
نگہت سلطانہ
میں نے کھڑکی کا پردہ ہٹا کے باہر دیکھا ،نیچے گلی میں دس پندرہ لڑکےنعرے لگاتےجا رہے تھے، سرکار کی آمد مرحبا دلدار کی آمد مرحبا۔۔۔
تھوڑی دیر بعد گھنٹی بجی۔ دودھ والا آیا تھا۔ میں نے کہا آج تو عہد کر لو کہ دودھ میں پانی نہیں ملایا کرو گے۔ کل خدا کی عدالت میں کیسے حساب دو گے ؟کہنے لگا باجی ملاوٹ کے بغیر پوری نہیں پڑتی اور ہم آقا کا میلاد مناتے ہیں نا، آقا خود ہمارے گناہ بخشوا کے پل صراط سے گزار لے جائیں گے۔
یہ کہا اور نعرہ لگاتا چلتا بنا
سرکار کی آمد مرحبا دلدارکی آمد مرحبا۔۔
جی ہاں آج امت مرحوم اپنےنبی کا پندرہ سوسالہ جشن میلاد منا رہی ہے۔ دن بھرمیٹھاپکےگا۔طرح طرح کےکھانےہوں گے۔عید کاساسماں ہوگا۔ دوسری طرف اس نبی کا انکار کرنے والے تماشہ دیکھ رہے ہیں کہ اس امت سے موسم خفا ہو گئے، فضاؤں کے تیور پہلے سے نہیں رہے، بہاروں نے راستہ بدل لیا ۔آسمان ان پر پھٹ رہا ہے، زمین ان کے بوجھ سے ایک مہینے میں کئی کئی بار لرز اٹھتی ہے۔ ان کے قبلہ اول کی توہین دشمن کے ناپاک قدموں سے ہر روز ہوتی ہے۔ وہ وہاں بچوں بوڑھوں عورتوں جوانوں سبھی کو گاجر مولی کی طرح کاٹ کاٹ کے پھینک رہا ہے ۔۔۔۔
خنزیر کا گوشت کھانے والے،سودکےشکنجےمیں دنیا کودبانےوالےان کےسارے سرمائےپہ حق ملکیت جمائےبیٹھےہیں۔گائےکی پوجا کرنےوالے ان کے پانیوں کے مالک بنے پھرتے ہیں، جب چاہیں روک لیں جب چاہیں چھوڑ دیں۔ ان کی زراعت تباہ ان کی صنعتیں مفلوج۔۔۔ ہاں آج یہ امت پندرہ سو سالہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منا رہی ہے
اور ہاں! امت بھی کہاں رہ گئی،یہ تومختلف قوموں کامجموعہ ہے۔۔۔۔پاکستانی قوم، عربی قوم، انڈونیشین قوم، ترک قوم، ایرانی قوم وغیرہ وغیرہ۔۔ ہاں اج انہی قوموں کا مجموعہ حامل قرآن کا میلاد منا رہا ہے۔ سرکاری سطح پہ بھی اور عوامی سطح پہ بھی۔۔۔
تو اپنی قوم سے پوچھنا چاہیں گے ہم کہ--عزیزو ! جشن کے دوران اور عید کے روز تحفےتحائف بھی ہوتےہیں توہےکوئی تحفہ جو نبی کے لیے تیار ہے؟؟نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تو اتنا بڑا تحفہ قرآن کی صورت تمہیں دے گئے۔۔۔۔۔
یاد ہےنا اس قرآن نےتمہیں پستیوں سےنکال کرسربلندکردیاتھا ۔دنیاکی دولت تمہارےقدموں میں ڈال دی گئی تھی۔ علم و فن، زراعت وصنعت،طب وجراحت سب کچھ کا مالک بنا دیا تھا مگرآج اس کتاب کےساتھ تمہارامعاملہ کیا ہے، ایک حساس شاعر نے بتا دیا
قرآن کی فریاد
طاقوں میں سجایا جاتا ہوں
آنکھوں سے لگایا جاتا ہوں
تعویذ بنایا جاتا ہوں دھو دھو کے پلایا جاتا ہوں
جزدان حریر و ریشم کے اور پھول ستارے چاندی کے
پھر عطر کی بارش ہوتی ہے، خوشبو میں بسایا جاتا ہوں
جس طرح سے طوطا مینا کو کچھ بول سکھائے جاتے ہیں
اس طرح پڑھایا جاتا ہوں اس طرح سکھایا جاتا ہوں
جب قول و قسم لینے کے لیے تکرار کی نوبت آتی ہے
پھر میری ضرورت پڑتی ہے ہاتھوں پہ اٹھایا جاتا ہوں
دل سوز سے خالی رہتے ہیں آنکھیں ہیں کہ نم ہوتی ہی نہیں
کہنے کو میں اک اک جلسے میں پڑھ پڑھ کے سنایا جاتا ہوں
نیکی پہ بدی کا غلبہ ہے سچائی سے بڑھ کر دھوکہ ہے
اک بار ہنسایا جاتا ہوں سو بار رلایا جاتا ہوں
یہ مجھ سے عقیدت کے دعوے قانون پہ راضی غیروں کے
یوں بھی مجھے رسوا کرتے ہیں ایسے بھی ستایا جاتا ہوں
کس بزم میں مجھ کو بار نہیں کس عرس میں میری دھوم نہیں
پھر بھی میں اکیلا رہتا ہوں مجھ سابھی کوئی مظلوم نہیں
(ماہر القادری رحمہ اللہ)
توہے کوئی۔۔۔۔؟؟؟؟
ارے۔۔۔۔ سنو
جو وقت کی آواز سنے۔
ہے کوئی ؟جو مظلوم قرآن کی دکھ بھری صدا دل کے کانوں سے سن لے۔۔۔۔؟


































