
نگہت سلطانہ
قارئین اردو خوبصورت اور ہماری قومی زبان ہے۔ اس کاسیکھنا اس کی نشرواشاعت ہمارا قومی فریضہ ہے۔ہرزبان کی کچھ کہاوتیں اور ضرب الامثال زبان زد عام ہوتی ہیں۔اس
وقت اردو کی کچھ کہاوتیں اور محاورے آپ کے لیے پیش خدمت ہیں۔۔
کہاوت اور ضرب المثل کی تعریف۔۔
کسی واقعے کا نتیجہ جو لگےبندھے الفاظ میں بطورمثال بیان کیا جائے ،کوئی فقرہ شعر یا مصرع جو زندگی کے کسی خاص اصول یا حقیقت یا رویے کو خوبصورتی سے جامع انداز میں بیان کرے اور ہم آپ اسے ترجمانی کے لیے استعمال کرنے لگیں کہاوت کہلاتا ہے اور اسی کو عربی میں ضرب المثل کہتے ہیں۔
کچھ ضرب الامثال:۔
ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا
"خوش آمد بری بلا ہے
"چور کی داڑھی میں تنکا
جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے
ایک انار سو بیمار وغیرہ
محاورہ یہ ہے کہ کسی مصدر کواس کے حقیقی معنی کے بجائے مجازی معنی میں استعمال کیا جائےمثلاً بات کا بتنگڑ بنانا "اب پچھتائے کیا ہووت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت "اپنا الو سیدھا کرنا وغیرہ ۔
قارئین! اس وقت آپ کو اپنی ڈائری 2025 کا پہلا ورق دکھانا چاہتی ہوں جس کو میں نے "آدھی مسکراہٹ" کا نام دیا ہے۔ اس ورق پر بیتے برس کی کچھ کیفیات درج ہیں۔محاورات/ضرب الامثال کے پیرائے میں۔
انگشت بدنداں
یہ کیفیت چشم فلک کے حصے میں آئی گو کہ فلک کی نہ چشم ہے،نہ دندان مگربات ہی کچھ ایسی ہے اور وہ یہ ہے کہ غزہ کا چپہ چپہ چھان مارا اسرائیلی کتوں نے۔سڑک میدان مارکیٹ سکول کالج ہسپتال رہائشی عمارات سبھی کچھ کو بھسم کر دیا۔۔۔مگر۔۔۔۔ وہ حقیقت جس پہ چشم فلک بیتے برس سارا برس پلک جھپکے بغیر انگشت بدنداں رہی وہ یہ ہے کہ حماس آج بھی موجود ہےاور غزہ سے اٹیک کر رہی ہے اسرائیل پر۔
جاں بلب
یہ کیفیت اسی خطے کی مظلوم قوم کے حصے میں آئی جنگلی بھیڑیوں کے ایک گروہ نے انسانی حقوق کے سب سے بڑے علمبردار اپنے باپ کی ایماء پر اس قوم کا لہو پیا اور خوب چسکے لے لے کے پیا اور چشم فلک نے پہلی بار دیکھا کہ ورثاء اپنے بچوں کا گوشت شاپروں میں ڈال کر لے جا رہے ہیں یعنی خون تو بھیڑیے پی گئے۔ گوشت کے ٹکڑے ورثاء کے حوالے کر دیے ۔
گو مگو
کی کیفیت سے دو چار رہے۔ پی ٹی آئی ورکرز کہ کال ہوتی ہے دھرنے کی اور خود لیڈرز بھاگ اٹھتےہیں۔ بیانیہ ہوتا ہے امریکا دشمنی کا اور رہائی پانا چاہتے ہیں، اسی کا کندھا استعمال کر کے۔
سرمایہ ڈوب گیا
اور ۔۔۔۔۔ مندی کا رجحان رہا اخلاقیات تہذیب اور ثقافت کی سٹاک ایکسچینج میں۔ شوبز کے شو پیسز ۔۔۔۔میرا مطلب ہے ،ستاروں، نے شیئرز بھی خوب خریدے بولی بھی لگائی ۔بولی (غیروں کی) سیکھی بھی خوب مگر رجحان تھا کہ مندی ہی کا رہا۔۔۔ اور سرمایہ تھا کہ ڈوبتا ہی گیا۔
رسوائی کھینچنا
دو ہزار چوبیس میں سب سے زیادہ رسوائی جمع کی جس شخصیت نے۔۔۔۔ بلکہ لعن طعن تک جس کےحصے میں آیا کون ہے بھلا؟ ہمارے سروے کے مطابق جواب ہے نیتن یاہو۔ ابھی ایک دیہاتی خاتون ہمارے پاس بیٹھی تھی ٹی وی پر نتن یاہو کو دیکھا برجستہ کہ اٹھیں ۔۔۔۔ لخ دی لعنت ای۔۔۔
وارے نیارے
جوں ایک چھوٹا سا کیڑا ہے،کسی کے سر میں بسیرا کر لے تو اس کیڑے کے تو وارے نیارے ہوجاتے ہیں ہاں مگر جس کا سر ہوتا ہے اس بیچارے کے ناخن مستقل مصروف رہتے ہیں۔ ہاں تو ہم کہہ رہے تھے کہ مغربی و یورپی فرعونوں کے گرد و پیش میں جوؤں کی خاصی قلت رہی جبھی تو دنیا بھر کے عوام کی صدائے احتجاج اور اقوام متحدہ کی قراردادیں سن سنا کر بھی ان کے کان پر نہیں رینگی۔۔۔ کون۔۔۔ یہی اپنی جوں۔۔۔۔ اور کون۔۔
ہم دعا گو ہیں وہاں اس علاقے میں جوؤں کی کثرت ہوجائے۔۔۔۔۔۔۔ پھر شاید وہ موقع آئے کہ مظلوم و مجبور اقوام کی بھی سنی جائے۔۔۔۔
ڈائری کے کسی اور ورق کو آپ کے سامنے پیش کیا جائے گا پھر کبھی۔ امید ہے فی الحال انھی محاورات/ضرب الامثال پہ قناعت کریں گے ۔


































