
نبیلہ شہزاد
کراچی میں بلدیاتی منتخب نمائندوں سےحلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔ افسوس ہےکہ اردو کو سرکاری زبان کا درجہ ملنے کےبعد بھی
منتخب نمائندوں سے حلف انگریزی زبان میں لیا جاتا ہےجو کہ ہماری قومی نہیں بلکہ غیر قومی زبان ہے۔اس تقریب میں بھی سب نے انگریزی زبان میں حلف اٹھایا جب جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمان کی باری آئی تو انہوں نے انگریزی زبان پرعبوررکھنے کے باوجود انگریزی میں حلف اٹھانےسےانکار کردیاحالانکہ وہاں کےکمشنر صاحب نے بھی کہا کہ حلف انگریزی میں ہی ہوتا ہےلیکن حافظ صاحب نےکمشنر کی بات کا انکار کرکے اردو کو ترجیح دی اوراپنی قومی زبان میں حلف اٹھایا۔
ان کا یہ عمل قابل تعریف و تحسین ہے۔انہوں نےخوداعتمادی کاثبوت دیتےہوئےثابت کیا ہے کہ ہم انگریزی کےغلام نہیں بلکہ ہم کوئی اپنی قومی زبان بھی رکھتے ہیں۔ ہم سدا مستعاری پہچان کے بل بوتےنہیں رہ سکتے بلکہ اپنی الگ سے بھی شناخت رکھتے ہیں۔ شکریہ حافظ صاحب! آپ نے ہم سب اردو دانوں کا سرفخر سے بلند کیا ہے۔ بقول شاعر
سلیقےسے ہواؤں میں جو خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں
اگر ایک لحاظ سے دیکھا جائے تو ہم ساری قوم اردو زبان کی مجرم ہیں۔ ایس آئی ایل نژادیہ کے 1999ء کی شماریات کےمطابق اردو دنیا کی پانچویں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔ 21 مارچ 1948ء کو ڈھاکہ میں ایک خطاب کے دوران قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا!" میں آپ کو واضح طور پربتا دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی سرکاری زبان اردو ہوگی اورصرف اردو اور اردو کے سوا کوئی اور زبان نہیں ہوگی۔ دیگراقوام کی تاریخ اس امرپر گواہ ہے کہ ایک مشترکہ سرکاری زبان کے بغیر کوئی قوم باہم متحد نہیں ہو سکتی ،نہ کوئی اور کام کرسکتی۔ بس جہاں تک پاکستان کی سرکاری زبان کا تعلق ہے وہ صرف اور صرف اردو ہی ہو گی"۔1973ء کے آئین کی شق نمبر 251 میں کہا گیا ہے کہ "پاکستان کی قومی زبان اردو ہوگی اور اس کو پندرہ سال کے عرصے میں سرکاری زبان بنا دیا جائے گا" لیکن صد افسوس کئی دہائیاں گزرنے کے بعد بھی اس پرعمل درآمد نہ ہو سکا۔ یوں پاکستان کے ہر ادارے نے شق نمبر 251 کی مجموعی طور پرخلاف ورزی کی پھر 2003ء میں ایڈووکیٹ کوکب اقبال اورمحمود اختر نقوی نے اردو زبان کےنفاذ کے لئے درخواست دی۔
درخواست گزاروں نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ" ہماری حکومت جان بوجھ کر شق نمبر 251 پر عمل درآمد کرنے سے گریزاں ہے ۔اس سے معاشرتی اور لسانی تفرقہ پیدا ہوگیا ہے جو نہ صرف معاشرتی استحکام کی راہ میں حائل ہے بلکہ معاشرتی نفاق کا سبب بھی ہے۔
ہماری سست روی کہ عدالت میں یہ مقدمہ بارہ سال التوا کا شکاررہا۔آخر کار 12 سال بعد 8 ستمبر 2015ء کو سپریم کورٹ نےاردو کوسرکاری زبان قرار دے دیا۔ افسوس ایک بار پھر اس عدالتی فیصلے پر بھی عملدرآمد نہیں کروایا گیا اورہماری آج تک انگریزی زبان سے جان نہیں چھوٹ سکی اور نہ ہمارے اداروں نےعدالت کے فیصلے پر عمل کیا اور نہ ہماری عدالت عظمیٰ نے زبردستی عمل کروایا۔ اب تو ایسا محسوس ہوتا ہےکہ ہماری عدالت اور ادارے، دونوں ہی انگریزی زبان کو چھوڑنا نہیں چاہتے۔ اگریہ انگریزی چھوڑ دیں تو بڑی بڑی مافیا کے بنائے ہوئے انگلش میڈیم اسکولوں کی وقعت ہی کیا رہ جائےجہاں ہم اپنے بچوں کو اخلاقیات سیکھنے کے لیے تونہیں بلکہ انگریزی سیکھنے کے لیے بھیجتے ہیں جواسکول جتنی زیادہ انگریزی اپناتا ہے، اتنی ہی زیادہ بھاری فیس وصول کرتا ہےکیونکہ ہم نے اپنا ملکی بیوروکریسی کا نظام ایسا سیٹ کیا ہے جہاں غریب کے بچے کی رسائی مشکل سے ہی ہے ۔نہ یہ بھاری فیسوں والے انگلش میڈیم میں پڑھ سکیں اورنہ انگریزی امتحانوں میں کامیاب ہو سکیں۔ اس طرح بیوروکریسی صرف ایک مخصوص طبقے کےدرمیان ہی رہتی ہے اب یہ بیوروکریٹ طبقہ اورانگلش میڈیم اسکول مافیا یہ تو کبھی نہیں چاہےگا کہ جس انگریزی کے بل بوتے وہ دولت کی گنگا میں ہاتھ دھورہے ہیں، کیسے اسے ختم کر دیا جائے۔ پھر تو امیروغریب کی پڑھائی ایک ہو جائے گی۔
لوگ مہنگے انگلش میڈیم اسکولوں کو چھوڑ کر سستےپرائیویٹ اسکولوں یا سرکاری اسکولوں کی طرف رخ کر لیں گےبلکہ سول سروس کے امتحان اردو میں ہونے کی وجہ سے سرکاری اسکولوں میں مفت پڑھنے والےبچے بھی شامل ہونا شروع کر دیں گے بلکہ ہو سکتا ہے کہ یہ نوجوان اپنی اردو اچھی ہونےکی بنا پرزیادہ کامیابی حاصل کرلیں۔ اس طرح مہنگے انگلش میڈیم اسکولوں کے کاروبارٹھپ ہو جائیں گے۔
ہماری عوام کا حال یہ ہےکہ نفسیاتی طورپرانگریزی کےخبط میں پھنس چکے ہیں۔ ہمارا بچہ ابھی بولنا سیکھ رہا ہوتا ہے تو ہم اسے آدھے الفاظ اردو کے اورآدھے انگریزی کے سکھا رہے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بیچارہ سمجھدار ہونے کے بعد بھی تمیز نہیں کرپاتا کہ میں کتنی انگریزی اورکتنی اردو بول رہا ہوں بلکہ میں نے اپنےملنے والےکئی گھرانوں میں دیکھا ہےکہ دوتین سال کےبچےسے پاکستان میں رہتے ہوئے بھی مکمل انگریزی ہی بولی جاتی ہے۔کیا ہم اس بچے کو یہ باور کروارہے ہوتے ہیں کہ تیرے اپنےملک کی کوئی قومی زبان ہی نہیں۔
ہم نفسیاتی طورپرانگریزی کے اس قدر غلام ہو چکےہیں کہ پڑھالکھا ہی اسے تصورکرتےہیں جو انگریزی بول سکے۔دوسروں پر اپنی پڑھائی کا رعب جھاڑنے کے لیے بھی انگریزی بولتے ہیں اگر صرف اپنی روزی روٹی کی فکر رکھنے والا مافیا یہ دلیل پیش کرتا ہے کہ انگریزی بین الاقوامی زبان ہے۔ یہ سائنس کی زبان ہے۔ اس کے بغیر ترقی ممکن ہی نہیں تو آپ یہ تجزیہ کر لیں کہ جتنے بھی ترقی یافتہ ممالک ہیں ان میں ایک قدرمشترک ہے کہ انہوں نے اپنی اپنی قومی زبانوں کو سینے سے لگا کر رکھا۔ اسی کو ذریعہ تعلیم بنایا۔اسی کو عزت اور قدر دی۔ ہم بھی اپنے اپنے طور پر اردو کے فروغ کے لیےجدوجہد کریں۔اردوکو اردو میں ہی لکھیں۔ رومن اردو کا بائیکاٹ کریں۔ جن لوگوں سے اردو زبان میں کام چل سکتا ہے،ان کے ساتھ اردو زبان ہی استعمال کریں اور روزمرہ کی درخواستوں کا سلسلہ اردو میں شروع کریں۔
اپنے بچوں کےساتھ ان کی مادری زبان یااردو بولیں ، انگریزی وہ خود ہی سیکھ جائیں گے۔اس طرح کم از کم ان کی اردو تو اچھی ہوگی۔ انہیں پڑھنے کے لئے مطالعاتی کتب اردو میں مہیا کریں۔ عرض کہ ہرجگہ اردو کو ہی ترجیح دیں اورارباب اختیار کو بھی اردوزبان کے مکمل نفاذ کے لئے مجبور کریں کیونکہ اپنی شناخت چھوڑکرکبھی بھی کسی قوم نے عزت پائی ہےنہ ترقی۔



































