
عالیہ عثمان
ہمارے معاشرے میں یوں تو بہت سے تشویشناک رجحانات جنم لے رہے ہیں ، لیکن ان میں سب سے خطرناک رجحان یہ ہے کہ ہم میں سے ہر
شخص سادہ زندگی اختیار کرنے کے بجائے آرام و آسائش کے قیمتی سامان کے ہوس کا شکار ہو چکا ہے،خاص طور سے ہماری شہری آبادی کےلوگ تو بہت بری طرح اس مرض کا شکار ہیں۔
یہ لوگ قیمتی ملبوسات اور فیشن پرستی کی دوڑ میں ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی فکر میں لگے رہتے ہیں ۔شاندار عمارت کی تعمیر میں اپنی بساط سے بڑھ کر خرچ کرنا ہماری زندگی کا لازمی جز سمجھ لیا گیا ہے۔اور بات شاندار عمارت کی تعمیر پر ختم نہیں ہوجاتی بلکہ اس کی آرائش کے لیے بے دریغ روپیہ خرچ کردیا جاتا ہے اور کوشش یہ کی جاتی ہے کہ بنگلے یا کوٹھی کا آرائشی سامان اور ضرورت کی چیزیں قیمت میں حریفوں سے بڑھ چڑھ کر ہوں ۔
افسوسناک بات یہ ہے کہ اس نمائشی کاروبار کو کچھ ایسا فروغ ملا ہے کہ انسان کے ذاتی کرداراور اعلیٰ انسانی اوصاف کے مقابلے میں اس کے قیمتی لباس، خوش نما کاراور نفیس بنگلے کی زیادہ اہمیت ہے۔
انسان اور لباس کا بہت پرانا تعلق ہے۔ لباس جسے انسان نے اپنے آپ کو محفوظ کرنے کے لئے بنایا تھا،ہماری تہزیب اور وفا کی علامت ہوتا ہے۔
یہ ہماری شخصیت اور مزاج کو ظاہر کرتا ہے ۔موزوں لباس کا انتخاب ہماری شخصیت کو نکھارتا ہے اور اس سے ہماری شخصیت کا منفی تاثر قائم ہوتا ہے،لباس کے انتخاب میں مختلف عوامل اثرانداز ہوتے ہیں ایک وقت تھا جب انسان کی پہچان اس کے لباس سے ہوتی تھی کیونکہ اس کا لباس اسکےعلاقے کو نمایاں کرتا تھا ۔اس کی وجہ شاید یہ بھی ہوسکتی ہےکہ لباس کو ہر علاقے کی ضرورت کےمطابق بنایا گیا تھا گرم اور سرد علاقے کے ملبوسات میں خاصا فرق ہوتا تھا ۔
اس لحاظ سےپاکستان میں کچھ ملبوسات کو بہت اہمیت حاصل تھی مختلف تہواروں پرمختلف مخصوص لباس پہنے جاتے۔ شلوارقمیص اورشیروانی کو ہمارا قومی لباس کہا جاتا ہے لیکن اب ایک نیا ٹرینڈ چل نکلا ہے جس کا شکار ہماری نوجوان نسل ہو رہی ہے خاص طور پر ان تعلیمی اداروں میں جہاں یونیفارم کی پابندی نہیں ہےطالب علم ایک نئے کلچر کے رنگ میں رنگے جا رہے ہیں۔ درسگاہیں جو کبھی درس و تدریس کا مرکز ہوا کرتی تھیں اب ایک فیشن شو کی طرح نظر آتی ہیں۔،جہاں تعلیم کواہمیت دینی چاہیے تھی وہاں لباس کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے جامعات جہاں پر کسی دور میں تعلیمی اور ادبی مقابلے ہوا کرتے تھے اب وہاں پر مہنگے ملبوسات کے مقابلوں نے ان کی جگہ لے لی ہے ۔
طالب علم مہنگے لباس پہنتے ہیں اور غور طلب بات یہ ہےکہ برانڈز کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ آج ہمارے مسلم معاشرے میں عورتیں اور لڑکیاں عریاں لباس زیب تن کرکے اور بناؤ سنگھار کرکے اس طرح سرےبازار نکلتی ہیں کہ انسان کیاانسانیت بھی شرم و حیا میں ڈوب جاتی ہے جبکہ عورتوں پر فرض ہے کہ وہ ادھر ادھر گھوم کر اپنی آرائیش زیبائش کی نمائش نہ کریں۔
کیونکہ یہ زینت و خوبصورتی صرف ان کے شوہروں کے لئے ہے غیروں کو دکھانے کے لئےنہیں اس لئے اسلام نےمعاشرے کی پاکیزگی اور عفت شعاری کے لئے عورتوں کا پردہ لازمی قرار دیا۔
میڈیا نت نئے فیشن اورعریانی کو سب سے زیادہ پروموٹ کرتاہے۔ڈراموں میں، اشتہارات میںاور مارننگ شوزمیں مختلف بوتیک اور برانڈز کے ایسے ایسے ڈیزائن کے کپڑے دکھائے جاتے ہیں کہ اللہ کی پناہ دوپٹے تو سرے سے غائب ہی ہو گئے ہیں۔
لباس کے انتخاب میں پہلےمذہبی اورشناختی پہلوؤں کوبہت اہمیت دی جاتی تھی لیکن آج کےدور میں ان سب باتوں کے برعکس ہو رہا ہے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ایسے لباس پہننا پسند کرتے ہیں جو کسی لحاظ سے موزوں نظر نہیں آتےلڑکوں میں پھٹے ہوئے کپڑے پہننا اور لڑکیوں میں لڑکوں جیسے کپڑے فیشن سمجھا جاتا ہے۔
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی مبارک زندگیاں ہمارے لیے سادگی کا بہترین نمونہ ہیں۔ تاجدار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے لباس میں دو چادرں ہوا کرتی تھیں، وہ ان کو باری باری استعمال میں لاتے تھے۔ اللہ تعالی بھیڑ چال چلنے والوں پر رحم فرمائے۔ آمین
گنوا دی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی
ثریا سے زمین پر آسمان نے ہم کو دے مارا



































