
نگہت سلطانہ
سمجھنے سے قاصر ہوں کہ ضدی کہوں، نا سمجھ کہوں، نادان کہوں کیا نام دوں تمہیں آخر کہ ایک ہی رٹ ہے تمہاری کہ تمہیں وہ کہانی سننی ہے جس میں کسی حسین وادی کا تذکرہ ہو بہتے جھرنے ،مست ہوا
مخمور فضا کی باتیں ہوں۔۔
تمہاری فرمائش ہے کہ تمہیں کسی جھیل کنارے پہنچنا ہے،دونوں طرف بلندوبالا پہاڑ تمہیں اپنےسحر میں جکڑ لیں۔۔۔۔۔اڑتی تتلیاں،زلفوں کےبادل، حسن کے نظارے، عشق کی باتیں۔۔۔۔ پرندوں کے غول دور تک پھیلا سبزہ۔۔۔
ارے بھئی یہ کہانیاں سنتے سنتے جوان ہو گئے۔آوہ آج وہ کہانیاں سنو جو تم سےدور بحیرہ روم کے کنارے پچھلےدوسال سے جنم لے رہی ہیں،کہانیوں کےہر کردارنےروم کے پانی کا رنگ تبدیل کر دیا کہانی لکھنے والا ہاتھ بڑا ظالم ہے ۔سفاک ہے ،عالمی غنڈا ہے۔غزہ کے مردان خدا مست سےتوشکست کھاتا ہے ہر بار اور پھر غصہ نکالتا ہے معصوم بچوں پرنہتے عوام پہ۔
انتے ہو ؟ تمہیں حسن و عشق کی داستانوں میں الجھائے رکھنے کی خواہش مند ساری قوتیں اس غنڈے کی پشت پر ہیں۔۔۔
یہ پہلی کہانی ایک چھوٹی سی بچی کی ہے،یوسف شرف(غزہ) نے سنائی ہے۔آج جب میں شارع وحدت پرچل رہا تھاایک نوخیز لڑکی کو زمین پر گرتے دیکھا ایسالگا جیسے زندگی اس کے زرد چہرے کو چھوڑ چکی ہو ،اس کی ماں بے قراری سے اس کے پاس دوڑی آئی ٹوٹے ہوئے حوصلےکےساتھ اس کےمنہ پرپانی چھڑکنے لگی ہجوم کے بیچ ایک عورت نے اپنی جیب سے ایک ٹافی نکالی ٹافی کیا تھی قحط کے دنوں میں چھپا ہوا بڑا خزانہ۔
ایک اور کہانی سنو ننھی بچی مکہ الغرابلی کی بھوک اور غذائی قلت کا شکارہوکراس دنیا سےرخصت ہو جانےکی کہانی۔ سنو اس کےبعد فاقہ کشی سےجان دینے والوں کی تعداد 154 ہو گئی تھی جن میں 90 بچے شامل تھے۔
آہ ۔۔۔یہ اگلی کہانی بھی ایک بچے کی ہےغزہ کےایک ہسپتال میں یہ زخمی بچہ بغیربستر کےلوہےکےبیڈپہ لیٹاہےتکلیف اور بے بسی اس کے چہرے سے عیاں ہے۔۔۔
اور کہانی ہو اگر ڈاکٹر غانم العطار جیسے انتہائی معزز فرد کی تو نگاہیں خود بخود عقیدت سےجھک جاتی ہیں۔انہیں غزہ کی گلیوں میں پانی کی بوتلیں اٹھائےدوڑتا دیکھ کردل کی عجیب کیفیت ہوئی ہوگی تمھاری بھی۔تو سنو یہ انتہائی قابل ، پختہ ایمان اور ثابت قدم شخص کیا کہتا ہے۔
،،ظلم اور مشکل حالات کے باوجود ہم اپنے پیارےوطن کی سر زمین پر ثابت قدم رہیں گے۔خدا کی قسم اگر پورا غزہ ختم بھی ہو جائے اور صرف ایک بچہ اور ایک بچی باقی رہ جائیں تو وہ بڑے ہوں گے شادی کریں گے اور غزہ کو دوبارہ آباد کریں گے اور ہم صرف اللہ ہی کے سامنے سر جھکائیں گے۔۔۔
تمہاری پیاری مسجد دنیا کی تیسری مقدس ترین مسجد وہ مسجد کہ جہاں سےرہبرانسانیت صلی اللہ علیہ وسلم نےمعراج کی شب اپنی فلائٹ لی تھی اس مسجد میں بھی ہر دوسرے تیسرے دن بد تہذیبی اور بے شرمی ایک کہانی کا عنوان بنتی ہے۔۔۔ یہودی یہاں تلمودی رسومات ادا کرتے ہیں۔ گانے گاتےہیں ناچتے ہیں کودتے ہیں اور پتہ ہے؟ شرق تا غرب مسلمان حکمرانوں کی صحت پہ کوئی فرق نہیں پڑتا وہ اپنے اپنے محلوں میں اپنی اپنی کرسی پہ اپنے اپنے ملک میں کسی ،بڑے ،کی خوشنودی کی خاطر ان کہانیوں سے غافل ہیں وہ نہیں سننا چاہتے یہ کہانیاں۔۔
یہ کہانیاں تمہیں سننی ہیں۔
اور
یہ کیا۔۔۔۔؟؟
اشکوں کی جھڑی لگ گئی تمھاری پلکوں کے نیچے۔۔۔۔
نہیں۔۔۔۔۔
ہمت ہے تو۔۔
تھام لو قلم ۔انھی اشکوں کو روشنائ بناو جذبے کو لفظوں میں ڈھالو۔۔
اک کہانی تم بھی لکھو۔۔
غزہ کے ہر بچے تک خوراک پہچا دینے کی کہانی
مسجد کو ناپاک قدموں سے پاک کردینے کی کہانی
معززین معاشرہ کو رسوائیوں سے بچا لینے کی کہانی
حاکم وقت کی بے حسی کو احساس میں بدل دینے کی کہانی


































