
لائبہ احسن
کل گھر سے باہر جانے کا اتفاق ہوا تو دیکھا کہ جگہ جگہ گھروں کو روشن کیا ہوا ہے۔پہلے تو ایک دوگھر دیکھ کر لگا کہ شاید شادی بیاہ کی وجہ
سےسجائے گئے ہوں ں گے لیکن آگے بڑھتےگئے تو بہت سارے گھر روشن نظر آئے اور کہیں کہیں گھروں پر نعلین مبارک بھی دیکھنے میں آیاتو سوچا کہ کیا لوگوں کے تصورات اور عقائد ہیں 12 ربیع الاول کے حوالے سے ؟؟؟
اس سے بڑھ کر آج گھر کے پاس پوری گلی بند کرمحفل میلاد کا اہتمام دیکھ کرتودل اور بھرآیا کہ ایسی ایسی نعتیں اسپیکرپرچل رہی تھیں کہ جن میں موسیقی کے ساز بھرے ہوئے تھے افسوس کہ نعت اور گانے میں کوئی فرق ہی نہ ہو۔جس نبی صہ کی اتنی عقیدت اور محبت ہے اسکا اظہار اس طرز پر ہوگا کہ جو تعلیمات وہ لائے انھیں بلکل ہی بھلا دیں۔۔۔ان سے زبانی محبت کے گن گانا صرف یہی محبت ہے ؟؟؟
اگر ہم دنیاوی محبتوں کا ہی جائزہ لے لیں تو جس سے محبت ہوتی ہے اس کے رنگ میں رنگنے کی ہر لمحے کوشش ہوتی ہے ،اس کو ناراض نہ کرنے کی فکر ہوتی ہے،جو کام ناپسند ہو وہ بھی محبوب کے لئے کیا جاتا ہے ،اس کا ہر حکم سر آنکھوں پر ہوتا ہے۔۔وہ مثال تو ہم سب نے سنی ہی ہوگی کہ اگر بچہ اپنی ماں سے کہے کہ امی مجھے آپ سے بہت محبت ہے اور ماں پانی پانی پکار رہی ہو لیکن بچہ یہی رٹ لگائے رکھے کہ مجھے آپ سے بہت محبت ہے اور ہل کر ماں کو پانی کا ایک گلاس نہ لا کر دے سکے تو ماں کا جواب لازماً یہی ہوگا کہ کیا خاک محبت ہے پانی تو دے نہیں رہا کہنا تو مان نہیں رہا ماں کا۔۔
یہی طرز عمل اللہ اور نبی صہ کے ساتھ ہمارا بھی ہوتا جارہا ہےکہ زبانی دعویٰ محبت تو ہم سب بہت کررہے ہیں لیکن عملاً کچھ کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔جس روز میرا اور نبی صہ کا سامنا ہوگا تو کیا کام آئے گا؟ صرف زبانی دعویٰ ہماری نجات کا سبب بن جائیں گے؟؟؟؟
علم کی کمی ،دین سے دوری اور باپ دادا کی اندھی تقلید آج امت کو کس موڑ پرلےآئی ہےکہ بدعت کو ثواب سمجھ کر ادا کیا جا رہا ہے اور ہر وہ کام کر رہے ہیں جو تعلیمات محمدی کے خلاف ہے۔رزق کا ضیاع ،موسیقی کی طرز کی نعتیں وغیرہ وغیرہ ۔باقاعدہ 12 ربیع الاول کو عید میلاد النبی کہتے ہیں جبکہ یہ دن روایات سے آپ صہ کی وفات کا تھا نا کہ پیدائش کا اور ویسے بھی کسی صحابہ کی زندگی سے ایسی کوئی روایت نہیں ملتی کہ انہوں نے اس دن کو اس طرح منا یا ہو صرف روزہ ثابت ہے اس دن کا اور آپ صہ تو خود فرما کر گئے ہیں کہ :
" میری پیدائش کو عید کا دن نہ بنا لینا"(مفہوم)
دین میں ثواب کی نیت سےکسی چیز کا اِضافہ کرنا یا کمی کرنا تو بدعت ہے اور جوبدعت کرے تو وہ دائرہ اسلام سےخارج ہو جاتا ہے ۔آپ صہ تو یہ تعلیمات دے کر گئے تھے لیکن ہم نے اپنی مرضی کا دین اپنا لیا اور جو مشکل لگا اسے چھوڑ دیا ۔۔۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ سیرت کا صحیح مطالعہ کریں اور اس کے مطابق زندگیوں کو گزارنے کی سعی کریں تاکہ روز محشر خدا نخواستہ آپ صہ ہم سے منہ نہ پھیر لیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صراط مستقیم پر گامزن کردے۔(آمین)۔



































