
نگہت سلطانہ
عالم انسانیت کو دو بڑی جنگوں کا تحفہ دے کر اور جیتےجاگتے کروڑوں انسانوں کو موت کی نیند سلا دینے کے بعد یورپ نے تہذیب اور انسانی حقوق کے چیمپین کاٹیگ اپنے ساتھ لگا
لیا اور بڑی ڈھٹائی کے ساتھ لگایا لیکن اس سے پہلے بد تہذیبی بے شرمی اور بڑی بڑی ڈھٹائیوں کے مظاہرے کر چکا تھا انسانوں کو غلام بنایا ان کو بے دردی سے قتل کیا انہی کی لاشوں پر اپنے تہذیب کدے تعمیر کیے انسانوں کی خرید و فروخت کا کاروبار کیا اور خوب کمایا پھر جب اس نے تہذیب اور حقوق کا عنوان بس اپنے ہی نام کر لیا تو عوام و خواص یہ سمجھ بیٹھے کہ اب اس نے ہر بد تہذیبی اور قتل و غارت گری سے توبہ کر لی ہے۔۔۔۔۔لہذا لگا ہر کوئ اس ،مہذب، کے گن گانے۔۔۔
بڑا سانحہ یہ ہوا کہ قیامت تک کے لیے دنیا کی قیادت کا تاج سر پہ سجائے رکھنے کی مکلف امت مسلمہ نے بھی تہذیب کے اس ،چیمپئین، کے کہنے پہ اپنے ماتھے کا جھومر ۔۔ اپنی قوت کا نشان۔۔۔۔۔جہاد۔۔۔ سے توبہ کر لی۔۔۔ ۔۔۔۔ وقت نے جلد بتلادیا کہ یہ اس امت کی بہت بڑی غلطی تھی۔
مضبوط پل چمکتی سڑکیں خوبصورت پارکس سیر گاہیں فلک بوس عمارتیں ادارے تنظیمیں تعلیمی ادارے تشکیل دینے اور دنیا بھر سے ذہین ترین دماغوں کو اپنے ممالک میں کھینچ لینے ۔۔۔۔ امت مسلمہ کے کئ ٹکڑے کر دینے ،اسلامی ممالک کے وسائل پہ قبضہ کر لینے کےبعد اس ،چمپئین، نے جلد ہی پینترا بدلا اور اپنی اصل روش اور فطرت کے عین مطابق نا انصافی ظلم اور قتل و غارت گری کا وہ بازار گرم کیا کہ ہلاکو خان اور منگولوں کے ظلم لوگ بھول گئے۔۔۔۔۔ اعلان بالفور 1917 یورپ کا وہ ظالمانہ فیصلہ ہے جس کی کوک سے ظلم جبر تشدد نا انصافی لا قانونیت نے جنم لیا۔۔۔۔۔۔۔ بھلا ہو اردو زبان کا کہ ان مظالم کے تذکرے کے لیے ہمیں کم ہی سہی مگر الفاظ مل جاتے ہیں ورنہ ان مظالم کے بیان کے لیے دوسری کسی لغت میں کوئی الفاظ بمشکل ہی مل پائیں گے ۔اسی اعلان بالفور کا پیدا کردہ فسادی بچہ آج پل بڑھ کر جوان ہو چکا ہےاوراپنی فتنہ انگیزیوں سے آس پاس کے علاقوں کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔
ایران پر اسرائیل کی جارحیت اس کا واضح ثبوت ہے ایران نے بجا طور پرحق دفاع استعمال کیا اورخوب استعمال کیا امریکی سرپرستی میں اسرائیل کے بے مثال فساد و ظلم جبر کے بعد دنیا نے جب اسرائیل کی پٹائی ہوتے دیکھی تو انسانیت سے ہمدردی رکھنے والے دل خوش ہو گئے۔۔۔۔ لیکن سوال پیدا ہوتا ہے ہم جو دنیا کی امامت کا مشن دے کے دنیا کے اسٹیج پہ کھڑے کیے گئے تھے ہمیں کرنا کیا ہے۔۔۔۔
ہمیں کرنا یہ ہے کہ۔۔۔
ہمیں مان لینا چاہیے کہ اللہ نے قران کی شکل میں ہمیں ایک بہت بڑی امانت دی تھی لیکن ہم نےاس کا حق ادا نہیں کیا یہی وجہ ہےکہ عالم کفر اپنے تمام تر خباثتوں کے ساتھ ہم پر چڑھ دوڑا ہے آج ہمیں قران سےاپنا رشتہ مضبوط کرنا ہوگا۔انفرادی و اجتماعی تمام فیصلے اسی کتاب کے مطابق کرنے ہوں گے
ہمیں مان لینا چاہیے کہ دفاع کا حق امت مسلمہ کو بھی حاصل ہے لہذا پوری دنیا میں ہر ملک میں جہاں بھی لوگ جہاد میں مصروف ہیں وہ ہماری حمایت و نصرت کے حقدار ہیں بلا تخصیص شیعہ سنی۔۔۔
اس وقت جو شخص شیعہ سنی کا پرانا جھگڑا تازہ کرنے کی کوشش کرے گا اس سے بڑا احمق اور کوئی نہیں حالات چیخ چیخ کربتا رہے ہیں کہ دشمن کی نظرمیں شیعہ سنی سب برابر ہیں وہ سبھی کو ہی صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتا ہے
ہمیں اپنی سوچ اپنی نظر کو وسعت دینا ہوگی میرا ملک میری زندگی میرا گھر۔۔۔۔۔اس تنگ خول سےاب نکلنا ہوگا۔ جزوی وفروعی اختلافات کبھی رہےہونگےمگر انھیں یاد کرنے کاوقت ختم۔ افغانستان پاکستان ایران ترکی انڈونیشیا الجزائر عرب عجم ہم سب ایک جسم کی مانند ہیں ۔دشمن اس سارے جسم ہی کی تکہ بوٹی کرنے کے درپے ہے ۔ سو ہم میں سے ہر کوئ جسم کے درد کو محسوس کرے۔۔۔
5۔۔۔ ہم میں سے کوئ بھی کبھی بھی فروعی اختلافات کی بابت کوئ مواد شئیر نہیں کرے گا۔۔۔۔ بس آج سے ہمارا سبق ایک ہے۔۔۔ ترانہ ایک ہے۔۔۔۔ آرزو بھی یہی ۔۔۔۔۔ آواز بھی یہی۔۔۔۔ یہی دعا۔۔۔۔یہی ندا۔۔۔
۔۔یہی مقصود فطرت ہے یہی رمز مسلمانی
اخوت کی جہانگیری محبت کی فراوانی
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگرکے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو)


































