
عالیہ عثمان
وہ ماہ مبارک جس کا انتظارتھا وہ جلوہ افروزہو چکا ہے۔اس ماہ میں ایمان وعمل کی بہارآتی ہے،گناہوں کی سیاہی سے زنگ آلود دلوں کی صفائی
کا سامان کیا جاتا ہے۔ جہنم کے دروازے بند کر دیےجاتےہیں ،جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں ۔ اس ماہ مبارک میں دن کوروزہ فرض کیا گیا کہ نفس عمارہ کو اس کی خواہشات اوراورمرغوبات سےدور رکھ کرزیور تقوی سے آراستہ کیا جائےاور رات کو قرآن سن کر دل کوجلا بخشی جائے۔
ارشاد خداوندی ہے:"اے ایمان والو ،تم پر روزے فرض کیے گئے جیسا کہ تم سےپہلے لوگوں پر فرض کئے گئےتھے تاکہ تم متقی اورپرہیزگار بن جاؤ۔"( سورۃ البقرہ )اس آیت میں روزے کا مقصد بتایا گیا ہے کہ اس سے بھوکا پیاسا رکھنا مرادنہیں بلکہ حیوانی اور نفسانی تقاضوں دبا کر ملکوتی صفات پیدا کرنا ہے تاکہ دل میں اللہ کا خوف پیدا ہو۔اس مبارک مہینے کو اللہ تعالی نے اپنا مہینہ فرمایا ہے گویا اللہ تعالی اپنے بندوں کو جو دنیا کے بکھیڑوں میں گھر کر اللہ سے دور ہو چکا ہے اللہ تعالی اسے اپنے قریب کرنے اور اسے اپنا بنانا چاہتا ہے۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک حدیث میں فرماتے ہیںاللہ تعالی کی طرف سے فرماتے ہیں ۔"ہر نیکی کا بدلہ دس گنا سے لے کر سات سو گنا تک جاتا ہےسوائے روزے کے، کہ وہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا۔"( بخاری مسلم )
رمضان المبارک قبولیت دعا کا خاص موسم ہے۔ مانگنے والوں کوملتا ہے اور خوب ملتا ہے۔ مانگنے والوں کی حیثیت کے مطابق نہیں بلکہ دینے والا اپنی شان کے مطابق دیتا ہے۔ مسلمانوں کے لیے یہ مہینہ اللہ کی طرف سے رحمت کی بارش کا ہےجس کے برسنے سے مسلمانوں کے گناہ دھل جاتے ہیں رمضان المبارک وہ مقدس مہینہ ہے جس میں قرآن نازل ہوا اس مبارک ماہ کی ہی ایک بابرکت رات میں پورے قرآن کا نزول آسمان دنیا پر ہوا اس بناء پراس رات کو ہزار مہینوں اور تمام راتوں سے افضل قرار دیا گیا ہے اسے لیلۃالقدر سے موسوم کیا گیاہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم رمضان المبارک کے مقدس ساعتوں میں نہ صرف اپنے آپ کو تبدیل کریں بلکہ ہم اپنے آپ کو دین کے قریب محسوس کریں امۃمسلمہ ،وطن عزیز اور دنیا میں امن کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔



































