
زرافشاں فرحین
حضرت امی عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہےکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نےارشاد فرمایا کہ ذی الحجہ کی دسویں تاریخ یعنی عید
الاضحیٰ کے دن فرزند آدم کا کوئی عمل اللہ کو قربانی سے زیادہ محبوب نہیں اور قربانی کا جانورقیامت کے دن اپنے سینگوں اور بالوں اور کھروں کے ساتھ زندہ ہو کر آئے گا اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کی رضا اور مقبولیت کے مقام پر پہنچ جاتا ہے۔ پس اے خدا کے بندو دل کی پوری خوشی سے قربانیاں کیا کرو (جامع ترمذی، سنن ابن ماجہ )
آنحضرتﷺ نے فرمایا قربانی کے جانور کے ہر ہر بال کے عوض ایک نیکی انہوں نے عرض کیا تو کیا اون کا بھی یا رسول اللہ یہی حساب ہے؟ اس سوال کا مطلب تھا کہ بھیڑ، دنبہ، مینڈھا، اونٹ جیسے جانور جن کی کھال پر گائے، بیل یا بکری کی طرح کے بال نہیں ہوتے بلکہ اون ہوتا ہے اور یقیناً ان میں سے ایک ایک جانور کی کھال پرلاکھوں یا کروڑوں بال ہوتے ہیں تو کیا ان اون والے جانوروں کی قربانی کا ثواب بھی ہر بال کے عوض ایک نیکی کی شرح سے ملے گا؟ آپ نے فرمایا۔ ہاں! اون والے جانور کی قربانی کا اجر بھی اسی شرح اور اسی حساب سے ملے گا کہ اس کے بھی ہر بار کے عوض ایک نیکی ہے۔ (مسند احمد، سنن ابن ماجہ، مشکوٰۃ، الترغیب)
جابر بن عبداللہ کہتے ہیں کہ میں نےرسول اللہ صلی اللہ وسلم کے ساتھ بقرعید کی نماز پڑھی پھر جب آپ واپس تشریف لائے تو آپ کی خدمت میں ایک مینڈھا پیش کیا گیا اور آپ نے اسے ذبح کرتے ہوئے فرمایا”اللہ کے نام پر اور اللہ سب سے بڑا ہے” خدایا یہ میری طرف سے اور میری امت کے ان سب لوگوں کی طرف سے ہے جنہوں نے قربانی نہ کی ہو۔ (ابو داؤد، ترمذی)
گویا قربانی عیدالاضحی کے موقع پر سنت ابراہیمی ع کی تجدید کا ہی نام نہیں بلکہ اپنے مالک رب حقیقی عزوجل کی رضا وخوشنودی حاصل کرنے کا ایک ایسا عمل ہے جو بندے کی اپنے رب سے محبت اور تعلق کا عملی اظہار ہے اس سنت کی تکمیل کے لئے اپنی خلوص نیت کے ساتھ بندہ مال و دولت کی محبت، دنیاوی ستائش یا ذاتی اغراض سے بالاتر ہوکر صرف لللہ فی اللہ اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار ہوتا ہے اسی لئے حضرت ابراہیم ع کو رب تعالیٰ نے یہ کلمات سکھائے ان صلاتی ونسکی ومحیای ومماتی لللہ رب العالمین
بیشک میری نماز میری قربانی میرا جینا اور مرنا اللہ رب العزت کے لئے ہے "اللہ تعالی بھی اس عظیم نیکی کی ادائیگی پر بشارت دیتےہیں "تمھارا خون یا گوشت اللہ تک نہیں پہنچتا " اس کی بارگاہ میں تو بس نیت کا اخلاص مطلوب ہے۔ یہ عمل جو ہر سال امت کو یاددہانی کرواتا ہے کہ کیسے بندہ مومن اپنے رب کی رضا کے لئے کچھ بھی قربان کرسکتا ہے، خون بہانہ ہو یا لخت جگر قربان کرنا ہو، اپنے دل کی محبتوں کی قربانی ہویا مال کی،اپنی مرضی، اپنی خوشی اپنی رائے کی، منصب کی، یا اپنی جان کی سب کچھ فنا فی اللہ دینے کو تیار ہے۔۔۔۔
یہ سنت ابراہیمی کا مسنون عمل اللہ کے کنبے اس کی مخلوق کی محبت انکی ضرورت انکی بھوک نعمتوں سے، گوشت سے محرومی کی اذیت کا احساس بیدار کرتا ہے، اپنے مال سے اس قربانی کا اہتمام،نماز عید کا اجتماع، ذبیحہ کرنے کے بعد گوشت کی بلا امتیاز تقسیم، رشتے داروں محلے پڑوس تک پہنچنا خوشی میں سب کو شامل کرنا اور پھرلذت طعام ودہن سے لطف اندوز ہوکر رب کریم کا انتہائی شکر بجا لانا،، سچ تو یہ ہے کہ لاکھوں لوگوں کے کاروبار، رزق حلال کے زرائع بھی بہم پہنچاتا ہے اجر عظیم کی بشارت انسان کو شاداں و فرحاں کرتی ہے اور وہ ہرسال اس مسرت آمیز موقع پر اپنے رب کی قربت کے مواقع بھی پانے کی کامیاب کوشش کرتا ہے یہ انفرادی ہی نہیں اجتماعی عبادت بھی ہے جس کی نظیر دنیا کے کسی مذہب میں نہیں ملتی سبحان الله
جماعت اسلامی کے منظم ومربوط نظام میں یہ فقیدالمثال سنت ابراہیمی کی تکمیل کا عمل سالہا سال سے جاری وساری ہے جو لاکھوں رضاکارخواتین و مردانجام دیتے ہیں الخدمت کے رضاکار اس کار عظیم کی ادائیگی کے لئے ہرسال بہت بڑے پیمانے پر تمام شرعی، طہارت و نظافت کے اصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسنونہ ذبیحہ کا اہتمام کرتے ہیں قربانی کے گوشت کی ہر ضرورت مند کی دہلیز پر نفیس پیکنگ کے ساتھ پہنچانے، باہمت ماؤں، یتامیٰ، آغوشینز بیٹے بیٹیوں اور مفلس نادار گھرانوں میں پہنچاکر عیدالاضحی کی خوشیاں دوبالا کی جاتی ہیں اللہ تعالی ہم سب کو ایمان و اخلاص کے ساتھ سنت ابراہیمی کی مکمل پیروی کرنے والا بنادے۔ آمین



































