
عالیہ عثمان
"میں یہ فرائزنہیں کھاؤں گا۔۔۔ مجھے چیزوالے چپس کھانے ہیں۔۔۔ ماما! مجھےیہ ٹافی نہیں کھانی مجھے کٹ کیٹ چاکلیٹ
چاہیے"۔۔۔۔ مجھے یہ نہیں کھانا فلاں چیز کھانی ہے۔۔۔ سات سالہ اوکاشہ روزایسی چیزیں کھانے کے لیے اصرار کرتا جو ندا نے گھر پہ منگانی بالکل بند کی ہوئی تھیں، ندا نے کیا ہر درد مند پاکستانی نے روزمرہ استعمال کی غیر ملکی مصنوعات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ندا گاہے بگاہے بچوں کو فلسطین اور غزہ کےبارے میں بتاتی رہتی تھی کہ کس طرح وہاں مسلمانوں کے ساتھ ظلم و ستم کا سلوک کیا جا رہا ہے۔ بڑے بچے تو پھر بھی سمجھنےلگے تھے لیکن یہ چھوٹا اوکاشہ کھانے کے معاملے میں کچھ سمجھتا ہی نہیں تھا۔
سرزمین فلسطین پر سات ماہ سےرقص ابلیس جاری ہے۔ساری دنیا کوأزادی اظہار،رواداری اورامن کا درس دینے والی عالمی طاقتیں فلسطینیوں کا قتل عام اور ظلم و بربریت کا کھیل نہ صرف دیکھ رہی ہیں بلکہ یہی طاقتیں انہیں کمک بھی پہنچا رہی ہیں ۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ" لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ رفح میں اسرائیلی اپریشن کیا گیا تو غزہ کی بربادی میں اضافہ ہوگا" ان سات ماہ کے دوران اسرائیلی بربریت سے 36 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکےہیں جبکہ 80 ہزار زخموں سے چور ہیں جن میں اکثریت بچوں اور نوجوانوں کی ہے۔ ابھی رمضان کا چاند نظر آیا تھا تو جہاں اپنوں کی یاد میں آہیں اور سسکیاں ابھریں وہیں اس زندہ قوم کے مسلمان مرد وعورت اور بچے ماہ رمضان کو خوش امدید کہنے اٹھ کھڑے ہوئے ۔
بچوں جوانوں نے گلی محلے صاف کیےشہید مساجد سےملبہ ہٹا کر نمازتراویح کی جگہ بنائی گئی اورپھر سب اپنے اللہ کے حضور سربسجود ہو گئے۔عموماً عید سے پہلے گھروں کی صفائی ستھرائی کی جاتی ہے ٹوٹے پھوٹے حصوں کی مرمت کروائی جاتی ہے سجاوٹ کی جاتی ہے یہ سب کام غزہ میں بھی ہو رہا ہے بس فرق اتنا ہے کہ پورا شہر کھنڈر بن گیا ہے ،وہاں کے باسی قبرستانوں میں جابسے ہیں تو وہ قبرستانوں میں ہی صفائی ستھرائی کر رہے ہیں کہ سارے پیارے تو وہیں ہیں اور عید کا دن پیاروں کے ساتھ ہی گزارا جاتا ہے۔۔
غزہ کی صورتحال زبان حال سے کہ رہی ہے دنیا بھر کے مسلمان کچھ اور نہیں کر سکتے تو کم از کم اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ تو کر سکتے ہیں۔کیا مسلمان لیز، نیسلے ،میکڈونلڈز ،یونی لیور کی مصنوعات اور کٹ کیٹ وغیرہ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے ؟ مسلمان بے شعوری کی چادر اوڑھےاپنوں ہی کے قتل عام میں دشمن کومالی سپورٹ کر رہے ہیں۔
فلسطین لہو لہو ہے
اہل فلسطین تو ایمان پر ثابت قدم رہ کر اپنی آخرت سنوار رہے ہیں مگر بہت سے مسلمان یہ نہیں سمجھ پا رہے کہ یہ صہیونی مظالم صرف اہل فلسطین ہی کی أزمائش نہیں ہے ںلکہ یہ ہرمسلمان کا امتحان ہے۔ کہ وہ ان لوگوں کو جنہوں نے ہمیشہ اللہ،وقت کے ہر نبی اور نبی آخر محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کو ایذا پہنچائی اور ہمیشہ احکام الٰہی کو پس پشت ڈالا ان سے دوستی نہ کریں اوران کے بنائے ہوئے سود کے پنجوں میں جکڑی اپنی معیشت کوآزاد کرائیں ۔
اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے بھت عرصہ پہلے ہی تجزیہ پیش کر دیا تھا کہ فرنگ کی رگ جاں پنجہ یہود میں ہے لہٰذا اسرائیلی مصنوعات اور ان کمپنیوں کا جو اسرائیل کے زیر اثر ہیں کا بائیکاٹ ہی وہ موثر ہتھیار ہے جو ہر مسلمان کے اختیار میں ہے ۔
فلسطینی سدا کیوں در بدر ہے
یہ مسلم حکمراں کیوں بے خبر ہیں
غزہ کی گود خالی ہو رہی ہے
غضب ہے پوری امت سو رہی ہے ۔



































