
نگہت سلطانہ
ساتویں سن عیسوی میں بر صغیرمیں ساحل مالا بارپرآباد عربوں نےجب وادی فاران سے اٹھنےوالی صدا لا الہ الا اللہ پرلبیک کہا تھااورمحسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کے بارےعرب سےآنے والے دوسرے
تاجروں سے حالات معلوم کرنےکےبعد اس صدا کو نظریہ اورنظریےکواسلامی اخلاق اوراصلاحی معاشرے کی شکل دی تھی تب شاید ان کےخواب و خیال میں بھی نہیں تھا کہ ایک وقت وہ بھی ائے گا کہ یہ نظریہ اس خطے کے نقشے پر ایک عظیم الشان اسلامی مملکت کی صورت میں ابھرے گا
قائد اعظم کے الفاظ میں" پاکستان کی بنیاد فی الحقیقت اسی وقت پڑچکی تھی جب اس بر صغیر کےپہلےغیر مسلم نےاسلام قبول کیا تھا "
جس نظریے کا اجرا انتہائی روشن بنیادوں پہ ہوا ہو دنیائےفکر وعمل میں اس کےتعارف اور اہمیت کا اندازہ لگانا کچھ مشکل نہیں
نظریہ ء پاکستان کیا ہے؟
بعض لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ جن صوبوں میں مسلمانوں کی تعداد زیادہ تھی انہیں ملا کر اپنی مرضی کے مطابق حکومت بنانے کا جو حق مانگا گیا تھا اس کا نام نظریہ پاکستان ہے۔ وہ بھول جاتے ہیں کہ پاکستان کا تو مطلب ہی تھا لا الہ الا اللہ ۔
سچ تو یہ ہے کہ اسلام کو ایک برتر فلسفہء حیات مان کراسے نافذ کرنے کےعزم کا نام نظریہء پاکستان ہے۔ قائد اعظم(رحمہ اللہ) نے فرمایا تھا ،،یہ کوئی 1930 یا 1940 کے زمانوں کے مسلمانوں کی دانائی اور ہوش مندی کا قصہ نہیں بلکہ ان تمام زمانوں اور تمام مسلمانوں کی بیدار مغزی کی بات ہے جنہوں نے اپنی اپنی اہلیت اور ہمت کے مطابق دین حق اسلام کے تحفظ اور ترقی کے لیے کوشش کی،،
نظریہء پاکستان کی بقا
مسلمانوں کے تشخص کی ، دوسرے لفظوں میں نظریہ پاکستان کی بقا کی کوششیں ہر دورمیں ہوتی رہی ہیں اس نظریے سے اصولی اختلاف رکھنے والے اور عداوت رکھنے والے بھی ہر دور میں موجود رہے ہیں تحریک پاکستان کے صف اول کے لیڈروں میں سے بھی اکثر کا مسلک یہ تھا کہ ہمیں محض انگریز کی غلامی سے آزادی اور الگ وطن کی بات کرنی چاہیے
قائد اعظم محمد علی جناح
لیکن بانیء پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح(رحمہ اللہ) کی نگاہوں سے یہ اعلیٰ نصب العین کبھی اوجھل نہیں ہوا۔ "حیات قائد اعظم"کےمصنف نے اپنی کتاب کے حرف آغاز میں جو کچھ تحریر کیا ہے اس سے کانگرس کےمتحدہ قومیت کےنعرے کے جواب میں قائد کے خیالات کی بھرپور عکاسی ہوتی ہے کتاب میں لکھا ہے،، دونوں قوموں کے لیڈرز قائداعظم اورگاندھی کےانداز فکرمیں ایک زبردست تفاوت موجود تھا گاندھی کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں صرف ایک قوم آباد ہے اگر کسی ہندو نے لالچ یا جبر سے اسلام قبول کر لیا ہےتواس سےاس کی قومیت میں کوئی فرق نہیں پڑتا ادھر اس مرد مومن کا کہنا تھا کہ اس ملک کی دو قوموں کو ایک قوم کہنا تاریخی حقائق کا خون کرنا ہے اس ملک میں پاکستان اسی روز قائم ہو گیا تھا جب یہاں کی سرزمین پر ایک مسلمان نے قدم رکھا تھا ان دونوں قوموں کی تاریخ روایات رسم و رواج نام کیلنڈر تمام تر مختلف اور متضاد ہیں،،
13 اپریل 1944 کو اسلامیہ کالج پشاورمیں خطاب کرتے ہوئے فرمایا ،،ہم نے پاکستان کا مطالبہ زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کرنے کے لیے نہیں کیا بلکہ ہم ایک ایسی تجربہ گاہ حاصل کرنا چاہتے ہیں جہاں ہم اسلام کے اصولوں کو آزما سکیں،،
علامہ محمد اقبال
بات کی جائے مصور پاکستان کی تو ملاحظہ کر لیجیے ان کا انداز فکر۔۔۔
،،۔۔ان تازہ خداوں میں بڑا سب سے وطن ہے
جو پیرہن اس کا ہے وہ مذہب کا کفن ہے
یہ بت کہ تراشیدہ ء تہذیب نوی ہے
غارت گر کاشانہ ء دین نبوی ہے۔۔۔
ایک اور آواز
دو قومی نظریہ/ نظریہ پاکستان کی وضاحت اور اس کےتسلسل اور بقا کےلیےاس وقت دنیائےصحافت میں ایک توانا آوازدلائل کی محکمی اورمعقول تجزیوں کے سبب اپنا مقام بنا چکی تھی اور یہ آواز تھی سید مودودی رحمہ اللہ کی۔ لکھتے ہیں
،،انگریز کےاقتدارکا خاتمہ کرنا یقینا ضروری ہےبلکہ فرض ہے کوئی سچا مسلمان غلامی پر ہرگزراضی نہیں رہ سکتاجس شخص کےدل میں ایمان ہوگا،وہ ایک لمحے کے لیے بھی یہ نہ چاہے گا کہ ہندوستان انگریز کے پنجہء استبداد میں رہے لیکن آزادی کےجوش میں یہ نہ بھول جائیے کہ انگریزی اقتدار کی مخالفت میں مسلمان کا نظریہ ایک وطن پرست کےنظریے سےبالکل مختلف ہے ( تحریک ازادی ہند اور مسلمان حصہ اول صفحہ 61) ایک اور جگہ لکھا ،،ہمارے نزدیک پاکستان کی حیثیت بمنزلہ مسجد کی ہےاس کی حفاظت اپنے آپ پر اسی طرح فرض سمجھتےہیں جس طرح مسلمان عقیدتا مساجد کی حفاظت اور حرمت کا جذبہ رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہماری یہ خواہش ہےکہ مسجد کی امامت بھی ان لوگوں کو حاصل رہے جو تقوی اور نیکی کےلحاظ سے ہر طرح سے اس کے اہل ہوں،،(اکتوبر 1963)۔۔
قارئین
اب میں اور آپ ہیں اس مسجد کے نگہبان اور کون نہیں جانتا کہ مسجد کی صفائ مسجد کے نظام کی تشکیل اور تنظیم مسجد کی حفاظت (جغرافیائ و نظریاتی) اہم بھی ہے اور فرض بھی۔ اس مسجد کے لیے زمین کا ٹکڑا جب حاصل کیا تھا تب ساری دنیا کو گواہ کر کے ہم نے عہد کیا تھا کہ
پاکستان کامطلب کیا
لا الہ الا اللہ
آج ۔۔۔ یوم آزادی پہ۔۔ہمیں اس مسجد کے تحفظ کی قسم کھانی ہے اور سوچنا ہے کہ
چلو یہ سوچیں ہم آج مل کر
جو اس زمیں سےکیا تھا ہم نے
وہ عہد کیا ہم نبھا رہے ہیں


































