
ثمینہ عابد
پورب کا دروازہ کھلا
ٹھنڈی ٹھنڈی چلی ہوا
جاگو جاگو صبح ہوئی
صبح کے نمودار ہوتے ہی زندگی ایک نئےعزم کےساتھ انگڑائی لیتی ہے۔ نکلتے سورج کی کرنیں امید کا پیغام لےکرآتی ہیں ۔
صبح کی ہلکی ٹھنڈی ہوااعصاب کوپرسکون کردیتی ہےاورفرحت بخش تازگی کا باعث بنتی ہے۔ گویا صبح کا سہانا وقت ہمیں دن بھر کے لیے چاق و چوبند کردیتا ہے۔
صبح سويرے کى چہل پہل اوررونق میں ایک بڑاحصہ،بچوں کےاسکول کالج کى تيارى اورمرد حضرات کااپنےکاموں کے لیے روانہ ہونے کابھی ہوتا ہے،کبھی چاہتے اور کبھی نہ چاہتےہوئےبھی انہیں اپنی نیندوں کوخیرباد کہنا ہی پڑتا ہے۔خواتین ایسے میں پھرکی کی طرح گھربھرميں گھوم رہی ہوتی ہیں،ان کی نظریں گھڑی پر،ہاتھ کاموں میں اوردماغ دن بھر کی متوقع مصروفیات پر ٹکےہوتےہیں۔ بچوں اورمرد حضرات کو وقت پہ جگانا، دماغی طورپرحاضر کرنے کوآتےجاتے با آوازبلند پکارتےرہنا ،کبھی " اٹھ جاؤ اسکول کودیرہورہی ہے،تو کبھی" اٹھ جائیے"آفس کودیر ہوجائے گی "،
افراد خانہ کےناشتےکی فکرايک الگ سےٹينشن ہوتی ہے "ناشتہ ٹھنڈا ہو رہا ہے"یا پھر "آپ ناشتہ میں کیا لیں گے "ناشتے کے ساتھ ساتھ لنچ باکسز بھى تيارہو رہے ہوتے ہيں، " بيٹا آج لنچ ياد سے کر لينا " دوسرى آواز شوہر نامدارکو جاتى ہے ،" ياد سے کرليجيے گا،ورنہ تو گھرآتے آتے آپ نڈھال ہو جاتے ہيں۔
صبح سویرے ایسےبےشمارجملےسب ہى گھروں میں گونج رہے یوتے ہیں۔ کسی کو پیار بھری ڈانٹ تو کسی کے لیے دعائیہ کلمات ،کسی کو تنبہہ تو کسی کو تلقین ،لگے ہاتھوں اپنی شان میں بھی دوچار جملےمنہ سے نکل جاتے ہیں ۔
"جتنی بھاگ دوڑصبح ہمارى لگتی ہے نا،اولمپکس گیمز میں حصہ ليں تویقیناً پہلے نمبرپرآئيں " لیکن یہ کوئی ایک دن کی بات نہيں ہے ،روز یہی کچھ ہوتا ہے۔ پھر اگلے دن بھی یہی اورپھر اگلے دن بھی ،یہ تو ہرگھر میں ہر صبح کى روداد ہے۔ صبح سویرے کے اس شور شرابے سےتو گھروں کے درو دیوار بھی مسکرارہے ہوتے ہیں ۔ اسی لیے تو صبح کی چمک دمک ہی نرالی ہوتی ہے ۔ گھروں سے اپنی منزلوں کو روانہ ہونے والوں کو یہ بھی توالوداع کہہ رہے ہوتے ہیں ۔پھريہ بھى ہمارے ساتھ اگلی صبح کا اک نئی صبح کا انتظار کرتے ہیں ۔



































