ
میزبان نے دوسرا سوال آپا جارجیٹ سے کیا
" آپا جارجیٹ آپ بتائیں أپ کے خیال میں لوگ آپ سے دور کیوں ہوتے جارہے ہیں ؟؟اور اس کا کیا حل ہے ؟
أپا جارجیٹ : " بھائ صاحب آپ نے بہت اچھا سوال پوچھا
" لوگ تو بس اس رخ چلتے ہیں جس رخ ہوا چلتی ہے ' موۓ میڈیا نے سب کی عقل ماؤف کر رکھی ہے ۔۔۔۔ٹیلی ویژن پر جالی دار کا فیشن چلا دیا ہے تو سب کے سب اس کے پیچھے باؤلے ہوۓ جا رہے ہیں "
أپا کے جواب سے ہال پر سناٹا چھا گیا ۔۔۔۔حاضرین محفل کھسر پھسر کرنے لگے
مس جالی دار فورا" اپنی صفائ میں بولیں '
" أپا کاروبار کا اصول ہے جس شے سے منافع حاصل ہو پیسہ بھی اسی پر لگایا جاتا ہے ۔۔اسی لیے مجھے اسپانسر کرنے والوں کی لا ئنیں لگی رہتی ہیں _"
آپا جارجیٹ نے سنجیدگی سے کہا
" تم ابھی کم عمر اور نادان ہو تم گلیمر کی چکا چوند میں بھٹک گئ ہو _حقیقت یہ ہے کہ اچھی بیٹیاں أج بھی سب سے زیادہ میرے اسکارف اور دوپٹے اوڑھنا پسند کرتی ہیں _ تمہارے شیطانی ایجنٹ تمہاری تشہیر پر جتنا بھی پیسہ لگائیں وہ مجھ سے جیت نہی سکتے "
حاضرین نے پھر پر جوش تالیاں بجائیں ،
مس جالی دار 'کھری کھری باتیں سن کر شرمندگی کےمارے رو دینے کو تھی __اسے اپنی غلطی کااحساس بھی ہو رہا تھا ۔۔۔دل ہی دل میں سوچنے لکی ۔۔" میں تو مجبور ہوں کیونکہ میری ترقی پر تو لاکھوں صنعت کاروں کا روپیہ لگا ہے ' پر میرے خریدار تو مجبور نہی ' وہ کیوں اپنی مستورات کو ایسا آنچل خریدنے کی اجازت دیتے ہیں جو اللۀ کی ناراضگی کا باعث بنے ؟؟؟؟؟؟؟
ماحول کا تناؤ محسوس کر کے میزبان
نے سوال کا رخ آنٹی لان کی جانب موڑ دیا '
پروگرام کا آخری سوال میں آنٹی لان سے پوچھوں گا
"آنٹی آپ أج کے دور میں خود کو کہاں پر دیکھتی ہیں ؟؟ اور آپ کا مستقبل کیا ہے ؟
آنٹی لان نے متانت سے گردن گھما کر لوگوں کی جانب دیکھتے ہوۓ کہا
" میرے پیارے بچوں ۔۔۔تم سب کی مائیں بہنیں بیٹیاں برسوں سے میرے آنچل میں ہر بری نظر سے تحفظ پاتی چلی آ رہی ہیں _ ان کی ہر نماز میرے ساۓ تلے ادا ہوتی ہے ' حتٰی کے حج اور عمرے کے دوران حرم شریف میں ہمیشہ میرا" شرعی حصار "ہی رضاۓ الہٰی پانے کا وسیلہ بنتا ہے _ میں تو خود کو اپنی مومن عورتوں کے دل کے قریب دیکھتی ہوں"اورمستقبل میری حیادار مومنہ عورتوں کے اجلے روشن قلوب کی طرح روشن اور تابناک "
تالیوں کی گونج سے ہال گونج اٹھا
مس جالی دار کی آنکھوں سے غفلت کا پردہ اٹھ چکا تھا اسے اپنی غلطی کا احساس ہو چکا تھا "ندامت کے آنسو اس کی آنکھوں کے کناروں پر چمک رہے تھے _ وہ دوڑ کر آنٹی لان اور آپا جارجیٹ کے گلے لگ گئ _ اور اپنی حالت سدھارنے کا دونوں سے وعدہ کیا ' حاضرین نے کھڑے ہو کر زور دار تالیاں بجائیں _اور یوں مزاکرے کا اختتام ہوا _میزبان نے تمام مہمانوں کو خوبصورت تحائف دیۓ ۔۔
ہال کے کونے میں کھڑا شیطان اپنے چیلوں کے ساتھ پر زور ماتم کر رہا تھا ' ۔۔۔۔۔۔۔۔آج کی محفل میں اسے اچھی طرح پتہ چل گیا تھا کہ وہ مومن عورتوں کو بے حیائ کی طرف لے جانے کے جتنے بھی حربے آزما لے ' حیا دار عورتیں اس کے مکر وفریب کے جال میں کبھی پھسنے والی نہیں۔



































