
نگہت سلطانہ
تنگ نظرہے،نہیں بھولا ہے۔۔۔۔۔ ضرورت سےزیادہ یاپھرجدید دور کےساتھ چلنا نہیں چاہتا۔۔۔اسے سمجا سمجھا کر تھک گئے کہ یار بحریہ نہیں
تو ایل ڈی اے میں گھر خریدو۔۔۔اچھا ڈی ایچ اے بھی پسند نہیں موصوف کو۔۔۔۔ لاہور کے مزے کیسے لے گا، جدید دور کا یہ دشمن ۔۔۔
جدید دور،جدیدیت،ترقی، خوشحالی ایسی دلفریب اصطلاحات سےمرعوب قوم کےاندر ہی کوئی ایسےاشخاص پیدا ہوئے ہیں جو اصطلاحات کے کھوکھلے پن کو سمجھ جاتے ہیں اور نظام کے باغی کہلاتے ہیں۔ ان باغیوں کی باتیں نظر انداز کردینے والی نہیں ہوتیں۔
اب لاہور ہی کی مثال لے لیجئے ۔۔۔ یہ باغی نکلا ہے سموگ بارے تحقیق کرنے کے لیےاس پیلی اورکالی دھند بارے جاننا چاہتا ہے کہ یہ ہے کیا ؟ اس کے اسباب کیا ہیں؟ اورپھر دیوانہ سموگ سےبچاؤ کی تدابیر طے کرنا چاہتا ہے۔ آئیے ہم بھی اس کا ساتھ دیتے ہیں ۔۔
قارئین! آپ نے سنا ہوگا فوگ اور پھر سنا سموگ، فوگ سموگ، سموگ فوگ یہ چکر کیاہے؟چلیں ہم بتاتے ہیں لیکن پہلےایک راز کی بات بتا دیں وہ یہ کہ ہماری وزیراعلیٰ (اپنے ابا جان کے ہمراہ) جنیوااورلندن علاج معالجے کی غرض سے گئی تھیں جبکہ آپ سمجھ رہے تھےکہ سیر سپاٹے کے لئے گئی تھیں، آپ کیا جانیں انہیں اپنے صوبے کے دل لاہور کے ہزاروں مریضوں (بچے بوڑھے جوانوں) کی اتنی فکر ہے کہ وہ محض اپنے ذاتی معالجین سےمشورے کے بعد وطن واپس آچکی ہیں۔۔۔۔ اب خوش؟؟
اب دیکھ لیتے ہیں سموگ ہے کیا؟
قارئین! ہوتا کچھ یوں ہے کہ سردیوں میں بادلوں کوچین نہیں آتا لہذا رات کے وقت زمین کی سطح پر آجاتے ہیں اورصبح سورج نکلنے کے بعد عموماً بھاگ جاتے ہیں۔اس صورتحال کو ہم فوگ یا دھند کہتے ہیں۔ آج جس صورتحال کا ہم سامنا کررہے ہیں،اسے دھند نہیں بلکہ سموگ کہتے ہیں۔ مطلب یہ کہ دھند جب فضا میں موجود آلودگی سےآلودہ ہو جاتی ہےتو اس کا رنگ پیلا یا سیاہ ہوتا ہے پھر مختلف گیسز، مٹی وغیرہ دھند میں شامل ہوجاتے ہیں۔ کوڑا کرکٹ جلانےسےسلفر ڈائی آکسائیڈاور نائٹروجن آکسائیڈ کےذرات بڑی مقدارمیں ہوامیں شامل ہو جاتے ہیں،صنعتیں اور گاڑیاں بھی دھواں چھوڑتی ہیں۔ سورج کی کرنیں جب ان گیسوں اور ذرات پر پڑتی ہیں تو یہ سموگ کی شکل اختیار کرکے فضا کوآلودہ کر دیتی ہیں۔۔
ایسی فضائی آلودگی جوحد نگاہ کومتاثر کرے، پیارے قارئین!آپ اسے بے دھڑک سموگ کہ سکتے ہیں ۔
یہ مسئلہ شروع کب ہوا
کوئی بھی مسئلہ ایک دن کی پیداوارنہیں ہوتا، برسوں کی غفلت، سستی، نااہلی، بےعملی اور خیانت کی پیداوارہوتے ہیں یہ مسائل ۔۔۔۔
آپ لوگ جانتے ہیں نا کہ ہم لوگ توکائنات کے ایک نہایت خوبصورت نظریے کےعلمبردار تھے،یہی ہماری شناخت تھی، یہ نظریہ کیا تھا۔ یہی نا کہ یہ زمین تمہارے پاس امانت ہے،اس کا بھرپور خیال رکھنا ۔ اسے اور اس سے جڑے تمام معاملات کو بگڑنے نہ دینا، بنانے والے نے سمندر، دریا، وادیاں، ندیاں ، پہاڑ، چشمے،درخت، پھل، پھول،سہانے موسم، شفاف دھوپ،چاند کی پیاری کرنیں یہ سب کچھ زمین کےساتھ ہمیں دیا۔
ہمارے آباء نےاپنی جان ہتھیلی پہ رکھ کے لٹیروں، فسادیوں، آگ اور خون کے شیداؤں سےاس زمین کی حفاظت کی لہٰذا ہرسو لہلہاتے کھیت، سبزہ، درخت،چرند پرند، پھل ذائقےدار،خوبصورت خوشبودار پھول،زمین کی شناخت تھےمگرہمیں جانےکیا ہوا۔ آباء کے طور طریقے چھوڑدیے۔ہمیں دولت میں حسن نظر آنےلگ گیا۔ درخت کاٹنےلگ گئے بڑے بڑے مال کھڑےکرلئے۔دھواں چھوڑتےکارخانےآبادیوں کے اندر قائم کر لئے تاکہ سرمایہ دار کا رعب آبادی پر قائم رہے۔ وہی شادیاں جو گھروں کے اندر انجام پا جاتی تھیں۔ میرج ہال کی مرہونِ منت ٹھہریں ۔۔۔ بس جب درخت کٹتے گئے تو فضا میں آلودگی کاتناسب بڑھتا گیا، جانتے ہیں نا کہ جو لوگ اپنی شناخت گم کربیٹھیں ان کی قدر وقیمت گھٹ جاتی ہےجومسافر راستہ بھول جائے،نشان منزل بھول جائے،اسے لوگ کیا کہیں گے؟ نظرانداز کر دیں گے یا پھر ترس کھائیں گے اس پر ۔۔۔ کچھ یہی حال ہمارا نہیں کیا! لاہور کے بعد کےپی، ملتان، پنڈی اوراسلام آباد تک بھی سموگ کا سلسلہ آن پہنچا ہے۔صورتحال تشویشناک ہے اور ہم اس حالت میں ہیں کہ ہم پرترس کھایا جائے۔ کوئی انگلی پکڑ کر ہمیں بتلائے، چلائے، راہ دکھائے ۔۔۔
آپ کو بتائیں پاکستان کے ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ کی جانب سے جاری ایئر کوالٹی انڈکس میں پی ایم 2.5 (فضا میں موجود ذرات) کی تعداد چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ 35 مائیکرو گرام فی مکعب میٹرمقررہے،جبکہ رواں ماہ میں لاہور میں ۔۔۔ جی ہاں جگر تھام کر ذرا سنیں ۔۔۔ لاہورکی ایئر کوالٹی کئی مرتبہ 300 سے 500 کے درمیان رہ چکی ہےبلکہ تناسب اس سے زیادہ بھی نوٹس ہوا ہے۔ظاہر ہے یہ ہر عمر کے افراد کے لئے خطرناک ہے۔
سموگ کی حفاظتی تدابیر
وطن عزیز میں مسند اقتدار پرچالیس سال سےبراجمان خاندان اوران کی پارٹی اگرمضبوط ٹیم واضح نصب العین اورمخلص کارکنان کی حامل ہوتی تو شاید سموگ کا مسلہ بھی ایسی شدت اختیار نہ کرتا۔۔
حکومت کچھ ظاہری اقدامات تو اٹھا رہی ہےلیکن قارئین! صدیوں کی غفلت سےجو مسائل جنم لےچکے ہوں ان کا حل بھی سوچتے یہی دیکھا جاتا ہے کہ مسئلہ کی بنیاد کیا ہے۔
ہم آپ کو بتائیں محکمہ جنگلات لاہورکو جو رقم دی گئی تھی، درخت لگانے کے لئے وہ افسران کھا گئے۔ درخت لگائے نہیں بس نمائشی کارروائی کے طور پر کچھ پودے لگا دیے دیکھ بھال نہ ہونے کے سبب ان کی افزائش بھی نہ ہو پائی۔ آپ کہیں گے وہ تو ہر محکمے میں کرپشن ہے۔
تو ثابت کیا ہوا؟ یہی نا کہ افراد کی تربیت کی ضرورت ہے۔ تربیت کون کرے؟ کیا یہ پارٹیاں جو یکے بعد دیگرے براجمان ہوتی ہیں ان کے پاس بہترین انسان منظم کرنے کا تربیتی پروگرام ہے؟ نہیں ہے قطعاً نہیں تو پھر آپ ان جماعتوں کے سپورٹرز کیوں ہیں؟؟؟
کیا آپ کو اپنے ملک میں ایسا کوئی سیاستدان، لیڈر نظر نہیں آتا جو مرد کوہستانی یا مرد صحرائی نہ بھی ہو لیکن فطرت کےمقاصد کی نگہبانی کرنا جانتا ہو ۔۔۔ ہمارا اگلا مشورہ آپ کے لئے یہی ہے کہ فطرت کے قریب آجائیے۔
مان جائیے اس جدید طرز زندگی نے ہماری صحت برباد کر کے رکھ دی ہے۔ یورپی و مغربی ممالک نے ایک نظام وضع کیا ہےپھر اس پر جم گئےہیں اورپبلک کے دلوں میں قانون اور سی ٹی وی کیمرے کا خوف بٹھا دیا ہے ،لہٰذا وہاں نظام اچھے انداز میں چلتا ہے۔
ہم نسلی مسلمان ہیں ہماری پبلک قانون اور کیمرے کو اہمیت نہیں دیتی۔ ان کو تعلیم وتہذیب سکھانے کی ضرورت ہے اورانہیں یاد دلانے کی ضرورت ہے کہ دنیا کا اعلیٰ ترین معلم اورمعمار تہذیب تمہارے لئے اسوہء حسنہ ہے۔ اس کی یاد میں بس چند دن چراغاں کر کے اس کے لئے باعث رسوائی نہ بنو اس کی اداؤں کو اپناؤ۔
روایت میں آتا ہےکہ ایک کھجور کا تنا تھا جس پر نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم دوران خطبہ ٹیک لگا کرکھڑے ہوتے تھے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے منبر رکھ دیا گیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس تنے کے ساتھ ٹیک لگانا چھوڑ دیا تو یہ تنا بچے کی طرح رونے لگا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منبر سے نیچےاترے اور اس تنے کو محبت سے اپنے ساتھ لگایا تب اسے سکون ہو گیا ۔۔۔
پیارے قارئین! آج ہی ایک کام ہم کر لیں ایک تنا یا پودا یا درخت کوئی ایسا ہو جس کے ساتھ ہماری نشست و برخاست ہو۔ ہم اس کی دیکھ بھال کریں اس سے پیار کریں وہ ہم سےپیار کرے ہم اس کے ساتھ ٹیک نہ لگا پائیں آنے والی نسل لگائے گی ٹیک ۔۔۔
حضور صلی الله علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اگر قیامت قائم ہونے لگے اور تم میں سے کسی کے ہاتھ میں پودا ہو (جس کو وہ لگانا چاہ رہا ہو) تو قیامت قائم ہونے سے پہلے اسے لگا سکتا ہے تو لگا دے ۔۔۔"
کس قدر اہمیت ہے شجر کاری کی کہ قیامت کا نقارہ بج چکا ہوپھر بھی اس کے امکان کو رد نہیں کیا گیا۔ آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی یہ ہدایات کیا کسی کے استفسار پر تھیں کہ سموگ کیا ہوتا ہے؟ ہمیں سموگ کے نقصانات بتائیں، ہمیں سموگ سے بچاؤ کی تدابیر بتائیں ۔۔۔ نہیں کسی نے ایسا سوال نہیں کیا تھا۔ فضائی آلودگی اس دور میں نام کی نہیں تھی۔ ان حالات میں آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم درخت اور پودوں کی اہمیت پر بات کر رہے ہیں ( اور تاریخ گواہ ہے اس معلم تہذیب کے شاگردوں نے عین میدان جنگ میں بھی ماحولیاتی حسن کو بگڑنے نہیں دیا) تو اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ فضائی آلودگی کی ایسی شدت کے دوران آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اور طرز عمل کیا ہوگا ۔۔۔
توکس قدر ظالم ہیں وہ افسران جو شجرکاری کا پیسہ ہڑپ کر گئے۔ کس منہ سے یہ لوگ خود کو مسلمان کہتے ہیں۔۔۔
قارئین! آئیے اب ہم سموگ سے بچاؤ کی تدابیر دیکھ لیتے ہیں۔
گھر سے نکلتے وقت ماسک کا ستعمال کریں
اپنے ہاتھوں اور آنکھوں کو بار بار دھوتے رہیں۔
بچے اورعمر رسیدہ افراد بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں۔
گھروں اور دفاتر میں کمرے کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں۔
گھروں میں ہوا کی صفائی کے لئے ایئرپیورفیئراستعمال کریں، اگر جیب اجازت نہیں دیتی تو وزیراعلیٰ سے رابطہ کریں (اگر رابطہ ہوتے ہوتے سموگ ہی ختم ہو جائے تو ہمارا مشورہ اگلی سموگ کے لئے سنبھال رکھیے)
آنکھوں کی حفاظت کے لئے چشمے کا استعمال کریں
" کوڑا کرکٹ کو بلا وجہ جلانے سے احتراز کیجیے ۔اپنی کوشش کی حد تک فضا کو آلودہ ہونے سے بچایے بھلے سگریٹ نوشی ہی ترک کر کے۔۔۔


































